بالی ووڈ

اداکار نوازالدین صدیقی مظفر نگر میں لگائیں گے 5 ہزار نیم کے درخت، شجرکاری شروع

نوازالدین صدیقی گزشتہ اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے گیارہ بجے اپنے بھائی فیض الدین کے ساتھ صفی پور گاؤں واقع فارم ہاؤس پہنچے اور نیم کا درخت لگا کر شجرکاری کا سلسلہ شروع کیا۔

نیم کا درخت لگاتے ہوئے نوازالدین صدیقی
نیم کا درخت لگاتے ہوئے نوازالدین صدیقی تصویر آس محمد کیف

بالی ووڈ فلم اداکار نوازالدین صدیقی نے مظفر نگر میں شجرکاری کا عمل شروع کیا ہے جس کی خوب تعریف ہو رہی ہے۔ گزشتہ 20 جون کو نوازالدین نے نیم کا درخت لگا کر شجرکاری کا آغاز کیا اور آنے والے دنوں میں نیم کے 5 ہزار درخت لگانے کا عزم ظاہر کیا۔ کورونا بحران میں اپنے آبائی گھر بڈھانا میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ نوازالدین صدیقی نے ذاتی فارم ہاؤس پہنچ کر نیم کا درخت لگانے کا سلسلہ شروع کیا۔ اس موقع پر نوازالدین صدیقی نے کہا کہ ’’بلڈنگ بنانے سے نہیں بلکہ درخت لگانے سے ترقی ہوتی ہے۔‘‘

Published: undefined

نوازالدین صدیقی گزشتہ اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے گیارہ بجے اپنے بھائی فیض الدین کے ساتھ صفی پور گاؤں واقع فارم ہاؤس پہنچے۔ اس موقع پر انھوں نے کورونا بحران میں آکسیجن کی کمی سے ہلاک ہونے والے لوگوں کے تئیں ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں شجرکاری کی طرف توجہ دینی ہوگی، ہمیں ماحولیات کو بہتر بنانا ہوگا۔ نوازالدین نے خود بھی ایک سال میں پانچ ہزار درخت لگانے کا ہدف رکھا اور کہا کہ فارم ہاؤس سے اس پروگرام کی شروعات ہوئی ہے اور دھیرے دھیرے اس پروگرام کے تحت سرکاری احاطہ قصبہ، تھانہ، تحصیل وغیرہ میں درخت لگائے جائیں گے۔ نوازالدین صدیقی نے فضائی آلودگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت شجرکاری بہت اہم ہے۔ ملک کی ترقی صرف بلڈنگ بنانے سے نہیں بلکہ درخت لگانے سے بھی ہوگی۔ درخت سے ہمیں آکسیجن ملتا ہے، آکسیجن کے بغیر ہماری زندگی کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔

Published: undefined

اس موقع پر نوازالدین صدیقی نے اپنے شیدائیوں سے بھی بات چیت کی اور ان کی محبتوں کے لیے شکریہ ادا کیا۔ ایک ایک کر کے انھوں نے اپنے چاہنے والوں کے ساتھ سیلفی بھی لی۔ اس دوران نوازالدین صدیقی کو سبکدوش ٹیچر راجویر سنگھ ملک نے اپنی طرف سے ان کی سوانح کو ایک نظم کی شکل میں تیار کر کے بطور تحفہ پیش کیا۔ پھر نواز الدین نے کہا کہ ’’ممبئی میری کرم بھومی ہے اور بڈھانا میری جنم بھومی۔ جب بھی مجھے وقت ملتا ہے میں اپنے گاؤں کی جانب رخ کر لیتا ہوں۔ مجھے یہاں آ کر عام زندگی گزارنا اور جھونپڑی میں رہنا ایک سکون کا احساس دلاتا ہے۔‘‘

Published: undefined

نوازالدین صدیقی نے بات چیت کے دوران کورونا انفیکشن سے بچنے کے لیے کووڈ ضابطوں پر سختی کے ساتھ عمل کرنے کی اپیل بھی لوگوں سے کی۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اس وبا سے بچنے کے لیے دو گز کی دوری، ماسک و سینیٹائزر وغیرہ کا استعمال کرنا چاہیے۔ بہت ضروری کام سے ہی گھر سے باہر نکلنا چاہیے۔ انھوں نے ٹیکہ کاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سبھی کو اس وبا سے بچنے کے لیے ٹیکہ لگوانا چاہیے اور دوسروں کو بھی ٹیکہ لگوانے کے لیے ترغیب دینی چاہیے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined