قومی خبریں

بدری ناتھ عطیات بے ضابطگی معاملہ: معطل ملازم کی عرضی پر عدالت نے حکومت سے مانگا جواب، آئندہ سماعت 16 جولائی کو

ابتدائی تحقیقات میں کمیٹی نے پایا کہ مندر کمیٹی کے ملازم پرمود نوٹیال نے مبینہ طور پر صبح 9:00 بجے سے 9:30 بجے کے درمیان ’تھالی بھینٹ‘ کی گنتی کی جگہ سے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نقدی اٹھائی تھی۔

اتراکھنڈ ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
اتراکھنڈ ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس 

اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے بدری ناتھ مندر میں زائرین کی ’تھالی بھینٹ‘ کی گنتی کے دوران مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں معطل ملازم پرمود نوٹیال کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے ریاستی حکومت اور متعلقہ فریقین سے اپنا موقف واضح کرنے کو کہا ہے۔ معاملے کی آئندہ سماعت 16 جولائی کو ہوگی۔ نوٹیال نے معطلی کے حکم اور اپنے خلاف درج ایف آئی آر کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔

معاملے کی سماعت جسٹس آلوک مہرا کی سنگل بنچ کے سامنے ہوئی۔ عرضی کے مطابق 2 جولائی 2026 کو بدری  ناتھ مندر کمیٹی کو اطلاع ملی تھی کہ مندر میں زائرین کی طرف سے چڑھائی گئی ’تھالی بھینٹ‘ کی نقدی رقم کی گنتی کے دوران مبینہ بے ضابطگی ہوئی ہے۔ اس کے بعد کمیٹی کے چیئرمین کی ہدایت پر ایک محکمانہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی۔

ابتدائی تحقیقات میں کمیٹی نے پایا کہ مندر کمیٹی کے ملازم پرمود نوٹیال نے مبینہ طور پر صبح 9:00 بجے سے 9:30 بجے کے درمیان ’تھالی بھینٹ‘ کی گنتی کی جگہ سے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نقدی اٹھائی تھی۔ تحقیقاتی رپورٹ کی بنیاد پر مندر کمیٹی نے انہیں فوری طور پر معطل کر دیا۔ اس کے بعد شری بدری ناتھ-کیدارناتھ مندر کمیٹی کے انچارج مندر افسر یودھویر پشپوان نے کوتوالی شری بدری ناتھ میں تحریری شکایت درج کرائی۔ شکایت کی بنیاد پر پولیس نے پرمود نوٹیال کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ معاملے کی تحقیقات فی الحال 3 سطحوں پر کی جا رہی ہیں، پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی)، بی کے ٹی سی کی محکمانہ تحقیقاتی کمیٹی اور گڑھوال کمشنر کی صدارت میں قائم ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کے ذریعے۔ جمعرات کو شری بدری ناتھ-کیدارناتھ مندر کمیٹی کے فنانس کنٹرولر ہیم کانڈپال نے مندر میں چڑھاوا چوری کے مبینہ تنازعہ پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ایک ملازم کی حرکتیں کمیٹی کی ادارہ جاتی ایمانداری اور ساکھ کی عکاسی نہیں کرتی ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔