
ٹرافی کے ساتھ ہندوستانی ٹیم، تصویر سوشل میڈیا @BCCI
نیوزی لینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں اور آخری ٹی-20 مقابلے میں ہندوستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ہندوستانی ٹیم سے ملے 192 رنز کے ہدف کو نیوزی لینڈ نے آسانی سے 18 اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیوزی لینڈ کی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ فن ایلن محض 2 رنز بنا کر عرشدیپ سنگھ کا شکار بنے۔ اس کے بعد ٹم سیفرٹ نے ڈیرل مچل کے ساتھ مل کر دوسرے وکٹ کے لیے 42 گیندوں میں 73 رنز جوڑے۔ مچل 16 گیندوں میں 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سیفرٹ بہترین فارم میں دکھائی دیے اور انہوں نے 34 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
سیفرٹ کو رواں سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے گلین فلپس کی شکل میں اچھا جوڑی دار ملا۔ دونوں نے مل کر تیسرے وکٹ کے لیے 42 گیندوں میں 86 رنز کی شراکت داری کی۔ سیفرٹ اپنی سنچری سے چوک گئے اور 50 گیندوں میں 93 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے اپنی اس اننگ میں 11 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔ فلپس نے اس سیریز میں اپنی چوتھی نصف سنچری بنائی اور وہ 38 گیندوں میں 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 65 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ فلپس کو سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا، انہوں نے 5 میچوں کی سیریز میں مجموعی طور پر 276 رنز بنائے۔ فلپس نے بیون جیکبز (ناٹ آؤٹ 1 رن) کے ساتھ مل کر نیوزی لینڈ کو جیت دلائی۔ ہندوستان کی جانب سے گیند بازی میں ورون چکرورتی، نتیش کمار ریڈی اور عرشدیپ سنگھ نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ہندوستانی ٹیم نے 20 اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔ ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور ابھیشیک شرما (1 رن) اور سنجو سیمسن (4 رنز) بہت جلد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ایشان کشن اور کپتان شریئس ایئر نے محاذ سنبھالا اور تیسرے وکٹ کے لیے 43 گیندوں میں 93 رنز کی جارحانہ شراکت داری کی۔ ایشان 32 گیندوں میں 5 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان ایئر نے 23 گیندوں میں 50 رنز بنائے۔ ہندوستانی کپتان نے اپنی اس اننگ میں 3 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔
تلک ورما صرف 6 رنز بنا سکے، جبکہ نمن دھیر نے 23 گیندوں میں 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 33 رنز بنائے۔ نتیش کمار ریڈی 17 گیندوں میں 22 رنز بنا کر ایڈم ملنے کا شکار بنے۔ بھونیشور کمار نے 6 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے گیند بازی میں ایڈم ملنے نے 4 اوور میں 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جس کے لیے انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ناتھن اسمتھ اور بلیک ٹکنر نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔ پانچویں ٹی-20 میں نیوزی لینڈ کی جیت کے باوجود ہندوستانی ٹیم نے ٹی-20 سیریز 3-2 سے اپنے نام کر لی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔