
ویبھو سوریہ ونشی، تصویر ’ایکس‘ @BCCI
ہرارے کے میدان پر ہندوستان کی انڈر-19 کرکٹ ٹیم نے فتح کا پرچم لہرا دیا ہے۔ عالمی کپ فائنل مقابلہ میں آیوش مہاترے کی قیادت میں اتری نوجوانوں کی ہندوستانی ٹیم نے ویبھو سوریہ وَنشی کی طوفانی اننگ کی بدولت انگلش ٹیم کو 100 رنوں سے شکست فاش دے دی ہے۔ اس طرح ہندوستان نے چھٹی مرتبہ انڈر-19 عالمی کپ چمپئن بننے کا فخر حاصل کر لیا ہے۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 50 اوورس میں 9 وکٹ کے نقصان پر 411 رنوں کا پہاڑ کھڑا کیا تھا۔ جواب میں انگلش ٹیم ہدف سے بہت پیچھے 311 رنوں پر سمٹ گئی۔ ہندوستان کی جیت کے ہیرو 14 سالہ ویبھو سوریہ وَنشی رہے، جنھوں نے محض 80 گیندوں میں 175 رنوں کی طوفانی اننگ کھیلی۔ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے اپنی اننگ میں 15 چھکے اور 15 چوکے لگائے۔ کپتان آیوش مہاترے نے بھی 51 گیندوں میں 53 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔
Published: undefined
آج ہندوستانی کپتان آیوش نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ ہرارے کی پچ کو دیکھتے ہوئے انھوں نے یہ فیصلہ لیا، لیکن ٹیم کو پہلا نقصان بہت جلدی لگ گیا۔ ایرون جارج نے 11 گیندوں میں محض 9 رن بنائے۔ لیکن اس کے بعد آیوش مہاترے اور سوریہ وَنشی نے انگلش گیندبازوں کا دم نکال کر رکھ دیا۔ خاص طور سے سوریہ وَنشی نے تو ایسا جارحانہ انداز اختیار کیا تھا کہ ہر کوئی حیران رہ گیا۔ انھوں نے 32 گیندوں میں نصف سنچری بنائی اور مہاترے کے ساتھ مل کر 63 گیندوں میں سنچری شراکت داری مکمل کی۔ سوریہ وَنشی نے نصف سنچری سے سنچری تک پہنچنے میں مزید جلدبازی دکھائی۔ انھوں نے 55 گیندوں میں ہی سنچری مکمل کر لی۔ یعنی نصف سنچری سے سنچری تک پہنچنے میں محض 23 گیند لگے۔ بعد ازاں سنچری سے 150 کے ذاتی اسکور تک پہنچنے میں سوریہ وَنشی نے محض 16 گیندیں کھیلیں۔ 175 رن بنا کر جب وہ آؤٹ ہوئے تو 80 گیندیں ہی انھوں نے کھیلی تھیں۔
Published: undefined
سوریہ وَنشی کے آؤٹ ہونے کے بعد ویہان ملہوترا، ابھگیان کنڈو، کنشک چوہان نے بھی اہم تعاون پیش کیا۔ یہی وجہ رہی کہ ہندوستانی ٹیم 411 رنوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔ انگلینڈ کی انڈر-19 ٹیم کے سامنے ہدف بڑا تھا، اس لیے اس نے تیزی سے رن بنانے کی کوشش کی۔ اسی کوشش نے ان کی حالت خستہ کر دی۔ بین ڈاکنس نے 66، بین مایس نے 45 رن بنا کر اچھی شروعات دی تھی، لیکن بعد کے بلے باز اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ کپتان تھامس ریو نے 31 رن بنائے۔ لگاتار وکٹ گرنے کی وجہ سے انگلش ٹیم میچ میں پیچھے ہوتی چلی گئی۔ انگلینڈ کی خراب حالت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 8 گیندوں کے اندر اس کے 4 وکٹ آؤٹ ہو گئے۔ کیلیب فاکنر نے 26 گیندوں میں نصف سنچری لگا کر کچھ اُمیدیں ضرور پیدا کیں، لیکن یہ کافی نہیں تھی۔ آخر میں پوری ٹیم 311 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی، اور ہندوستانی ٹیم 100 رنوں سے فتحیاب ہوئی۔
Published: undefined
فائنل مقابلہ میں ہندوستان کی اس جیت کئی معنوں میں اہم ہے۔ بڑی بات یہ ہے کہ ہندوستانی ٹیم کو انڈر-19 عالمی کپ 2026 کے ایک بھی میچ میں شکست نہیں ملی۔ ہندوستان چھٹی مرتبہ انڈر-19 عالمی کپ چمپئن بنا ہے اور اسے سب سے کامیاب ٹیم کا فخر حاصل ہے۔ ہندوستان نے 2000، 2008، 2012، 2018، 2022 اور اب 2026 میں عالمی کپ چمپئن بننے کا فخر حاصل کیا۔ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کے لیے ویبھو سوریہ وَنشی نے سب سے زیادہ 439 رن بنائے۔ انڈر-19 عالمی کپ میں سب سے زیادہ 30 چھکے کا ریکارڈ بھی سوریہ وَنشی نے اپنے نام کیا۔ اس عالمی کپ میں ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ 11 وکٹ ہینل پٹیل نے لیے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
ویڈیو گریب