مودی اقتدار سے جائیں گے تبھی جمہوریت بچے گی، مرکز سمیت مہاراشٹر، بہار اور یوپی میں چوری کی حکومتیں: کھڑگے

ملکارجن کھڑگے نے مودی حکومت سمیت مہاراشٹر، بہار اور اتر پردیش کی حکومتوں کو چوری کی حکومت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی کے اقتدار سے ہٹنے پر ہی جمہوریت محفوظ رہ سکے گی

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے / ویڈیو گریب</p></div>
i

نئی دہلی: کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے دہلی کے رام لیلا میدان میں انڈیا اتحاد کی ’ووٹ چوری‘ کے خلاف منعقدہ عظیم الشان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی حکومتوں پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے مرکزی حکومت کے ساتھ مہاراشٹر، بہار اور اتر پردیش کی حکومتوں کو بھی ’چوری کی حکومتیں‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک مودی اقتدار سے نہیں ہٹیں گے، ملک میں جمہوریت کا تحفظ ممکن نہیں ہے۔

کھڑگے نے کہا کہ وزیر اعظم مودی خود ہی اپنے آپ کو منتخب کرتے ہیں، عوام انہیں منتخب نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں ایسی حکومتیں قائم ہیں جو عوام کے ووٹ کے بجائے چوری کے ذریعے اقتدار میں آئی ہیں۔ ان کے مطابق مرکزی حکومت کے علاوہ مہاراشٹر، بہار اور اتر پردیش کی حکومتیں بھی اسی زمرے میں آتی ہیں۔

کانگریس صدر نے کہا کہ ان حکومتوں کو اقتدار سے باہر کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا، ’’ان چوروں کو اقتدار سے نکالنا ہوگا۔ مودی اقتدار سے جائیں گے، تبھی جمہوریت بچے گی۔‘‘

کھڑگے نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو ڈرانے اور دباؤ میں لینے کی کوشش کر رہی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) سمیت مختلف سرکاری اداروں کے ذریعے اپوزیشن کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، لیکن کانگریس اور انڈیا اتحاد کے رہنما اس طرح کی کارروائیوں سے خوف زدہ ہونے والے نہیں ہیں۔


انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے متحد ہیں اور حکومت کی طرف سے پیدا کیے جانے والے دباؤ کے باوجود اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔

واضح رہے کہ کھڑگے نے اسی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے کو بھی دہرایا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ گیانیش کمار کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک چیف الیکشن کمشنر کو عہدے سے نہیں ہٹایا جاتا، اپوزیشن خاموش نہیں بیٹھے گی۔

انہوں نے ’مودی ہٹاؤ، جمہوریت بچاؤ‘ کا نعرہ بھی لگایا اور کہا کہ بہار، اتر پردیش اور مہاراشٹر میں قائم حکومتوں کے خلاف عوامی جدوجہد جاری رہے گی۔

انڈیا اتحاد کی یہ ریلی ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) اور مبینہ ووٹ چوری کے خلاف منعقد کی گئی تھی۔ اپوزیشن جماعتوں کا الزام ہے کہ انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں کے ذریعے ووٹروں کے حقوق متاثر کیے جا رہے ہیں۔ ریلی میں کانگریس، ترنمول کانگریس، سماجوادی پارٹی، آر جے ڈی سمیت مختلف اپوزیشن جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں نے شرکت کی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔