
ہتھکڑی، تصویر آئی اے این ایس
مدھیہ پردیش کے مندسور اور اجین کے 8 لوگوں سے حج سفر کے نام پر 18.62 لاکھ روپے کی ٹھگی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس تعلق سے پولیس نے 2 ملزمین کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حج سفر کا انتظام کرنے کے نام پر راجستھان کے جودھ پور باشندہ 2 لوگوں نے اس ٹھگی کو انجام دیا ہے۔ ملزمین کو بی این ایس کی دفعہ (2)316 اور (4)318 کے تحت مجرمانہ دھوکہ، جائیداد کی دھوکہ سے منتقلی اور دیگر جرائم کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
Published: undefined
مندسور ایس پی ونود کمار مینا نے بتایا کہ رواں سال اپریل میں مندسور اور اجین کے 8 لوگوں نے شکایت درج کروائی تھی۔ شکایت دہندگان کے مطابق اویس رضا اور سید حیدر علی نے حج سفر پیکیج کے تحت مدھیہ پردیش کے لوگوں سے 18.62 لاکھ روپے وصول کیے، لیکن نہ تو حج سفر کا انتظام کیا اور نہ ہی پیسے واپس کیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سبھی لین دین آن لائن کیے گئے تھے۔ اب ملزمین کے بینک اکاؤنٹس فریز کر دیے گئے ہیں اور عدالتی حکم کے مطابق آگے کی کارروائی کی جائے گی۔
Published: undefined
پولیس کا کہنا ہے کہ جودھ پور میں کئی چھاپہ ماری کے باوجود ملزمین ہر بار گرفتاری سے بچنے میں کامیاب رہے۔ تکنیکی ثبوتوں اور خفیہ اطلاعات کا استعمال کر کے راجستھان پولیس کے ذریعہ سے ملزمین کا پتہ لگایا گیا اور انھیں گرفتار کیا۔ ونود کمار مینا کا کہنا ہے کہ ملزمین کو بدھ کے روز عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انھیں پولیس حراست میں بھیج دیا گیا۔ متاثرین کے پیسے حاصل کرنے کی کوششیں بھی شروع ہو گئی ہیں۔
Published: undefined