
فائل تصویر @AIRNewsHindi
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں جاری کشیدگی کا اثر لگاتار کھیلوں پر پڑ رہا ہے۔ کرکٹ کے میدان میں ہاتھ نہ ملانے سے لے کر محسن نقوی کے ذریعہ ہندوستانی ٹیم کو ایشیا کپ کی ٹرافی نہ دینے جیسے تنازعات کے بعد اب خراب رشتوں کا کا اثر ہاکی میں بھی دکھائی دے رہا ہے۔ ہندوستان میں رواں سال ہونے والے ایف آئی ایچ جونئر ہاکی ورلڈ کپ 2025 سے پاکستان نے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔ نومبر-دسمبر 2025 میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے لیے پاکستانی ٹیم اب ہندوستان کے دورے پر نہیں آئے گی۔ یہ ٹورنامنٹ 28 نومبر سے 10 دسمبر تک تمل ناڈو کے چنئی و مدورئی میں کھیلا جائے گا۔
Published: undefined
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے جمعہ (24 اکتوبر) کے روز ایک بیان جاری کر کے پاکستان کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا اعلان کیا۔ ایف آئی ایچ کی پریس ریلیز کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے انہیں مطلع کیا ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لیں گے اور کوالیفائی کرنے کے باوجود مقابلے سے نام واپس لے رہے ہیں۔
Published: undefined
واضح رہے کہ 24 ٹیموں پر مشتمل اس جونئر عالمی کپ ہاکی میں پاکستان کو گروپ بی میں ہندوستان کے ساتھ رکھا گیا تھا، جہاں ان دونوں کے علاوہ چلی اور سوئٹزرلینڈ بھی شامل تھے۔ تاہم اب پاکستان کے انخلا کے بعد صورتحال بدل گئی ہے۔ ایف آئی ایچ نے بتایا ہے کہ پاکستان کی جگہ دوسری ٹیم کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔
Published: undefined
دوسری جانب ’ہاکی انڈیا‘ نے اس معاملے پر فی الحال کسی بھی قسم کی اطلاع سے انکار کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق ہاکی انڈیا کے جنرل سکریٹری بھولاناتھ سنگھ نے بتایا کہ انہیں ابھی تک ایف آئی ایچ کی جانب سے پاکستان کے دستبردار ہونے کی کوئی باضابطہ اطلاع نہیں ملی ہے۔ بھولاناتھ سنگھ نے یہ بھی بتایا کہ ڈیڑھ ماہ قبل ان کی پاکستانی فیڈریشن کے عہدیداروں سے بات ہوئی تھی اور انہوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی یقین دہانی کرائی تھی۔ انھوں نے واضح کیا کہ ان کی ذمہ داری ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد اور ہندوستانی ٹیم کو چیمپئن بنانا ہے، اور وہ اسی پر توجہ دے رہے ہیں۔
Published: undefined
اس درمیان پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں نے کہا کہ وہ ٹورنامنٹ میں حصہ لینا چاہتے تھے، لیکن ہندوستان جانے کے لیے تیار نہیں تھے کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ رپورٹ میں پی ایچ ایف کے ایک افسر کے بیان کا حوالہ دیا گیا ہے، جس نے کہا گیا ہے کہ وہ کرکٹ کی طرح اس ٹورنامنٹ کے میچز بھی نیوٹرل وینیو (غیر جانبدار مقام) پر کھیلنے کے لیے تیار تھے، لیکن ایف آئی ایچ نے اس تجویز کو مسترد کر دیا۔
Published: undefined
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب پاکستان نے کسی ہاکی ٹورنامنٹ سے نام واپس لیا ہو۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مئی میں ہونے والے سرحدی تصادم کے بعد اگست-ستمبر میں مردوں کے ہاکی ایشیا کپ کا انعقاد ہندوستان میں ہی ہوا تھا۔ اس وقت بھی دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے باعث پاکستان نے ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کر لی تھی۔ اُس وقت پاکستان نے کہا تھا کہ وہ جونیئر عالمی کپ ہاکی کے لیے ٹیم بھیجے گا، لیکن اب پاکستانی فیڈریشن نے اس ٹورنامنٹ سے بھی اپنا نام واپس لے لیا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined