مغربی بنگال حکومت کا بڑا اعلان، 21 سے 41 سال کے بے روزگاروں کو ملے گا 1500 روپے ماہانہ بھتہ

’بنگلار یووا ساتھی‘ منصوبہ کے تحت 21 سے 41 سال کی عمر کے اہل بے روزگار مستفیدین کو زیادہ سے زیادہ 5 سالوں تک 1500 روپے فی ماہ کی مالی مدد دی جائے گی یا جب تک انہیں روزگار نہیں مل جاتا۔

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مغربی بنگال حکومت نے رواں سال ہونے والے اسمبلی انتخاب سے قبل ایک اہم اعلان کیا ہے۔ اس بار ریاستی حکومت نے بے روزگاری بھتہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اہل نوجوانوں کو ہر ماہ 1500 روپے کی مالی مدد دی جائے گی۔ یہ منصوبہ 15 اگست 2026 سے نافذ کیا جائے گا۔ اس منصوبہ کا مقصد ان نوجوانوں کو مالی مدد فراہم کرنا ہے جنہوں نے میٹرک یا اس کے مساوی امتحان پاس کر لیا ہے، لیکن اب تک انہیں کوئی نوکری نہیں ملی ہے اور وہ کسی دیگر سرکاری وظیفہ کا فائدہ نہیں لے رہے ہیں۔

اس نئے منصوبہ کو ’بنگلار یووا ساتھی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے تحت 21 سے 41 سال کی عمر کے اہل بے روزگار مستفیدین کو زیادہ سے زیادہ 5 سالوں تک 1500 روپے فی ماہ کی مالی مدد دی جائے گی یا جب تک انہیں روزگار نہیں مل جاتا۔ ریاستی حکومت نے اس منصوبہ کے لیے تقریباً 5000 کروڑ روپے کا بجٹ طے کیا ہے۔ اس کے علاوہ عبوری بجٹ میں حکومت نے خواتین کے لیے جاری ’لکشمی بھنڈار‘ منصوبے میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ فروری سے جنرل طبقہ کی خواتین کو 1500 روپے فی ماہ اور ایس سی-ایس ٹی طبقہ کی خواتین کو 1700 روپے فی ماہ دیے جائیں گے۔ ’لکشمی بھنڈار‘ منصوبہ کے لیے مجموعی طور پر 15000 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔


واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے ملازمین کے لیے بھی راحت کا اعلان کرتے ہوئے بڑھے ہوئے مہنگائی بھتہ (ڈی اے) یکم اپریل سے نافذ کرنے اور ساتویں تنخواہ کمیشن کی تشکیل کا اعلان کیا ہے۔ ان تمام اعلانوں کو حکومت کی جانب سے نوجوانوں، خواتین اور ملازمین کے لیے اہم مالی مدد کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جسے رواں سال ہونے والے اسمبلی انتخاب سے قبل ایک اہم قدم مانا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔