ایران میں شہری علاقوں پر اسرائیل-امریکہ کر رہا ہے بمباری، اقوام متحدہ میں ایران کا بیان، 1300 اموات کا بھی دعویٰ

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب عامر سعید ایروانی نے کہا کہ ’’حملوں میں 2000 پاؤنڈ کے بم تک استعمال کیے جا رہے ہیں، جو گھنی آبادی والے علاقوں میں شدید تباہی مچا رہے ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب عامر سعید ایروانی (ویڈیو گریب)</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ایران نے امریکہ اور اسرائیل پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب عامر سعید ایروانی نے کہا کہ دونوں ممالک کی جانب سے ایران اور اس کے شہریوں پر وحشیانہ اور وسیع پیمانے پر حملے کیے جا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ میں دیے گئے اپنے بیان میں ایروانی نے دعویٰ کیا کہ ان حملوں میں شہریوں اور شہری ڈھانچوں کو قصداً نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق گھنی آبادی والے رہائشی علاقوں میں بھاری بم گرائے جا رہے ہیں، جس کے سبب عام لوگوں کی جانیں جا رہی ہیں۔

ایرانی مندوب نے الزام عائد کیا کہ کئی شہروں میں بلا امتیاز حملے کیے جا رہے ہیں۔ رہائشی علاقوں، عوامی سہولیات اور دیگر اہم شہری ڈھانچوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان کے مطابق حملوں میں 2000 پاؤنڈ کے بم تک استعمال کیے جا رہے ہیں، جو گھنی آبادی والے علاقوں میں شدید تباہی مچا رہے ہیں۔ ایروانی نے کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنا اور زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانا ہے۔


ایران کے مطابق اب تک اس جنگ میں 1332 شہریوں کی موت ہو چکی ہے، جن میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہزاروں لوگ زخمی ہوئے ہیں اور یہ اعداد و شمار مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں۔ ایروانی نے یہ بھی کہا کہ پورے ملک میں تقریباً 180 سے زائد بچوں کی موت ہو چکی ہے، جو صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔

ایران کا کہنا ہے کہ اس جنگ میں ملک بھر کے کئی اہم اداروں اور سہولیات کو نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں ہوائی اڈے، اسکول، اسپتال اور صحت کے مراکز، رہائشی عمارتیں، اسپورٹس کمپلیکس، مساجد اور پولیس ہیڈکوارٹر شامل ہیں۔ اقوام متحدہ میں مستقل ایرانی مندوب کے  مطابق 20 سے زائد اسکول اور 13 صحت کے مراکز کو حملوں کے باعث نقصان پہنچا ہے، جس کی وجہ سے عام شہریوں کی حفاظت اور زندگیوں کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔


ایران نے اس معاملے کو لے کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ ایروانی نے کہا کہ ایران کئی بار کونسل سے اس مجرمانہ جنگ کو روکنے کی اپیل کر چکا ہے، لیکن اب تک کوئی ٹھوس کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔