جنگی کشیدگی کے درمیان ایران میں زلزلے کے شدید جھٹکے، ریکٹر اسکیل پر شدت 4.1 ریکارڈ
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز بندر عباس شہر سے تقریباً 74 کلومیٹر مغرب میں واقع تھا۔ زمین کے اندر اس کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

ایران میں جاری جنگ کے دوران ہفتہ (7 مارچ) کی صبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق ایران کے ساحلی شہر بندر عباس کے مغربی علاقے میں 4.1 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ جھٹکے محسوس ہوتے ہی علاقے میں رہنے والے لوگوں کے درمیان خوف و ہراس پھیل گیا اور بڑی تعداد میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
واضح رہے کہ بندر عباس ایران کا ایک اہم بندرگاہی شہر ہے، اس لیے انتظامیہ نے فوری طور پر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینا شروع کر دیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق زلزلے سے کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے، لیکن انتظامیہ صورت حال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ امریکی جیولوجیکل سرورے کے مطابق زلزلے کا مرکز بندر عباس شہر سے تقریباً 74 کلومیٹر مغرب میں واقع تھا۔ زمین کے اندر اس کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ اتنی کم گہرائی پر آنے والے زلزلے کافی خطرناک سمجھے جاتے ہیں کیونکہ ان کے اثرات سطح پر زیادہ شدت سے محسوس ہوتے ہیں۔
ایران میں زلزلے کے یہ جھٹکے ایک ایسے وقت میں محسوس کیے گئے ہیں جب گزشتہ 8 دنوں سے ایران اور امریکہ-اسرائیل کے درمیان کشیدگی اور فوجی کشمکش جاری ہے۔ گزشتہ 4 دنوں میں یہ دوسری بار ہے جب ایران میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ اسی وجہ سے اس واقعے کے بارے میں مختلف قسم کی قیاس آرائیاں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ کچھ ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ مکمل طور پر قدرتی زلزلہ ہو سکتا ہے، لیکن موجودہ جنگی ماحول کے باعث کچھ تجزیہ کار اسے ممکنہ ایٹمی تجربے سے بھی جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔ عام طور پر سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ اگر زیر زمین ایٹمی تجربہ کیا جائے تو اس سے پیدا ہونے والے جھٹکوں کی شدت اکثر 4.5 ریکٹر اسکیل یا اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ تاہم ابھی تک ایسا کوئی سائنسی ثبوت سامنے نہیں آیا جس سے یہ ثابت ہو سکے کہ حالیہ جھٹکے کسی ایٹمی تجربے کا نتیجہ ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ایران دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں زلزلے آنے کا سب سے زیادہ امکان رہتا ہے، کیونکہ یہ کئی بڑی ٹیکٹونک پلیٹس (فالٹ لائنز) پر واقع ہے۔ بندر عباس ایران کی ایک اسٹریٹجک بندرگاہ ہے۔ یہاں آنے والے زلزلے کے جھٹکے نہ صرف رہائشی علاقوں بلکہ صنعتی اور فوجی تنصیبات کے لیے بھی تشویش کا باعث ہیں۔ اس وقت ایران ایک ساتھ کئی محاذوں پر لڑ رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔