بالی ووڈ

’انگریزوں کے زمانے کے جیلر‘ اسرانی کا انتقال، خاموشی کے ساتھ آخری رسومات بھی ادا

اسرانی نہیں چاہتے تھے کہ ان کی موت پر بھیڑ والا ماحول بنے، اس لیے انھوں نے بیوی منجو سے کہا تھا کہ وہ سب کو اس کی جانکاری نہ دیں۔ اسی لیے انتقال کے کچھ گھنٹے بعد ہی ان کی آخری رسومات ادا کر دی گئی۔

<div class="paragraphs"><p>اسرانی، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/airnewsalerts">@airnewsalerts</a></p></div>

اسرانی، تصویر @airnewsalerts

 

مشہور زمانہ فلم ’شعلے‘ کا ڈائیلاگ ’ہم انگریزوں کے زمانے کے جیلر ہیں‘ کون بھول سکتا ہے۔ فلم کی طرح یہ ڈائیلاگ بھی بہت مشہور ہے، اور اس ڈائیلاگ میں جان ڈال دینے والے مزاحیہ اداکار اسرانی اب دنیائے فانی سے کوچ کر گئے ہیں۔ انھوں نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر دیوالی کی مبارکباد پیش کی تھی، لیکن اسپتال میں زیر علاج اسرانی کی یہ پوسٹ آخری پوسٹ بن گئی۔ انھوں نے 84 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ وہ 4 دنوں سے اسپتال میں علاج کرا رہے تھے اور آج دوپہر 3 بجے ہی انھوں نے دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ انتقال کے کچھ ہی گھنٹوں بعد خاموشی کے ساتھ ان کی آخری رسومات بھی ادا کر دی گئیں۔

Published: undefined

میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسرانی کے منیجر بابو بھائی نے بتایا کہ اداکار کی طبیعت بگڑنے کے بعد انھیں 4 دن قبل ہی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔ اسپتال میں داخل ہونے کے بعد پتہ چلا کہ ان کے پھیپھڑے میں پانی بھر گیا تھا۔ ایسے میں لگاتار ان کا علاج چل رہا تھا، اور آج وہ زندگی اور موت کی جنگ ہار گئے۔ انتقال سے کچھ گھنٹے پہلے ہی اسرانی نے انسٹاگرام پر اپنے شیدائیوں کو دیوالی کی مبارکباد پیش کی تھی۔

Published: undefined

غور کرنے والی بات یہ ہے کہ اسرانی اپنی موت پر کوئی بھیڑ بھاڑ نہیں چاہتے تھے، اسی لیے انھوں نے اپنی بیوی منجو سے کہا تھا کہ وہ سب کو اس کی جانکاری نہ دیں۔ اسی بات کا خیال رکھتے ہوئے اسرانی کے انتقال کے کچھ گھنٹوں بعد ہی گھر والوں نے ان کی آخری رسومات بھی ادا کر دی۔ اسرا سانتاکروز کے شانتی نگر واقع شمشان گھاٹ میں سپرد آتش کیے گئے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسرانی کے گھر والے جلد ہی ان کی یاد میں دعائیہ جلسہ کا انعقاد کرے گی۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ اسرانی کا پورا نام گووردھن اسرانی تھا۔ وہ راجستھان کے جئے پور کے رہنے والے تھے۔ انھوں نے 1967 میں ریلیز ہوئی فلم ’ہرے کانچ کی چوڑیاں‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔ اسرانی نے اپنے 58 سالہ فلمی کیریئر میں اپنی اداکاری اور مزاحیہ انداز سے ایک بڑے حلقہ کو اپنا دیوانہ بنایا تھا۔ انھوں نے 350 سے زیادہ فلموں میں کام کیا، جن میں شعلے، ابھیمان، چپکے چپکے، چھوٹی سی بات اور بھول بھلیا جیسی فلمیں شامل ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined