آئی سی سی عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ، تصویر آئی اے این ایس
ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) اس وقت دلچسپ مرحلہ میں داخل ہو گیا ہے۔ جنوبی افریقہ نے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی سری لنکا کو شکست دے دی ہے اور ڈبلیو ٹی سی کے ٹیبل میں پہلا مقام حاصل کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم کے لیے مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے، کیونکہ اس ٹیبل میں آسٹریلیا دوسرے اور ہندوستان تیسرے مقام پر ہے۔ ڈبلیو ٹی سی ٹیبل میں پہلے اور دوسرے مقام پر رہنے والی ٹیموں کے درمیان فائنل مقابلہ کھیلا جائے گا، لیکن اب تک یہ طے نہیں ہے کہ وہ 2 ٹیمیں کون ہوں گی۔ بلکہ ابھی ایک ٹیم بھی طے نہیں ہے۔ یہ ضرور ہے کہ جنوبی افریقہ اگر پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا ایک ٹیسٹ میچ بھی جیت گیا تو وہ فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن جائے گا۔ چونکہ یہ سیریز جنوبی افریقہ میں ہی کھیلی جائے گی، اس لیے میزبان ٹیم کے لیے موقع بہت اچھا ہے۔
Published: undefined
ڈبلیو ٹی سی چمپئن شپ میں موجودہ رینکنگ کو دیکھیں تو اس وقت جنوبی افریقہ 63.33 پی سی ٹی کے ساتھ پہلے مقام پر، آسٹریلیا 60.71 پی سی ٹی کے ساتھ دوسرے مقام پر اور ہندوستان 57.29 پی سی ٹی کے ساتھ تیسرے مقام پر قابض ہے۔ چوتھے مقام پر 45.45 پی سی ٹی کے ساتھ سری لنکا اور پانچویں مقام پر 45.24 پی سی ٹی کے ساتھ انگلینڈ کی ٹیم ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو اوپر کی 3 ٹیموں میں ہی اصل مقابلہ ہے، اور تینوں میں سے کوئی بھی ٹیم فائنل میں جگہ بنا سکتی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو اگر فائنل میں اپنا مقام پختہ کرنا ہے تو آسٹریلیا کے خلاف باقی تینوں ٹیسٹ میچ میں جیت حاصل کرنی ہوگی۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو پھر دوسری ٹیموں کے نتائج پر انحصار بڑھ جائے گا۔
Published: undefined
جہاں تک جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کا سوال ہے، جنوبی افریقہ نے اسے 109 رنوں سے جیت لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے اس ٹیسٹ سیریز کو 0-2 سے اپنے نام کر لیا۔ جنوبی افریقہ نے سری لنکا کے سامنے آخری اننگ میں جیت کے لیے 348 رنوں کا ہدف دیا تھا، جس کے جواب میں سری لنکا 238 رن ہی بنا سکی۔ اسپنر کیشو مہاراج نے بہترین گیندبازی کرتے ہوئے 25 اوورس میں 76 رن دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کگیسو رباڈا اور ڈین پیٹرسن نے 2-2 وکٹ حاصل کیے، جبکہ مارکو یانسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ سری لنکائی بلے بازوں کی بات کریں تو دوسری اننگ میں سب سے زیادہ 50 رن کپتان دھننجے ڈی سلوا نے بنائے، جبکہ کسل مینڈس نے 46 رن، کمنڈو مینڈس نے 35 رن، اینجلو میتھیوز نے 32 رن، دنیش چاندیمل نے 29 رن اور پتھوم نسانکا نے 18 رنوں کی اننگ کھیلی۔ بقیہ بلے باز دوہرے ہندسے تک پہنچنے میں بھی ناکام رہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined