کرکٹ

ایڈیلیڈ ون ڈے: ہندوستان نے 264 رنز بنائے، آسٹریلیا کی اننگز لڑکھڑائی، 4 کھلاڑی آؤٹ

ہندوستان نے دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 265 رنز کا ہدف دیا۔ روہت شرما اور شریئس ایر نے نصف سنچریاں بنائیں جبکہ وراٹ کوہلی مسلسل دوسرے میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

 
IANS

آسٹڑیلیا کے خلاف سیریز کے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں ہندوستانی ٹیم نے روہت شرما، شریئس ایر اور اکشر پٹیل کی ذمہ دارانہ اننگز کے سہارے آسٹریلیا کے خلاف 265 رنز کا ہدف دیا ہے۔ روہت شرما نے 73، شریئس ایر نے 61 اور اکشر پٹیل نے 44 رنز کا تعاون کیا، جبکہ وراٹ کوہلی لگاتار دوسرے میچ میں صفر پر آؤٹ ہو کر واپس لوٹے۔

جواب میں آسٹریلیا نے پراعتماد آغاز کیا تھا اور ابتدائی اوورز میں ہندوستانی بولرز کو دباؤ میں رکھا۔ تازہ ترین صورت حال کے مطابق آسٹریلیا نے 28 اوور میں چار وکٹ کے نقصان پر 135 رنز بنائے تھے۔ میٹ شارٹ نصف سنچری مکمل کر چکے تھے اور 53 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، جبکہ نئے بلے باز کوپر کونلی 3 رنز بنا کر ان کے ساتھ کھیل رہے تھے۔

Published: undefined

آسٹریلوی کپتان مچل مارش 11 رنز بنا کر عرشدیپ سنگھ کی گیند پر کے ایل راہل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، ٹریوس ہیڈ 28 رنز بنا کر ہرشیت رانا کی گیند پر وراٹ کوہلی کے ذریعے کیچ پکڑا کر پویلین لوٹے، میٹ رینشا 30 رنز کی اننگز کھیل کر اکشر پٹیل کے ہاتھوں بولڈ ہوئے، جب کہ وکٹ کیپر بلے باز ایلکس کیری صرف 9 رنز بنا کر واشنگٹن سندر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ہندوستان نے اسپن جوڑی اکشر پٹیل اور واشنگٹن سندر کی مدد سے میچ میں زبردست واپسی کی ہے اور اب مقابلہ مکمل طور پر برابری پر ہے۔

قبل ازیں، آسٹریلیا کے کپتان مچل مارش نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان کی اننگز کا آغاز روہت شرما اور شبمن گل نے کیا لیکن محض 17 کے مجموعی اسکور پر پہلا جھٹکا لگ گیا۔ زیویئر بارٹلیٹ نے شبمن گل (9) کو مچل مارش کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی کریز پر آئے، مگر ایک بار پھر ناکام رہے۔ انہوں نے صرف چار گیندیں کھیلیں اور زیویئر بارٹلیٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ انہوں نے ریویو لینے سے انکار کیا اور بغیر رن بنائے میدان چھوڑ دیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ وراٹ کوہلی اپنے 304 ون ڈے کیریئر میں مسلسل دو بار صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں۔

Published: undefined

کپتان روہت شرما اور شریئس ایر نے اس کے بعد ہندوستان کو سنبھالا۔ دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 118 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کی۔ روہت شرما نے 97 گیندوں پر سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے، جب کہ شریئس ایر نے 77 گیندوں پر 61 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں سات چوکے شامل تھے۔ مچل اسٹارک نے 30ویں اوور میں روہت شرما کو آؤٹ کر کے اس پارٹنرشپ کا خاتمہ کیا، جب کہ ایڈم زیمپا نے شریئس ایر کو بولڈ کر دیا۔

اس کے بعد ہندوستانی بلے باز وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے گئے۔ کے ایل راہل 11، واشنگٹن سندر 12 اور نتیش کمار ریڈی 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ اکشر پٹیل نے 41 گیندوں پر پانچ چوکے لگا کر 44 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی۔ نچلے آرڈر میں ہرشت رانا نے 18 گیندوں پر 24 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر 264 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زیمپا سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ زیویئر بارٹلیٹ نے 3 اور مچل اسٹارک نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined