ویڈیو گریب
ہندوستان میں اسکولوں کی بڑی تعداد بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جس کے خلاف کانگریس نے آواز بلند کی ہے۔ دراصل یہ آواز مختلف ریاستوں میں اسکولوں کے طلبا نے بلند کی ہے، جس کو کانگریس نے آگے بڑھانے کا کام کیا ہے۔ خاص طور سے راجستھان کے بارمیڑ کے ایک اسکول کی مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے مودی حکومت میں تعلیمی نظام پر سوالات کھڑے کیے ہیں۔ اس ویڈیو میں کئی طلبا و طالبات ’ہم ہمارا حق مانگتے، نہیں کسی سے بھیک مانگتے‘ نعرہ بلند کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ ’’راجستھان کے بارمیڑ میں یہ نعرے گونج رہے ہیں، جہاں طلبا اسکول کے سامنے دھرنے پر بیٹھے ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے۔ اتر پردیش اور بہار میں بھی اسکولی طلبا اساتذہ کی کمی اور سہولیات کو لے کر آواز بلند کر رہے ہیں۔‘‘
مختلف ریاستوں میں طلبا و طالبات کے اس طرح دھرنے و مظاہرے کو کانگریس نے ’جین-الفا‘ (جینریشن الفا) کا مظاہرہ بتایا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ شیئر اس ویڈیو کے ساتھ کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’جین-زی کے بعد اب جین-الفا بھی تباہ نظامِ تعلیم پر سوال پوچھ رہے ہیں۔ پی ایم مودی جیواب دیجیے۔‘‘ ویڈیو میں کانگریس نے کچھ اعداد و شمار بھی سامنے رکھے ہیں، جو ملک میں اسکولوں کی حالت زار کا ثبوت پیش کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ ’’گزشتہ 10 سالوں میں 94 ہزار سرکاری اسکول بند ہو چکے ہیں۔ اسکول میں اساتذہ اور بنیادی سہولیات کی کمی سے پورا سسٹم برباد ہے۔‘‘ مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’’بی جے پی حکومت نے ملک کے تعلیمی نظام کو تباہ کر دیا ہے۔ ایسے میں سوال ہے کہ جب پڑھے گا نہیں، تو آگے کیسے بڑھے گا انڈیا؟‘‘
اس ویڈیو میں ہندی نیوز پورٹل ’دینک بھاسکر‘ کی ایک سرخی کا اسکرین شاٹ بھی دیا گیا ہے، جس میں لکھا ہے ’ٹیچرس کی کمی پر اسٹوڈنٹ نے اسکول میں جڑا تالا‘۔ ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی بھی ایک سرخی دی گئی ہے، اور یہ سرخی ہے ’بھارت میں ہر دن بند ہو رہے 25 اسکول، 10 سال میں 94000 سرکاری اسکولوں میں لگا تالا‘۔ کانگریس نے ’ایکس‘ پر جاری کردہ ایک دیگر ویڈیو میں اسکولی نظام کی تباہی سے متعلق کچھ اہم جانکاریاں بھی دی ہیں۔ اس میں ایک خاتون اینکر بتا رہی ہے کہ اتر پردیش کے فتح پور میں تقریباً 1500 طلبا اسکول میں بجلی نہ ہونے، پینے کا پانی دستیاب نہ ہونے اور بنچ ٹوٹے ہونے جیسی شکایت لے کر اپنا احتجاج درج کرا رہے ہیں۔ اسی طرح راجستھان کے بارمیڑ اور جالور میں طلبا سڑک پر اتر گئے ہیں کیونکہ انھیں اساتذہ کی کمی کا سامنا ہے۔ اینکر یہ بھی بتاتی ہے کہ بہار کے گیا میں بھی بڑی تعداد میں طلبا و طالبات ٹوٹے ہوئے پنکھے، خراب ہینڈ پمپ اور خستہ حالی کے شکار بیٹھنے والے بنچ کی شکایت کر رہے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔