کرکٹ

انڈر-19 ایشیا کپ: ہندوستان-پاکستان کی سیمی فائنل میں شکست، بنگلہ دیش اور یو اے ای کھیلے گا فائنل

پہلے سیمی فائنل مقابلے میں یو اے ای نے پاکستان کو 11 رنوں سے شکست دے دی، اور دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے ہندوستان کو 4 وکٹ سے ہرا دیا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس 

دبئی میں کھیلے جا رہے انڈر-19 ایشیا کپ کے فائنل سے ہندوستان اور پاکستان دونوں کی ہی ٹیمیں باہر ہو گئی ہیں۔ آج کھیلے دو سیمی فائنل مقابلوں میں بالترتیب یو اے ای نے پاکستان کو اور بنگلہ دیش نے ہندوستان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ فائنل مقابلہ 17 دسمبر کو کھیلا جائے گا اور یہ کرکٹ شیدائیوں کے لیے حیران کرنے والا ہے کہ دو بڑی ٹیمیں فائنل مقابلے سے باہر ہو گئی ہیں۔

Published: undefined

آج پہلا سیمی فائنل مقابلہ پاکستان انڈر-19 اور یو اے ای انڈر-19 ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ پاکستانی کپتان سعد بیگ نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ فیصلہ درست بھی ثابت ہوا کیونکہ یو اے ای کی ٹیم 47.5 اوورس میں محض 193 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ لیکن جب پاکستان کی بلے بازی شروع ہوئی تو کم ہی بلے باز وکٹ پر ٹھہرنے میں کامیاب ہو سکے۔ پوری پاکستانی ٹیم 49.3 اوورس میں 182 رنوں پر آؤٹ ہو گئی اور 11 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Published: undefined

یو اے ای کی طرف سے کپتان ایان افضل خان نے 57 گیندوں پر 55 رنوں کی بہترین اننگ کھیلی تھی جس کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ایان کے علاوہ اریانش شرما (70 گیندوں پر 46 رن) اور ایتھن ڈیسوزا (63 گیندوں پر 37 رن) نے بھی اہم اننگ کھیلی۔ پاکستانی گیندباز عبید شاہ نے 9.5 اوورس میں 44 رن دے کر سب سے زیادہ 4 وکٹ لیے۔ پاکستانی بلے بازی کی بات کی جائے تو کپتان سعد بیگ نے 52 گیندوں پر 50 رن، اذان اویس نے 71 گیندوں پر 41 رن اور عامر حسن نے 47 گیندوں پر 27 رن کی اننگ کھیلی۔ دیگر کوئی بلے باز بڑا اسکور نہیں بنا سکا۔ علی اسفند 61 گیندوں پر 16 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یو اے ای کی طرف سے گیندبازی میں 2-2 وکٹ ایمن احمد اور ہاردک پائی نے لیے، جبکہ 1-1 وکٹ امید رحمن، دھرو پراشر اور عمار بدامی نے لیے۔

Published: undefined

دوسرے سیمی فائنل کی بات کی جائے تو بنگلہ دیش کی انڈر-19 ٹیم نے ہندوستان کی انڈر-19 ٹیم کو 43 گیندیں باقی رہتے 4 وکٹ سے شکست دے دی۔ بنگلہ دیش کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ہندوستان کی بلے بازی انتہائی مایوس کن رہی کیونکہ 61 رن پر ہی 6 وکٹ آؤٹ ہو گئے تھے۔ مشکل وقت میں مشیر خان (61 گیندوں پر 50 رن) اور مروگن ابھشیک (74 گیندوں پر 62 رن) نے ٹیم کو سنبھالا، لیکن ان دونوں کے آؤٹ ہوتے ہی پوری ٹیم لڑکھڑا گئی۔ 42.4 اوورس میں ہندوستانی ٹیم محض 188 رن بنا سکی۔ بنگلہ دیش کی طرف سے معروف مردھا نے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Published: undefined

جب بنگلہ دیش کی بلے بازی شروع ہوئی تو ہندوستانی گیندبازوں نے حاوی ہونے کی کوشش کی اور محض 34 رن پر 3 وکٹ بھی گرا دیے تھے، لیکن اس کے بعد عارف الاسلام (90 گیندوں پر 94 رن) اور احرار امین (101 گیندوں پر 44 رن) نے میچ کو ہندوستان کی مٹھی میں جانے سے روک دیا۔ بنگلہ دیش کا چوتھا وکٹ 172 رنوں پر گرا تھا اور اس کے بعد مزید 2 وکٹ ہندوستانی گیندبازوں نے لیے، لیکن اسکور بورڈ پر رن اتنے کم تھے کہ جیتنا ممکن نہیں ہو سکا۔ بنگلہ دیش نے 42.5 اوورس میں ہی 6 وکٹ کے نقصان پر 189 رن بنا دیے۔ ہندوستان کی جانب سے 3 وکٹ نمن تیواری نے لیے، جبکہ 2 وکٹ راج لمبانی کے حصے میں آئے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined