شاہ رخ خان / آئی اے این ایس
ممبئی: ہندوستانی سنیما کے سب سے بڑے اعزازات میں شمار ہونے والے ’71ویں نیشنل فلم ایوارڈ 2023‘ کا اعلان ہو چکا ہے۔ اس سال بہترین اداکار کا ایوارڈ شاہ رخ خان اور وکرانت میسی کو دیا گیا ہے۔ شاہ رخ خان کو یہ اعزاز فلم ’جوان‘ جبکہ وکرانت میسی کو ’12ویں فیل‘ میں بہترین اداکاری کے لیے دیا گیا۔ اس کامیابی پر شاہ رخ خان نے ایک ویڈیو جاری کر کے حکومت ہند اور فلمی شائقین کا شکریہ ادا کیا ہے۔
Published: undefined
شاہ رخ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ وہ نیشنل ایوارڈ ملنے پر بے حد شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے قومی ایوارڈ سے نوازنے کے لیے شکریہ۔ میں جوری، وزارت اطلاعات و نشریات اور حکومت ہند کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مجھ پر برسنے والے اس پیار سے میں بے حد متاثر ہوں۔‘‘
Published: undefined
ویڈیو میں انہوں نے فلم ’جوان‘ کے ہدایت کار ایٹلی اور پوری ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ان کے مطابق، ’’یہ ایوارڈ میرے لیے ایک یاد دہانی ہے کہ اداکاری صرف پیشہ نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے۔ اسکرین پر سچ دکھانے کی ذمہ داری۔ میں سبھی کے پیار اور اس اعزاز کے لیے شکر گزار ہوں۔‘‘
Published: undefined
شاہ رخ خان کا شمار ہندوستان کے سب سے کامیاب اداکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ تقریباً 35 برسوں سے فلمی دنیا میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے اپنے کریئر کی شروعات تھیٹر سے کی، پھر ٹیلی ویژن پر آئے، جہاں ’فوجی‘ اور ’سرکَس‘ جیسے شوز سے مقبولیت حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے فلمی دنیا کا رُخ کیا اور ’دیوانہ‘ جیسی فلم سے اپنا فلمی سفر شروع کیا۔
ان کے بعد ’بازیگر‘ اور ’ڈر‘ جیسی فلموں میں منفی کرداروں سے شہرت حاصل کی۔ پھر ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ جیسی فلم نے انہیں ’کنگ آف رومانس‘ بنا دیا۔ گزشتہ کچھ برسوں میں انہوں نے ایکشن فلموں کی طرف رخ کیا اور ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ جیسی فلمیں کیں، جو باکس آفس پر زبردست ہٹ ثابت ہوئیں۔
Published: undefined
حالیہ رپورٹس کے مطابق، شاہ رخ خان اپنی آنے والی فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ انہیں عضلات میں چوٹ آئی جس کے بعد علاج کے لیے امریکہ لے جایا گیا۔ انہوں نے شوٹنگ سے وقفہ لیا اور بتایا جا رہا ہے کہ وہ ایک ماہ کے بعد دوبارہ فلم کی شوٹنگ شروع کریں گے۔
نیشنل ایوارڈ شاہ رخ خان کے طویل اور متنوع فلمی سفر کا ایک اہم سنگِ میل ہے، جو نہ صرف ان کی اداکاری کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ ان کے فن کے اثرات کا بھی مظہر ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined