صنعت و حرفت

شیئر بازار کو لگا زوردار جھٹکا، 7 منٹ میں سرمایہ کاروں کے 2.83 لاکھ کروڑ ڈوبے!

جمعہ کو کاروبار شروع ہونے کے محض 7 منٹ کے اندر بی ایس ای کی مجموعی مارکیٹ کیپ گھٹ کر 5,09,44,186.57 کروڑ روپے رہ گئی تھی، جبکہ ایک دن پہلے مارکیٹ کیپ 5,12,27,177.05 کروڑ روپے تھی۔

<div class="paragraphs"><p>شیئر مارکیٹ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

شیئر مارکیٹ، تصویر آئی اے این ایس

 
IANS_ARCH

تقریباً 2 سال بعد شرح مہنگائی 6 فیصد سے تجاوز کرنے اور مالیاتی شعبہ کے حصص میں بڑی گراوٹ کی وجہ سے جمعہ کو شیئر بازار میں زبردست گراوٹ دیکھی گئی۔ کاروبار کے ابتدائی مرحلے میں ہی سینسیکس 600 سے زیادہ پوائنٹس تک ٹوٹ گیا۔ دوسری جانب نفٹی میں بھی 225 پوائنٹس کی گراوٹ درج کی گئی۔ بجاج فائنانس سے لے کر ایچ ڈی ایف سی بینک، ایکسس بینک اور دیگر بینکوں کے حصص میں بھی بڑی گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔

علاوہ ازیں خام تیل کی قیمتیں ایک بار پھر 95 ڈالر سے تجاوز کرتی نظر آرہی ہیں، جبکہ جمعرات کو یہ 92 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھیں۔ ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ برقرار ہے۔ اگرچہ امریکہ اور ایران کے درمیان کوئی جنگ نہیں ہورہی ہے، لیکن اب تک امن کے سلسلے میں کوئی معاہدہ بھی نہیں ہوا ہے، جس کی وجہ سے غیر یقینی صورت حال برقرار ہے۔ شیئر بازار میں کاروبار کے ابتدائی مرحلے میں آئی اس گراوٹ کی وجہ سے محض 7 منٹ میں سرمایہ کاروں کو 2.83 لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہو گیا۔

قابل ذکر ہے کہ کافی دنوں بعد شیئر بازار میں گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق بامبے اسٹاک ایکسچینج کے اہم انڈیکس سینسیکس میں کاروبار کے ابتدائی مرحلے کے دوران 610.55 پوائنٹس کی گراوٹ درج کی گئی اور یہ گھٹ کر 81,300.46 پوائنٹس پر آ گیا۔ حالانکہ سینسیکس کا آغاز 81,833.78 پوائنٹس پر ہوا تھا۔ اس سے ایک دن پہلے سینسیکس 81,911.01 پوائنٹس پر تقریباً بغیر کسی تبدیلی کے بند ہوا تھا۔ صبح 9 بج کر 44 منٹ پر سینسیکس تقریباً 240 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 81,670.89 پوائنٹس پر کاروبار کررہا تھا۔ اس کا مطلب ہے کہ ابتدائی گراوٹ کے بعد سینسیکس میں 350 پوائنٹس کی بحالی ہوئی ہے۔

دوسری جانب نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا اہم انڈیکس نفٹی بھی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کررہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق صبح 9.45 بجے نفٹی تقریباً 100 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 25,200.60 پوائنٹس پر کاروبار کررہا تھا۔ حالانکہ کاروباری سیشن کے دوران نفٹی 225 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 25,077.55 پوائنٹس تک پہنچ گیا تھا۔ جمعہ کو نفٹی کا آغاز 25,209.85 پوائنٹس پر ہوا تھا۔

مہندرا اینڈ مہندرا اور ایچ ڈی ایف سی بینک کے حصص بی ایس ای پر سب سے زیادہ گراوٹ والے حصص میں شامل نظر آرہے ہیں۔ اس کے علاوہ بی ای ایل، ٹائٹن، ایس بی آئی، انڈیگو، ماروتی، بجاج فِن سَرو، ایکسس بینک اور بجاج فائنانس کے حصص بھی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ وہیں ٹیکنالوجی شعبہ کے حصص میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔ ایچ سی ایل ٹیک، ٹی سی ایس، ٹیک مہندرا اور انفوسس کے حصص سبز نشان میں نظر آرہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بھارتی ایئرٹیل اور سن فارما کے حصص میں بھی تیزی دیکھی جارہی ہے۔ این ایس ای پر شری رام فائنانس، ایچ ڈی ایف سی بینک، مہندرا اینڈ مہندرا، ہنڈالکو اور ٹائٹن کے حصص میں بڑی گراوٹ درج کی جارہی ہے، جبکہ اپولو اسپتال، ڈاکٹر ریڈّی، سن فارما اور ایچ سی ایل ٹیک کے حصص میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

شیئر بازار میں کاروبار کے ابتدائی مرحلے میں آئی گراوٹ کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق کاروبار شروع ہونے کے محض 7 منٹ کے اندر بی ایس ای کی مجموعی مارکیٹ کیپ گھٹ کر 5,09,44,186.57 کروڑ روپے رہ گئی تھی، جبکہ ایک دن پہلے مارکیٹ کیپ 5,12,27,177.05 کروڑ روپے تھی۔ اس کا مطلب ہے کہ بی ایس ای کی مارکیٹ کیپ میں 2,82,990.48 کروڑ روپے کی کمی درج کی جاچکی تھی۔ یعنی سرمایہ کاروں کو بھی اتنی ہی رقم کا نقصان ہوا ہے۔