’اسپائس جیٹ‘ کی پریشانیوں میں اضافہ، دبئی ایئرپورٹ نے ’چیک اِن سروس‘ روک دی
ایئرپورٹ آپریٹر کے مطابق اسپائس جیٹ پر تقریباً 14 ملین درہم یعنی تقریباً 35.8 کروڑ روپے بقایہ ہیں۔ ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے 12 نومبر سے چیک اِن خدمات معطل کر دی گئی ہیں۔

ہندوستانی ایئرلائن ’اسپائس جیٹ‘ کی مشکلات مسلسل بڑھتی نظر آ رہی ہیں۔ اس بار معاملہ دبئی کا ہے، جہاں بقایہ رقم ادا نہ کرنے پر دبئی ایئرپورٹ نے ایئرلائن کی ’چیک اِن سروس‘ پر روک لگا دی ہے۔ ایئرپورٹ آپریٹر کے مطابق اسپائس جیٹ پر تقریباً 14 ملین درہم یعنی تقریباً 35.8 کروڑ روپے بقایہ ہیں۔ ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے 12 نومبر سے چیک اِن خدمات معطل کر دی گئی ہیں۔ اس کارروائی کے بعد دبئی سے پرواز بھرنے والی اسپائس جیٹ کی کئی پروازیں منسوخ کرنی پڑیں۔
اس معاملہ میں دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرلائن کے دبئی اسٹیشن منیجر کو بھی طلب کیا۔ اتھارٹی نے مسافروں کو پروازیں منسوخ ہونے کی اطلاع دینے اور ان کے لیے متبادل سفری انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔ اس میں پھنسے ہوئے مسافروں کے لیے ہوٹل اور ٹرانسپورٹ کا انتظام کرنا بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق دبئی ایئرپورٹس نے 9 نومبر کو اسپائس جیٹ کو مطلع کیا تھا کہ اس کے ذمہ بقایہ رقم بڑھ کر 14 ملین درہم ہو گئی ہے۔ ایئرپورٹ آپریٹر کے مطابق 13 اکتوبر کے بعد سے ایئرلائن کی جانب سے کوئی ادائیگی نہیں کی گئی تھی۔
اس کے بعد متنبہ کیا گیا تھا کہ اگر 12 نومبر تک پوری بقایہ رقم ادا نہیں کی گئی تو چیک اِن سروس بند کر دی جائیں گی۔ مقررہ وقت تک ادائیگی نہ ہونے کے سبب دبئی ایئرپورٹ نے اسپائس جیٹ کی چیک اِن سروس روک دی۔ حالانکہ پہلے سے طے شدہ دو پروازوں ایس جی-5115 (احمد آباد) اور ایس جی-5106 (دہلی) کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا۔ یہ دونوں پروازیں چیک اِن خدمات بند ہونے سے پہلے روانہ ہونی تھیں، اس لیے ان کے لیے گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی ڈی این اے ٹی اے کو چیک اِن کی اجازت دی گئی۔
چیک اِن خدمات بند ہونے کے بعد اسپائس جیٹ کے دبئی اسٹیشن منیجر نے ایئرلائن کے فلائٹ آپریشن محکمے کو دبئی سے روانہ ہونے والی تمام پروازیں منسوخ کرنے کی ہدایت دی۔ ایئرلائن نے 12 نومبر کو امرتسر، جے پور، ممبئی اور دہلی جانے والی چار پروازیں منسوخ کرنے کے احکامات جاری کیے۔ داخلی ای میل میں اس کی وجہ ڈی این اے ٹی اے کو ادائیگی نہ کرنا بتایا گیا۔ ان چاروں پروازوں کو مسافروں کے بغیر فیری سروس کے طور پر چلانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسپائس جیٹ کے اسٹیشن منیجر کو اس لیے بھی طلب کیا کیونکہ ایئرلائن نے پروازیں منسوخ ہونے کی اطلاع مسافروں کو وقت پر نہیں دی تھی۔ اتھارٹی نے مسافروں کے لیے ہوٹل اور آمدورفت کے متبادل انتظامات کرنے کو کہا ہے۔ دبئی میں یہ کارروائی ایسے وقت ہوئی ہے جب اسپائس جیٹ پہلے ہی مالی اور آپریشنل چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایئرلائن روزانہ تقریباً 65 مقررہ پروازیں چلا رہی ہے، لیکن ان میں سے 15 سے 20 پروازیں روزانہ منسوخ ہو رہی ہیں۔ کئی پروازوں میں 3 سے 5 گھنٹے تک کی تاخیر کی خبریں بھی ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ ایئرلائن پر طیارے لیز پر دینے والی کمپنیوں، تیل کمپنیوں، ایئرپورٹ آپریٹروں اور گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسیوں کی ادائیگی رقم بقایہ ہے۔ ادائیگی سے متعلق مسائل کی وجہ سے اسپائس جیٹ کو کئی ضروری خدمات حاصل کرنے کے لیے پیشگی ادائیگی کرنی پڑ رہی ہے۔ اس سے اس کے روزمرہ کے آپریشن پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسپائس جیٹ کا آپریشنل بیڑا گھٹ کر تقریباً 12 طیاروں تک رہ گیا ہے۔ ان میں سے 3 طیارے ادائیگی سے متعلق مسائل کی وجہ سے فی الحال گراؤنڈ ہیں۔ اس کے علاوہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ ملازمین کو جون 2026 سے تنخواہ نہیں ملی ہے۔ اس کا اثر ایئرلائن کی پروازوں اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی خدمات پر پڑ رہا ہے۔ مسلسل پروازیں منسوخ ہونے اور تاخیر کی وجہ سے مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
