تیز گیندباز عاقب نبی کو ملے گا خاص ایوارڈ، جموں و کشمیر کو پہلی بار رنجی ٹرافی چمپئن بنانے میں نبھایا تھا اہم کردار
رنجی ٹرافی کے ایک سیزن میں 60 وکٹ لینے والے عاقب نبی کو بی سی سی آئی ایوارڈس میں مادھوراؤ سندھیا ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

اپنی شاندار سوئنگ اور تیز گیندبازی سے رنجی ٹرافی میں تہلکہ مچانے والے جموں و کشمیر کے تیز گیندباز عاقب نبی کو ایک بڑا اعزاز ملنے والا ہے۔ اس گیندباز نے رنجی ٹرافی 2025 میں سب سے زیادہ 60 وکٹیں حاصل کیں اور ان کی زبردست گیندبازی کی بدولت جموں و کشمیر نے پہلی بار رنجی ٹرافی کا خطاب جیتنے کا کارنامہ انجام دیا۔ اب اس شاندار کارکردگی کے بعد انہیں بی سی سی آئی کے ’نمن ایوارڈز‘ میں اعزاز سے نوازا جائے گا۔
رنجی کے ایک سیزن میں 60 وکٹیں لینے والے عاقب نبی کو بی سی سی آئی ایوارڈز میں ’مادھوراؤ سندھیا ایوارڈ‘ سے نوازا جائے گا۔ اہم بات یہ ہے کہ ان کے ساتھ کئی بڑے کھلاڑیوں کو بھی ایوارڈز پیش کیے جائیں گے۔ مثلاً شبھمن گل کو ’کرکٹر آف دی ایئر‘ (مینز) کا ایوارڈ دیا جائے گا۔ اسی طرح راہل دراوڑ کو ’کرنل سی کے نائیڈو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘، آیوش مہاترے کو ’لالہ امرناتھ ایوارڈ‘ اور متھالی راج کو ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ سے نوازا جائے گا۔
اگر عاقب نبی کی بات کریں تو اس کھلاڑی نے اپنی شاندار کارکردگی سے مداحوں اور سلیکٹرز دونوں کا دل جیت لیا ہے۔ امکان ہے کہ وہ جلد ہی ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں کھیلتے نظر آئیں گے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ انھیں افغانستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے۔ فی الحال عاقب نبی آئی پی ایل میں بہترین کارکردگی پیش کرنے کی تیاری میں ہیں۔ وہ پہلی بار آئی پی ایل کھیلتے ہوئے دکھائی دیں گے۔ انھیں دہلی کیپٹلز نے 8 کروڑ 40 لاکھ روپے میں خریدا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔