
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ، تصویر سوشل میڈیا
بنگلہ دیش کے اسپورٹس ایڈوائزر آصف نذرل نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے متعلق آج اپنا سخت موقف ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ آئی سی سی اگر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے دباؤ میں آ کر کوئی فیصلہ لیتی ہے تو بنگلہ دیش اسے قبول نہیں کرے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں اب تک ایسی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی کہ ہماری جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا جا رہا ہے۔ لیکن آئی سی سی اگر بی سی سی آئی کے دباؤ میں آ کر ہم پر کوئی غیر منصفانہ شرائط مسلط کرتی ہے یا دباؤ بناتی ہے تو ہم اسے کسی بھی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔‘‘
Published: undefined
آصف نذرل نے واضح کیا کہ بنگلہ دیش کو کرکٹ کے معاملوں میں کسی بھی طرح کا سیاسی یا معاشی دباؤ قبول نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئی سی سی کو غیر جانبدار اور آزاد ادارے کی طرح کام کرنا چاہیے، نہ کہ کسی ایک بورڈ کے زیر اثر آ کر۔ واضح رہے کہ حالیہ کچھ دنوں میں ایسی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ اگر بنگلہ دیش ٹی-20 ورلڈ کپ ہندوستان کھیلنے نہیں آتا ہے تو اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو موقع دیا جا سکتا ہے۔ اسی حوالے سے بنگلہ دیش حکومت اور کرکٹ بورڈ میں ناراضگی دیکھی جا رہی ہے۔
Published: undefined
بنگلہ دیش کے اسپورٹس ایڈوائزر نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ نے محنت سے اپنی جگہ بنائی ہے اور کسی بھی باہری دباؤ کی وجہ سے اسے درکنار نہیں کیا جا سکتا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہم نے میدان میں اپنی کارکردگی کے دم پر اپنی پہچان بنائی ہے۔ اگر کوئی ہمیں پیچھے دھکلینے کی کوشش کرے گا تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ بنگلہ دیش حکومت اپنے کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ اگر آئی سی سی کوئی ایسا فیصلہ لیتی ہے جو بنگلہ دیش کے مفادات کے خلاف ہوگا، تو اس کی مخالفت کی جائے گی۔
Published: undefined
واضح رہے کہ ہندوستان میں آئندہ ماہ 7 تاریخ سے ہونے والے ٹی-20 ورلڈ کپ کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) سیکورٹی کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے میچ سری لنکا میں کرانے کے مطالبہ پر اڑا ہوا ہے۔ گزشتہ ہفتہ ڈھاکہ میں ہوئی میٹنگ میں آئی سی سی نے بی سی بی سے 21 جنوری تک حتمی فیصلہ دینے کو کہا تھا۔ اسی درمیان یہ بھی بات ہوئی تھی کہ بی سی بی کے پیچھے ہٹنے پر اس کی جگہ کسی دوسری ٹیم ممکنہ طور پر اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ حالانکہ اس تعلق سے آئی سی سی کی جانب سے کوئی آفیشیل بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
Published: undefined
رپورٹس کے مطابق بی سی بی نے آئی سی سی سے گروپ میں تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا، جس کے تحت آئرلینڈ کو گروپ ’سی‘ میں بھیج کر بنگلہ دیشن کو گروپ ’بی‘ میں رکھنے کی تجویز پیش کی گئی تھی، تاکہ مقابلوں کو سری لنکا منتقل کیا جا سکے۔ آئی سی سی اس تجویز کو ماننے کے حق میں نہیں تھی۔ فی الحال بنگلہ دیش کی ٹیم انگلینڈ، نیپال، اٹلی اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ گروپ ’سی‘ میں ہے۔ شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کولکاتہ کے ایڈن گارڈن اور ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں اپنے لیگ میچز کھیلے گا۔ ٹیم کا پہلا مقابلہ 7 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول ہے، جو ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ بھی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined