قومی خبریں

ہیمنت سورین کو سپریم کورٹ سے ملی راحت، مائننگ لیز معاملہ کو عدالت عظمیٰ نے ناقابل سماعت ٹھہرایا

وزیر اعلیٰ سورین اور ان کے قریبیوں کے ذریعہ شیل کمپنیوں میں سرمایہ کاری اور غلط طریقے سے مائننگ لیز لینے کے الزامات سے متعلق مفاد عامہ عرضی کو سپریم کورٹ نے سماعت کے قابل نہیں مانا ہے۔

ہیمنت سورین اور سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
ہیمنت سورین اور سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس 

جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو سپریم کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ وزیر اعلیٰ اور ان کے قریبیوں کے ذریعہ شیل کمپنیوں میں سرمایہ کاری اور غلط طریقے سے مائننگ لیز لینے کے الزامات سے متعلق مفاد عامہ کی عرضی کو سپریم کورٹ نے سماعت کے قابل نہیں مانا ہے۔ یہ مفاد عامہ عرضی جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں شیوشنکر شرما نامی شخص نے داخل کی تھی، جس کے مینٹینبلٹی پر سوال اٹھاتے ہوئے وزیر اعلیٰ سورین اور جھارکھنڈ حکومت نے سپریم کورٹ میں ایس ایل پی (اسپیشل لیو پٹیشن) داخل کی تھی۔ سورین نے جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں اس معاملے سے متعلق پی آئی ایل کی سماعت پر روک لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس پٹیشن پر اگست ماہ میں ہوئی سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔

Published: undefined

سپریم کورٹ کے جسٹس دنیش مہیشوری اور جسٹس سدھانشو دھولیا کی بنچ نے پیر کو یہ فیصلہ دیا کہ شیوشنکر شرما نامی شخص کی طرف سے ہائی کورٹ میں داخل مفاد عامہ عرضی قابل سماعت نہیں ہے۔ اس کے پہلے جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے اس عرضی کو مینٹینیبل یعنی قابل سماعت مانا تھا۔

Published: undefined

ریاستی حکومت اور ہیمنت سورین کی اپیل پر اس معاملے میں سپریم کورٹ میں ہوئی سماعت کے دوران ریاستی حکومت کی طرف سے دلیل پیش کرتے ہوئے سینئر وکیل کپل سبل نے ہائی کورٹ میں داخل پی آئی آیل کی مینٹینیبلٹی پر سوال اٹھایا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ شیوشنکر شرما کی طرف سے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اور ان کے قریبیوں پر الزام لگاتے ہوئے داخل کی گئی دونوں پی آئی ایل کا مقصد ڈر پھیلانا ہے۔ عرضی دہندہ کے والد کی سورین فیملی کے ساتھ پرانی رنجش رہی ہے۔ سپریم کورٹ کو یہ بھی جانکاری دی گئی تھی کہ عرضی دہندہ کے وکیل راجیو کمار کو کولکاتا پولیس نے تاوان کی 50 لاکھ روپے کی رقم کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔

Published: undefined

اس معاملے میں فریق بنائے گئے ای ڈی کے وکیل نے بھی اپنی دلیل پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیل کمپنیوں میں سرمایہ کاری اور مائننگ لیز الاٹمنٹ کے معاملے میں منی لانڈرنگ کے ثبوت ہیں تو وہ خود اس کی جانچ کر سکتی ہے۔ وہ ایک شخص کی طرف سے داخل پی آئی ایل کی زد میں جانچ کے لیے عدالت کا حکم کیوں چاہتی ہے؟

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined