ترکی ایئرلائنس کے مسافر طیارہ کی کولکاتا ایئرپورٹ پر ہوئی ’فُل ایمرجنسی لینڈنگ‘، انجن میں نظر آئی تھی چنگاری
نیتاجی سبھاش چندر بوس انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر نے کہا کہ طیارہ کا کولکاتا ایئرپورٹ پر کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انجن میں چنگاری نظر آنے کے بعد یہ ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔

مغربی بنگال کے کولکاتا ایئرپورٹ پر آج ترکی ایئرلائنس کے طیارہ کی ’فُل ایمرجنسی لینڈنگ‘ کرائی گئی۔ یہ مسافر طیارہ کاٹھمنڈو سے استنبول کی طرف جا رہا تھا۔ کولکاتا ہوائی اڈہ پر مشکل حالات میں ترکی ایئرلائنس کے فلائٹ-727 کی ایمرجنسی لینڈنگ ہوئی، لیکن اچھی بات یہ رہی کہ کوئی حادثہ سرزد نہیں ہوا۔ بتایا جا رہا ہے کہ فلائٹ کے کیپٹن نے کولکاتا اے ٹی سی کو داہنے انجن میں ممکنہ آگ کی خبر دی تھی۔ یہ طیارہ دوپہر تقریباً 2.49 بجے کولکاتا این ایس سی بی آئی ایئرپورٹ پر پہنچا، جس میں 236 مسافر سوار تھے۔
کولکاتا کے نیتاجی سبھاش چندر بوس انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایئرپورٹ ڈائریکٹر نے اس معاملہ میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ طیارہ اس وقت کولکاتا ایئرپورٹ پر ہے اور اس کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ترکی ایئرلائنس کے اس مسافر طیارہ کے انجن میں پائلٹ کو چنگاری نظر آئی تھی، جس کے بعد اس نے کولکاتا اے ٹی سی سے رابطہ کیا اور ہری جھنڈی ملنے کے بعد ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔ سبھی 236 مسافر محفوظ بتائے جا رہے ہیں اور اب مسافر انتظار کر رہے ہیں کہ ان کی استنبول کے لیے روانگی کب ہوگی۔
ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد طیارہ ’آئسولیشن بے‘ میں ہے، جہاں تکنیکی ماہرین کی ٹیم انجن کی جانچ کر رہی ہے۔ ضروری مرمت کا کام جاری ہے اور مسئلہ کیوں پیش آیا، اسے بھی سمجھنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ پتہ لگایا جا رہا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ صرف ایک تکنیکی خرابی تھی یا انجن میں کوئی سنگین مسئلہ پیدا ہوا تھا۔ مکمل معائنہ کیے جانے تک طیارہ کی آگے کی پرواز پر روک لگا دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔