ایرانی وزیر خارجہ کا امریکہ کو انتباہ، ’ہمارے پاس بھی کئی حیران کن منصوبے ہیں‘

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک کو درپیش موجودہ مشکل حالات میں نئے سپریم لیڈر کا انتخاب بلاشبہ قومی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور ایرانی عوام کے درمیان یکجہتی اور میل جول کو مضبوط کرے گا۔

<div class="paragraphs"><p>عباس عراقچی / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ آج 10 ویں دن میں داخل ہو گئی۔ اس دوران ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے امریکی سازش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران پوری طرح تیار ہے۔ وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’آپریشن ایپک مسٹیک‘ کے 9 دن بعد تیل کی قیمتیں دوگنی ہوگئی ہیں اور تمام اشیاء کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ امریکہ قیمتوں کے ایک بڑے جھٹکے کو کنٹرول کرنے کے لیے ہمارے تیل اور جوہری تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، مگر ایران بھی پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس آپ کے لیے بہت سی حیران کن چیزیں بھی موجود ہیں۔

اس سے قبل پیر کے روز وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ایران کے نئے سپریم لیڈر کے انتخاب پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب ملک کی خودمختاری اور سالمیت کو مضبوط کرے گا۔ عباس عراقچی نے کہا کہ میں آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کو اسلامی انقلاب کے تیسرے رہبر کے طور پر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ایران کے عظیم عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش موجودہ مشکل حالات میں یہ انتخاب بلاشبہ قومی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت اور ایرانی عوام کے درمیان یکجہتی اور میل جول کو مضبوط کرے گا۔


عباس عراقچی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام سفارت کار اسلامی انقلاب کے تیسرے رہبر سے اپنی وفاداری کا اعلان کرتے ہیں اور ہم ایران کی عظیم قوم کے حقوق کے تحفظ، قومی مفادات اور سلامتی کو آگے بڑھانے اور انقلاب اسلامی ایران کے بلند اہداف کو پورا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ دریں اثناء ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے دعویٰ کیا کہ سفارتی چینلز امریکہ کی وجہ سے بند ہوئے ہیں اور تہران اس کے لیے ذمہ دار نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ مسلط کی گئی ہے۔ اب ایران کے عوام متحد ہوکر اپنے ملک کی حفاظت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل  بقائی نے ایران کے خلاف امریکی جارحین کے میزائل حملے کی ایک فلم جاری  کرکے’ایکس‘ پیج پر اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’ان لوگوں کے لئے جو علاقے میں امریکی فوجی اڈوں اور مفادات پر ہمارے دفاعی حملوں کی لاجک کو نظرآنداز کرنے پر مصر ہیں‘۔ میزائل پڑوسی ملکوں کی قلمرو سے ایران کی طرف فائر کئےجارہے ہیں  اور امریکی  جنگی طیارے ایران پر حملے کے لئے پڑوسی ملکوں کی فضائی حدود استعمال کررہےہیں اور یہ سبھی اقدامات علاقے کی سلامتی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔