قومی خبریں

بہار میں کابینہ توسیع کے بعد بی جے پی کے 12 اراکین اسمبلی ناراض!

نتیش کابینہ میں توسیع کے بعد بی جے پی میں گہما گہمی تیز ہوگئی ہے، قانون ساز کونسل کے نصف درجن ارکان کو وزیر بنائے جانے کی وجہ سے بی جے پی کے ارکان اسمبلی میں ناراضگی ہے۔

بی جے پی / علامتی تصویر
بی جے پی / علامتی تصویر 

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے پالا بدلنے کے بعد سے بہار میں سیاسی ناراضگی اور غول بندی کا ایک سلسلہ سا شروع ہو گیا ہے۔ وزارت حاصل کرنے کے لیے کبھی جے ڈی یو کے ارکان اسبلی لابنگ کرتے ہوئے نظر آتے ہیں تو کبھی بی جے پی کے لوگ محاذ آرائی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ اس درمیان اب خبر یہ ہے کہ بی جے پی کے 12 ارکان اسمبلی ریاستی حکومت کی ہونے والی حالیہ کابینہ کی توسیع سے ناراض ہیں۔

Published: undefined

نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 ہندی‘ کے مطابق نتیش کمار کی کابینہ میں توسیع کے بعد بی جے پی میں غول بندی تیز ہو گئی ہے۔ قانون ساز کونسل کے نصف درجن ارکان کو وزیر بنائے جانے کی وجہ سے بی جے پی کے ارکان اسمبلی میں ناراضگی ہے۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی راجو سنگھ کی رہائش گاہ پر 16 مارچ کی شب بی جے پی کے ناراض 12 ارکان اسمبلی کی ایک میٹنگ ہوئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت بنانے میں ارکان اسمبلی کا کردار ہوتا ہے لیکن انہیں اس کے مطابق جگہ نہیں ملی ہے۔

Published: undefined

دربھنگہ کے علی نگر سے رکن اسمبلی مشری لال یادو کا کہنا ہے کہ حکومت کی تشکیل میں ارکان اسمبلی کا کردار اہم ہوتا ہے لیکن 15 میں سے صرف 9 کو وزیر بنایا گیا ہے، جب کہ 6 ایم ایل سی کو کابینہ میں جگہ دی گئی ہے، جس کی وجہ سے ارکان اسمبلی میں ناراضگی ہے۔ مشری لال یادو اس سے قبل بھی نتیش کمار حکومت کے اسمبلی میں اکثریت ثابت کرتے وقت اپنی ناراضگی ظاہر کر چکے ہیں۔ اب کابینہ میں توسیع کے بعد بی جے پی کے دیگر ممبران اسمبلی ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔

Published: undefined

واضح رہے کہ بہار کابینہ کی توسیع 15 مارچ کو ہوئی تھی جس میں 21 نئے چہروں کے ساتھ کل 30 وزیر بنائے گئے ہیں۔ جس کے بعد اتوار یعنی 16 مارچ کو ناراض ارکان اسمبلی کی میٹنگ رکن اسمبلی راجو سنگھ کی سرکاری رہائش گاہ پر ہوئی۔ راجو سنگھ نے ناراض ارکان اسمبلی کے لیے دعوت کا اہتمام کیا تھا جس میں کل 12 ارکان اسمبلی موجود تھے۔

Published: undefined

لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کے اعلان سے پہلے نتیش حکومت نے کابینہ میں توسیع کی۔ اس توسیع میں کل 21 نئے وزیر بنائے گئے جن میں سے 9 جنتا دل یونائیٹڈ کے تھے جبکہ 12 بھارتیہ جنتا پارٹی کے کوٹے سے تھے۔ اس سے پہلے نتیش کمار اور دو نائب وزیر اعلیٰ نے حلف لیا تھا۔ ان تینوں کے علاوہ 6 دیگر وزراء نے بھی حلف لیا۔ اس طرح بہار میں وزیر اعلیٰ سمیت وزراء کی کل تعداد 30 ہو گئی ہے۔ بہار اسمبلی میں ارکان اسمبلی کی کل تعداد 243 ہے۔ اکثریت کے لیے 122 ایم ایل ایز درکار ہیں۔ زیادہ سے زیادہ 36 وزرا (ایوان کی کل تعداد کا 15 فیصد) بنائے جا سکتے ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined