امریکہ کے بعد 3 کروڑ کورونا کیسز والا دوسرا ملک بنا ہندوستان، 50 دنوں میں ایک کروڑ کا اضافہ

کورونا کی دوسری لہر نے ہندوستان میں کس قدر تبائی مچائی اس کا اندازہ اس بات سے لگ جاتا ہے کہ گزشتہ 50 دنوں کے اندر ہی کورونا کیسز میں ایک کروڑ کا اضافہ ہو گیا۔

کورونا وائرس / آئی اے این ایس
کورونا وائرس / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر پر کچھ حد تک لگام ضرور لگ گئی ہے، لیکن اسی اثنا میں ہندوستان میں کورونا کیسز کی تعداد تین کروڑ سے تجاوز کر گئی۔ اسی کے ساتھ ہندوستان، امریکہ کے بعد تین کروڑ کی تعداد کو تجاوز کرنے والا دوسرا ملک بن گیا ہے۔

کورونا کی دوسری لہر نے ہندوستان میں کس قدر تبائی مچائی اس کا اندازہ اس بات سے لگ جاتا ہے کہ گزشتہ 50 دنوں کے اندر ہی کورونا کیسز میں ایک کروڑ کا اضافہ ہو گیا۔ اس طرح سب سے کم دنوں میں کورونا کے ایک کروڑ کیسز کا ریکارڈ بھی ہندوستان کے نام ہو گیا۔ اس سے قبل امریکہ میں 54 دنوں کے اندر ایک کروڑ سے زیادہ کورونا کیسز کی تصدیق کی گئی تھی۔


ہندوستان میں 3 مئی کو کورونا کیسز نے دو کروڑ کی تعداد کو عبور کیا تھا، اس وقت ملک میں کورونا کی دوسری لہر اپنے عروج پر تھی۔ گزشتہ 36 دنوں میں 50 لاکھ کیسز درج کیے گئے ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دوسری لہر اب کچھ کمزور ہو چکی ہے۔ اس سے پہلے پچاس لاکھ کیسز محض 14 دنوں میں ہی درج کر لئے گئے تھے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا کے دو تہائی کیسز کے لئے کورونا کی دوسری لہر ہی ذمہ دار ہے۔ اس کے ساتھ ہی دوسری لہر کے دوران ملک میں تقریباً 233402 لوگوں نے اپنی جان گنوا دی، یہ کورونا سے اب تک ہوئی اموات کا تقریباً 60 فیصد ہے۔


گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 50848 نئے کورنا کیسز درج کیے گئے اور 1358 مریضوں کی جان چلی گئی۔ گزشتہ روز 68817 لوگوں نے کورونا سے شفایابی حاصل کر لی یعنی کل 193278 فعال کیسز کم ہو گئے۔ اس سے ایک روز قبل 42640 نئے کیسز درج کیے گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */