’ہوا ہوائی ہو گئے ہوائی اڈے‘، اترپردیش کے 6 ایئرپورٹ سے پروازیں بند ہونے پر اکھلیش یادو کا طنز
اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’ہوا ہوائی ہو گئے ہوائی اڈے! دراصل بی جے پی حکومت میں کوئی بھی منصوبہ یا تعمیراتی کام صرف سرکاری خزانے سے پیسے نکالنے کا ذریعہ ہوتا ہے، تاکہ بدعنوانی پر پردہ ڈالا جا سکے۔‘‘

سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے مرکز اور یوپی کی بی جے پی حکومتوں کو تعمیراتی کاموں اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی دور حکومت میں کئی سرکاری منصوبے اور تعمیراتی کام معیار کی کمی اور بدعنوانی کی زد میں ہیں۔
اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ’آج تک‘ کی خبر کا ایک اسکرین شاٹ پوسٹ کیا جس کی سرخی ہے ’’اترپردیش: 5 سال میں 7 ایئرپورٹ کھلے اور اب 6 پر پروازیں بند ہیں۔‘‘ اس کے کیپشن میں سابق وزیر اعلیٰ نے لکھا کہ ’’ہوا ہوائی ہو گئے ہوائی اڈے! دراصل بی جے پی حکومت میں کوئی بھی منصوبہ یا تعمیراتی کام صرف سرکاری خزانے سے پیسے نکالنے کا ذریعہ ہوتا ہے، تاکہ بدعنوانی پر پردہ ڈالا جا سکے۔ اسی لیے بی جے پی کی بنائی ہوئی پانی کی ٹنکیاں گر رہی ہیں یا ان سے مسلسل دھاریں پھوٹ رہی ہیں۔‘‘
اکھلیش یادو نے مزید لکھا کہ ’’مندر سے لے کر پارلیمنٹ تک کی چھتیں ٹپک رہی ہیں۔ سڑکیں بدحال ہیں اور بی جے پی کے بنائے ہوئے ایکسپریس وے لاگت اور کمیشن خوری کے نئے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔ ریلوے اسٹیشنوں کی دیواریں زمین بوس ہو رہی ہیں، ایئرپورٹس کے شیڈس گر جاتے ہیں یا ان کے بند ہونے کی خبریں آ رہی ہیں۔‘‘ ایس پی سربراہ کے مطابق بی جے پی والوں اور ان کے ٹھیکیداروں کا خفیہ نعرہ ہے ’پیسہ بٹا، بجٹ صفا‘۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی کی نام نہاد ڈبل انجن حکومت کو اپنا اشتہاری نعرہ بدل کر اب یہ لکھنا چاہیے ’تباہی کی رفتار بے مثال، ڈبل انجن کی لوٹ مار۔‘‘