حکومت ہند نے ڈاکٹر ذاکر نائک کے ’اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن‘ پر پابندی میں مزید 5 سال کی توسیع کی
وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن میں الزام لگایا گیا ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائک کی تقریریں ہندوستان اور بیرون ملک رہنے والے ایک مخصوص مذہب کے نوجوانوں کو دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے اکسا سکتی ہیں۔

مرکزی حکومت نے اسلامی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائک کی قیادت والی ’اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن‘ (آئی آر ایف) پر عائد پابندی میں مزید 5 سال کی توسیع کر دی ہے۔ وزارت داخلہ نے 13 نومبر 2026 کو اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کیا۔ اس میں آئی آر ایف کو غیر قانونی تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی مزید 5 سال تک برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تنظیم پر عائد موجودہ پابندی کی مدت 14 نومبر 2026 کو ختم ہو رہی تھی۔
وزارت داخلہ نے ہندوستان کے گزٹ میں شائع نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ آئی آر ایف کی سرگرمیاں ملک کی سلامتی، امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور سیکولر ڈھانچے کے لیے نقصان دہ ہیں۔ مرکزی حکومت نے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ، 1967 (یو اے پی اے) کی دفعہ 3 کے تحت یہ کارروائی کی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مرکزی حکومت نے اس سے پہلے 17 نومبر 2016 اور 15 نومبر 2021 کو جاری نوٹیفکیشن کے ذریعہ آئی آر ایف کو غیر قانونی تنظیم قرار دیا تھا۔ اس کے بعد غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کی دفعہ 5 کے تحت تشکیل دیے گئے ٹریبونل نے بھی تنظیم پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کی توثیق کی تھی۔ ٹریبونل نے 22 مئی 2017 اور 30 مارچ 2022 کو جاری احکامات کے ذریعے حکومت کے فیصلوں کو درست قرار دیا تھا۔
وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ حکومت کا ماننا ہے آئی آر ایف اور اس کے اراکین، خاص طور پر تنظیم کے بانی اور صدر ڈاکٹر ذاکر عبدالکریم نائک عرف ذاکر نائک، اپنے پیروکاروں کو مذہب کی بنیاد پر مختلف مذہبی طبقوں کے درمیان عداوت، نفرت اور بدگمانی پھیلانے کے لیے اکساتے ہیں۔ حکومت کے مطابق ذاکر نائک کی تقریریں اور بیانات قابل اعتراض اور اشتعال انگیز ہیں۔ ان کے ذریعہ مختلف مذہبی گروپوں کے درمیان نفرت اور عداوت کو فروغ دیا جارہا ہے۔ نوٹیفکیشن میں یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ ان کی تقریریں ہندوستان اور بیرون ملک رہنے والے ایک مخصوص مذہب کے نوجوانوں کو دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے اکسا سکتی ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
