قومی خبریں

کشمیر: سخت احتیاطی تدابیر کے درمیان جامع مسجد میں پانچ ماہ بعد نمازِ جمعہ ادا

جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اہتمام کے دوران نظم و ضبط کے ساتھ تمام تر طبی ہدایات، ماسک، سماجی فاصلے اور دیگر احتیاطی اقدامات پر پوری سختی کے ساتھ عمل کیا گیا۔

سرینگر کی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرتے فرزندانِ توحید
سرینگر کی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرتے فرزندانِ توحید 

سری نگر: وادی کشمیر کی تمام بڑی مساجد، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں پانچ ماہ بعد جمعے کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے محراب ومنبر گونج اٹھے۔ واضح رہے کہ کورونا وبا کے پیش نظر وادی میں قریب پانچ ماہ تک عبادت گاہیں بند رہیں جنہیں 16 اگست کو کھول دیا گیا۔ پائین شہر کے نوہٹہ میں واقع قدیم ترین عبادت گاہ تاریخی جامع مسجد، جس میں غالباً وادی کا سب سے بڑا جمعہ اجتماع منعقد ہوتا ہے، میں بھی نماز جمعہ قریب پانچ ماہ بعد ادا کی گئی۔ جامع مسجد کے میناروں سے اذان کی صدا گونجنے کے ساتھ ہی نمازی مسجد میں داخل ہونے لگے۔

Published: 21 Aug 2020, 7:58 PM IST

یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے جامع کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے نمازیوں کا جم غفیر جمع تھا۔ انہوں نے کہا کہ نمازیوں نے گھروں سے ہی حسب ہدایات مصلے ساتھ لائے تھے اور ماسکس بھی لگا رکھی تھیں۔ موصوف نے بتایا کہ رضاکار ان نمازیوں کو مفت ماسکس فراہم کر رہے تھے جن کے پاس ماسکس نہیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ نمازیوں نے دوران نماز بھی سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا ہوا تھا۔ موصوف نے بتایا کہ درگاہ حضرت بل میں بھی نماز جمعہ کی ادا کی گئی جس میں کافی تعداد میں نمازیوں نے شرکت کی اور وبا سے نجات اور متاثرین کی صحتیابی کے لئے دعائیں کی گئیں۔

Published: 21 Aug 2020, 7:58 PM IST

وادی کے دیگر علاقوں میں بھی مساجد، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں نماز جمعہ ادا ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق تمام علاقوں میں نمازیوں نے گائیڈ لائنز پر مکمل عمل کیا ہوا تھا اور خطبا نے بھی نمازیوں سے وبا کی روک تھام کے لئے احتیاطی تدابیر عمل کرنے کی تاکید کی۔

Published: 21 Aug 2020, 7:58 PM IST

دریں اثنا انجمن اوقاف جامع مسجد کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق جامع مسجد میں آج 21 جمعہ کے طویل ترین وقفے کے بعد جمعتہ المبارک کی نماز ادا کی گئی ۔ اس میں کہا گیا کہ مسجد پاک کے میناروں سے اذان کی آواز بلند ہوتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد جس میں خواتین بھی خاصی تعداد میں شامل تھیں نے جمعہ کی نماز اور اجتماع میں شرکت کی۔ تاہم اس موقع پر عوام نے اپنے ہر دلعزیز دینی پیشوا میرواعظ کشمیر مولوی عمر فاروق کی کمی کو شدت سے محسوس کیا جو گزشتہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے اپنے ہی گھر میں نظر بند رکھے گئے ہیں۔

Published: 21 Aug 2020, 7:58 PM IST

واضح رہے کہ میرواعظ اپنے اسلاف اور بزرگوں کی صدیوں پر محیط تاریخ اور روشن روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے جمعتہ المبارک کو مرکزی جامع مسجد کے منبر و محراب سے قال اللہ وقال الرسول کی روشنی میں اپنے مواعظ حسنہ اور خطبات سے عوام کی دینی و سماجی رہنمائی کرتے آئے ہیں لیکن آج نظربندی کے سبب موصوف جامع مسجد نہیں آسکے۔

Published: 21 Aug 2020, 7:58 PM IST

اس مرحلے پر عوام نے بارگاہ خداونی میں سجدہ ریز ہوکر موجودہ قہر انگیز عالمی وبا کے علاوہ مقامی طور پر خشک سالی اور کشمیری عوام کو درپیش گونا گوں مسائل و مشکلات سے نجات کے لئے انتہائی عاجزی اور انکساری کے ساتھ خصوصی دعائیں مانگیں۔

خیال رہے کہ جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اہتمام کے دوران پورے نظم و ضبط کے ساتھ تمام تر طبی ہدایات، ماسک، سماجی فاصلے اور دیگر احتیاطی اقدامات پر پوری سختی کے ساتھ عمل کیا گیا جبکہ دارالخیر میرواعظ منزل نے جامع مسجد میں بغیر ماسک کے نماز کے لئے آنے والوں کے لئے مفت ماسک اور سینیٹائزیشن کا انتظام کر رکھا ہے۔

Published: 21 Aug 2020, 7:58 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 21 Aug 2020, 7:58 PM IST