بالی ووڈ

ناظرین کو مسحور کر دینے والے قہقہوں کے شہنشاہ- جانی واکر

جانی واکر نے اپنے طویل فلمی کیریئر میں 300 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ اپنے خاص اور دلفریب انداز سے ناظرین کو مسحور کرنے والا یہ عظیم مزاحیہ اداکار 29 جولائی 2003 کو اس دنیا کو الوداع کہہ گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

بالی ووڈ میں اپنی زبردست مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں گدگدی پیدا کرنے والے، قہقہوں کے شہنشاہ جانی واکر کو بطور اداکار اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے بس کنڈکٹر کی نوکری بھی کرنی پڑی تھی، بدر الدین جمال الدین قاضی عرف جانی واکر کی پیدائش مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں 11نومبر1920 کو ایک متوسط مسلم خاندان میں ہوئی تھی۔

Published: undefined

انہیں بچپن سے ہی اداکار بننے کا شوق تھا۔ 1942 میں ان کا خاندان ممبئی آگیا۔ یہاں ان کے والد کے ایک دوست پولس انسپکٹر تھے جن کی سفارش پر انہیں بس کنڈکٹر کی نوکری مل گئی۔ یہ نوکری پا کر وہ کافی خوش ہوئے کیونکہ انہیں مفت میں ہی پوری ممبئی گھومنے کا موقع مل گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی انہیں ممبئی کے فلم اسٹوڈیو میں بھی جانے کا موقع مل جایا کرتا تھا۔ ان کا بس کنڈکٹری کرنے کا انداز بھی کافی دلچسپ تھا۔ وہ اپنے خاص انداز میں آواز لگاتے ’’ماہم والے پسنجر اترنے کو ریڈی ہو جاؤ لیڈیز لوگ پہلے‘‘۔ اسی دوران ان کی ملاقات فلمی دنیا کے مشہور ویلین این اے انصاری اور کے آ صف کے سکریٹری رفیق سے ہوئی۔ تقریباً سات آٹھ مہینے کی جدوجہد کے بعد جانی واکر کو فلم ’’آ خری پیمانے‘‘ میں ایک چھوٹا سا رول ملا۔ اس فلم میں انہیں 80 روپئے اجرت ملے جبکہ بطور بس کنڈکٹر انہیں پورے مہینے کے لئے صرف 26 روپئے ہی ملا کرتے تھے۔

Published: undefined

ایک دن جانی واکر کی ملاقات اپنے دور کے ممتاز اداکار بلراج ساہنی سے ہوئی جو ان کی بس میں سفر کر رہے تھے۔ وہ جانی واکر کے خوش مزاجی اور دلچسپ انداز سے کافی متاثر ہوئے اور انہیں گرودت سے ملنے کی صلاح دی، جو ان دنوں فلم ’بازی‘ بنا رہے تھے۔ گرودت نے جانی واکر کی صلاحیت سے خوش ہوکر اپنی فلم بازی میں انہیں کام کرنے کا موقع دیا۔ سال 1951 میں ریلیز ہونے والی فلم بازی کے بعد جانی واکر بطور مزاحیہ اداکار اپنی شناخت بنانے میں کامیاب رہے اور گرودت کے پسندیدہ اداکاروں میں شامل ہوگئے۔ اس کے بعد انہوں نے گرودت کی کئی فلموں میں کام کیا جن میں آر پار، مسٹر اینڈ مسز 55، پیاسا، چودھویں کا چاند، کاغذ کے پھول جیسی سپر ہٹ فلمیں شامل ہیں۔ نوکیتن کے بینر تلے بنی فلم ٹیکسی ڈرائیور میں جانی واکر کے کردار کا نام مستانہ تھا۔ کئی دوستوں نے انہیں اپنا فلمی نام مستانہ رکھنے کی صلاح دی لیکن جانی واکر کو یہ نام پسند نہیں آیا اور انہوں نے اس زمانے کی مشہور ’شراب جانی واکر‘ کے نام پر اپنا نام جانی واکر رکھ لیا۔

Published: undefined

فلم کی کامیابی کے بعد گرودت نے خوش ہو کر انہیں تحفے میں ایک کار دی۔ گرودت کی فلموں کے علاوہ جانی واکر نے ٹیکسی ڈرائیور، دیو داس، نیا انداز، چوری چوری، مدھومتی، مغل اعظم، میرے محبوب، بہو بیگم، میرے حضور جیسی کئی سپر ہٹ فلموں میں اپنی مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کے دلوں کو مسحور کردیا۔ جانی واکر کی شہرت کی ایک خاص وجہ یہ بھی تھی کہ ان کی ہر فلم میں ایک یا دو نغمے ان پر ضرور فلمائے جاتے تھے۔ 1956 میں گرودت کی فلم سی آئی ڈی میں ان پر فلمایا نغمہ ’اے دل ہے مشکل جینا یہاں، ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے یہ ہے ممبئی میری جاں‘ نے پورے ملک میں دھوم مچا دی تھی۔ اس کے بعد ہر فلم میں ان پر ایک نغمہ ضرور فلمایا جا تا تھا، یہاں تک کہ ان کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے فائننسر اور پروڈیوسر کی بھی یہ شرط ہوتی تھی کہ فلم میں جانی واکر پر ایک گیت ضرور ہونا چاہیے۔

Published: undefined

ان پر فلمائے نغمے فلم نیا دور کا ’’میں بمبئی کا بابو‘‘ مدھومتی کا ’’جنگل میں مور ناچا کسی نے نہ دیکھا‘‘ فلم مسٹر اینڈ مسز 55 کا ’’جانے کہاں میرا جگر گیا جی‘‘ فلم پیاسا کا ’’سر جو تیرا چکرائے یا دل ڈوبا جائے‘‘ فلم چودھویں کا چاند کا نغمہ ’’میرا یار بنا ہے دولہا‘‘ بھی ناظرین میں کافی مقبول ہوئے۔ جانی واکر پر فلمائے گئے زیادہ تر نغمے محمد رفیع کی آ واز میں ہیں لیکن فلم ’بات ایک رات کی‘ میں ان پر فلمایا نغمہ ’’کس نے چلمن سے مارا نظارہ مجھے‘‘ میں منا ڈے نے اپنی آواز دی تھی۔ جانی واکر نے تقریباً 12۔10 فلموں میں بطور ہیرو بھی کام کیا ہے۔ بطور ہیرو ان کی پہلی فلم پیسہ یہ پیسہ، تھی جس میں انہوں نے تین مختلف کردار ادا کیے تھے۔ اس کے بعد ان کے نام پر فلم ڈائرکٹر وید موہن نے 1967 میں جانی واکر بنائی تھی۔

Published: undefined

سال1958 میں منظر عام پر آنے والی فلم مدھو متی کے ایک منظر میں وہ درخت پر الٹا لٹک کر بتاتے ہیں کہ دنیا ہی الٹ گئی ہے جسے ناظرین آج تک نہیں بھولے ہیں۔ اس فلم کے لئے انہیں سب سے بہترین معاون اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا۔ اس کے علاوہ 1968میں ریلیز فلم شکار کے لئے انہیں بہترین مزاحیہ اداکار کے فلم فیئر ایوار ڈ سے نوازا گیا۔ ستر کی دہائی میں جانی واکر نے فلموں میں کام کرنا کافی کم کر دیا تھا کیوں کہ ان کا خیال تھا کہ فلم میں کامیڈی کی سطح میں کافی گراوٹ آ گئی ہے۔ اسی دوران رشی کیش مکھرجی کی فلم’آنند‘ میں انہوں نے ایک چھوٹا سا رول نبھایا جس کے ایک منظر میں وہ راجیش کھنہ کو زندگی کا ایک ایسا سبق دیتے ہیں جس سے ناظرین ہنستے ہنستے سنجیدہ ہوجاتے ہیں۔

Published: undefined

جانی واکر کی شادی اس وقت کی معروف اداکارہ شکیلہ کی بہن نور جہاں سے ہوئی۔ نور جہاں بھی اس وقت فلموں میں اداکاری کیا کرتی تھیں۔ ان سے انہیں تین بیٹیاں اور تین بیٹے ناصر خان، ناظم قاضی اور کاظم قاضی ہوئے۔ 1986میں اپنے بیٹے کو فلم انڈسٹری میں لانچ کرنے کے لئے انہوں نے فلم ’’پہنچے ہوئے لوگ‘‘ بنائی جس کے ہدایت کار اور پروڈیوسر وہ خود ہی تھے لیکن باکس آفس پر یہ فلم بری طرح ناکام ثابت ہوئی۔ اس درمیان انہیں کئی فلموں میں اداکاری کرنے کے آ فر ملے، لیکن جانی واکر نے کام کرنے سے انکار کر دیا۔ بعد میں گلزار اور کمل حسن کے زور دینے پر 1998 میں فلم ’چاچی 420‘میں انہوں نے ایک چھوٹا سا رول نبھایا جسے ناظرین نے کافی پسند کیا۔ جانی واکر نے تقریباً پانچ دہائیوں پر مشتمل اپنے طویل فلمی کیریئر میں 300 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ اپنے خاص اور دلفریب انداز سے ناظرین کو مسحور کرنے والا یہ عظیم مزاحیہ اداکار 29 جولائی 2003 کو اس دنیا کو الوداع کہہ گیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined