آئی اے این ایس
ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ کولکاتا کے تاریخی ایڈن گارڈنز میں کھیلا گیا، جہاں مہمان ٹیم نے 30 رنز سے سنسنی خیز فتح حاصل کی۔ اس جیت کا سب سے بڑا سہرا ساؤتھ افریقہ کے اسپنر سائمن ہارمر کے سر رہا، جنہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کر کے ہندوستانی بیٹنگ لائن کو بار بار پریشان کیا۔
مقابلے کا آغاز ساؤتھ افریقہ کے کپتان ٹمبا باووما کے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کے فیصلے سے ہوا۔ تاہم مہمان ٹیم کی پہلی اننگ زیادہ مضبوط ثابت نہ ہوئی اور پوری ٹیم 159 رنز پر ہی سمٹ گئی۔ ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں، جب کہ محمد سراج اور کلدیپ یادو نے دو-دو وکٹوں کے ساتھ بہترین معاونت دی۔
Published: undefined
جواب میں ہندوستان نے پہلی اننگ میں 189 رنز بنائے اور یوں 30 رنز کی ابتدائی برتری حاصل کی۔ کے ایل راہل نے 39 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ اسکور کیا، جبکہ ووشنگٹن سندر، رشبھ پنت اور رویندر جڈیجا نے مفید آغاز تو کیا مگر بڑی اننگ نہ کھیل سکے۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کی طرف سے ہارمر نے چار اور مارکو یانسن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری اننگ میں انڈین بولرز نے دوبارہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 91 رنز پر ہی جنوبی افریقہ کی سات وکٹیں گر چکی تھیں۔ جڈیجا نے اس اننگ میں چار شکار کیے اور مسلسل دباؤ برقرار رکھا لیکن کپتان ٹمبا باووما نے نہایت ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 136 گیندوں پر 55 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی۔ ان کے ساتھ کوربن بوش نے بھی 25 رنز بنا کر اہم شراکت قائم کی۔ سراج نے آخری دو وکٹیں گرا کر افریقی اننگ کا خاتمہ کیا۔
Published: undefined
ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کی دوسری اننگ بدترین آغاز سے دوچار ہوئی۔ یانسن نے یشسوی جیسوال اور راہل کو صرف ایک رن کے مجموعے پر پویلین لوٹا دیا۔ دھرو جوریل بھی صرف 13 رنز بنا کر ٹی 20 طرز کا شاٹ کھیلتے ہوئے ہارمر کا شکار بنے۔ کپتانی سنبھالنے والے رشبھ پنت صرف 2 رنز بنا سکے جب کہ جڈیجا 18 رنز کے بعد ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ واشنگٹن سندر نے 31 رنز کی مزاحمت تو کی مگر اس کے باوجود پوری ٹیم 93 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
شبھمن گل انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے دستیاب نہیں تھے، جس سے ٹیم کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔ آخرکار ہندوستانی اننگ لڑکھڑا گئی اور جنوبی افریقہ نے 30 رنز سے جیت اپنے نام کی۔ اب سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 22 نومبر سے گوہاٹی میں کھیلا جائے گا، جہاں ہندوستان کو سیریز برابر کرنے کے لیے بھرپور محنت درکار ہوگی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined