
ای پلانیسوامی (ویڈیو گریب)
تمل ناڈو کی سیاست میں انتخابی ہلچل کے درمیان آل انڈیا انا دراوڑ منیترا کزگم (اے آئی اے ڈی ایم کے) نے اپنے انتخابی منشور کا دوسرا سیٹ جاری کر دیا ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری اور سابق وزیر اعلیٰ ای پلانیسوامی (ای پی ایس) نے اس موقع پر عوام کو لبھانے والے کئی اعلان کیے۔ ساتھ ہی این ڈی اے اور وزیر اعلیٰ کے عہدہ کے متعلق بھی کھل کر بات کی۔ ای پلانیسوامی نے وعدہ کیا ہے کہ تمام راشن کارڈ ہولڈرز کو ہر سال 3 گیس سلنڈر مفت دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ بڑھتی مہنگائی کے دور میں یہ منصوبہ عام خاندانوں کو بڑی راحت دے گی۔
Published: undefined
انتخابی منشور میں کہا گیا ہے کہ ’جلی کٹو‘ (بیل کو قابو کرنے کا کھیل) کے دوران اگر کسی شخص کی موت ہوتی ہے تو اس کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ جبکہ جلی کٹو میں زخمی ہونے والوں کو 2 لاکھ کا معاوضہ دینے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔ ’اے آئی اے ڈی ایم کے‘ نے اعلان کیا ہے کہ سیلف ہیلپ گروپس (ایس ایچ جی) کو بغیر سود کے قرض دیا جائے گا، تاکہ خواتین کی معاشی خود انحصاری کو فروغ دیا جا سکے۔
Published: undefined
پارٹی نے یہ بھی کہا کہ طلبہ کو دیے گئے تعلیمی قرض (ایجوکیشن لون) کو مکمل طور سے معاف کیا جائے گا، تاکہ نوجوانوں پر تعلیم کے بعد قرض کا بوجھ نہ بڑھے۔ ای پلانیسوامی نے کہا کہ این ڈی اے مضبوط شکل اختیار کر رہا ہے اور یہ اتحاد ’اے آئی اے ڈی ایم کے‘ کی قیادت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ این ڈی اے کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار وہی ہوں گے۔
Published: undefined
فلم اداکار اور سیاسی لیڈر وجے کو ہدف تنقید بناتے ہوئے ای پلانیسوامی نے کہا کہ اگر وجے گھر سے باہر نکلیں تو انہیں پتہ چلے گا کہ ریاست میں کیا ہو رہا ہے۔ وجے کو یہ بھی علم نہیں ہے کہ کون سی پارٹی کس کے ساتھ اتحاد کر رہی ہے۔ ای پلانیسوامی کے مطابق وجے بغیر معلومات کے بیان دیتے ہیں، کیا انہوں نے کبھی اس طرح کی پریس کانفرنس کی ہے۔ وجے کے ذریعہ پارٹی کے خلاف عائد کیے گئے الزامات پر ای پلانیسوامی نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وجے جے للیتا اور ایم جی آر کو اپنا رول ماڈل بتاتے ہیں، جبکہ وہ خود ایسے لیڈر ہیں جنہیں عدالت سے کلین چٹ مل چکی ہے۔ اگر ’اے آئی اے ڈی ایم کے‘ بدعنوان ہے تو وجے نے اسی پارٹی سے آئے سینگوٹایان کو اپنی پارٹی ٹی وی کے (تاملگا ویٹری کزگم) میں کیوں شامل کیا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined