
کلدیپ یادو اور سائی سدرشن، تصویر @BCCI
ہندوستانی ٹیم پر گواہاٹی ٹیسٹ میں شکست کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ 549 رن کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے ہندوستان نے چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹ کے نقصان پر 27 رن بنا لیے ہیں۔ یعنی پانچویں اور آخری دن جیت کے لیے ہندوستان کو 522 رن بنانے ہوں گے۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اب تک کبھی ایسا نہیں ہوا ہے، جب کسی ٹیم نے آخری دن 500 سے زیادہ رن بنائے ہوں۔ ہندوستان اگر کسی طرح میچ ڈرا کرنے میں بھی کامیاب رہا تو وہ سیریز میں تو شکست کھا ہی جائے گا، کیونکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلے ہی 2 میچوں کی اس سیریز میں 0-1 سے آگے چل رہی ہے۔
Published: undefined
دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری دن یعنی بدھ کو 90 اوورس کا کھیل یہ فیصلہ کرے گا کہ ہندوستان کلین سوئپ ہوگا یا نہیں۔ جنوبی افریقہ نے پہلی اننگ میں 489 رن بنائے تھے۔ جواب میں ہندوستان کی پہلی اننگ 201 رن پر سمٹ گئی تھی۔ جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو فالو آن نہیں کھلاتے ہوئے دوسری اننگ میں بلے بازی کی اور 5 وکٹ پر 260 رن بنا کر اپنی اننگ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ پہلی اننگ پر ملی 288 رنوں کی سبقت کو ملا کر مجموعی سبقت 548 رن کی ہوئی اور ہندوستان کے سامنے 549 رنوں کا ہدف رکھا۔ آج چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے پر کلدیپ یادو 4 رن اور سائی سدرشن 2 رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقہ کے لیے مارکو یانسن اور سائمن ہارمر کو ایک ایک کامیابی ملی ہے۔
Published: undefined
بڑے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے ہندوستان کی دوسری اننگ کی شروعات خراب رہی اور اوپننگ جوڑی سستے میں پویلین لوٹ گئی۔ ہندوستان کو دوسری اننگ میں 2 نقصان کے ایل راہل اور یشسوی جیسوال کی شکل میں پہنچے۔ یشسوی کو مارکو یانسن نے اور راہل کو ہارمر نے آؤٹ کیا۔ یشسوی 13 اور راہل 6 رن بنا سکے۔ اس کے بعد نائٹ واچ مین کے طور پر کلدیپ یادو اترے جنھوں نے سائی سدرشن کا ساتھ دن کے کھیل کے خاتمہ تک نبھایا۔
Published: undefined
ہندوستان کے لیے اس میچ میں جیت درج کرنا لوہے کے چنے چبانے جتنا مشکل ہے۔ تاریخ کو دیکھیں تو ہندوستان نے کبھی ایشیائی زمین پر 400 یا اس سے زیادہ کا ہدف ٹیسٹ میں حاصل نہیں کیا۔ ایسے میں اگر وہ 2 میچوں کی سیریز گنوانے سے بچنا چاہتا ہے تو اسے ریکارڈ چیز کامیابی کے ساتھ حاصل کرنا ہوگا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 2010 سے ٹیسٹ کرکٹ میں صرف 4 ہی مرتبہ 400 یا اس سے زیادہ رنوں کا ہدف کامیابی کے ساتھ حاصل کیا گیا ہے۔ ایشیائی زمین پر تو اتنے رن کا ہدف اب تک ناممکن رہا ہے۔ کوئی بھی ٹیم اب تک ایشیا میں ٹیسٹ میں 400 یا اس سے زیادہ رنوں کا ہدف حاصل نہیں کر سکی۔ ہندوستانی زمین پر ہندوستان کا ٹیسٹ میں سب سے کامیاب رنوں کا پیچھا انگلینڈ کے خلاف 2008 میں 4 وکٹ پر 387 رن بنانا ہے۔ یعنی ہندوستان اگر جنوبی افریقہ کو اس میچ میں شکست دیتا ہے تو یہ ٹیسٹ تاریخ میں سب سے بڑا رنوں کا پیچھا ہوگا۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ ہندوستان کے پاس 8 وکٹ ہی باقی ہیں، یعنی اگر ہندوستان کو سیریز میں شکست سے بچنا ہے تو اس کے بلے بازوں کو پانچویں دن غیر معمولی بلے بازی کا نمونہ پیش کرنا ہوگا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined