عرب ممالک

سعودی ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کا حملہ، طیارہ جل کر تباہ، وزیر خارجہ کی امریکی ہم منصب سے گفتگو

سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر ابہا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر یمن سے تعلق رکھنے والے حوثی باغیوں کے حملے سے ایک طیارے میں آگ لگ گئی

علامتی تصویر
علامتی تصویر 

ریاض: سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر ابہا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر یمن سے تعلق رکھنے والے حوثی باغیوں کے حملے سے ایک طیارے میں آگ لگ گئی۔ عرب اتحاد نے بدھ کے روز حوثیوں کے اس حملے کی تصدیق کی اور کہا کہ سویلین طیارے کو لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

Published: 11 Feb 2021, 5:10 PM IST

حملہ کے ایک روز بعد جمعرات کے روز سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے اپنے امریکی ہم منصب اینٹنی بلنکن سے ٹیلی فون پر ابہا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ڈرون حملے سمیت علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شہزادہ فیصل اور اینٹنی بلنکن سعودی عرب نے ایران کی پروردہ حوثی ملیشیاؤں کی معاندانہ کارروائیاں روکنے اور یمن کے جاری بحران کے سیاسی تصفیے کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔

Published: 11 Feb 2021, 5:10 PM IST

اینٹنی بلنکن نے ابہا ہوائی اڈے پر حملے میں مسافر جہاز کو پہنچنے والے نقصان اور آتشزدگی پر واشنگٹن کی مذمت کا ایک مرتبہ پھر اعادہ کیا۔ ایرانی حمایت یافتہ تنظیم نے ہوائی اڈے پر حملے کے فورا بعد اس کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سرائے نے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ ’’بغیر پائیلٹ ڈرون فضائیہ نے یمنی عوام پر حملوں اور مقاصد کے لئے استعمال ہونے والے ابہا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی ایئر فیلڈ پر لڑاکا طیاروں کو چار ڈرونز سے نشانہ بنایا۔ الحمد للہ! یہ نشانہ ٹھیک بیٹھا۔‘‘

Published: 11 Feb 2021, 5:10 PM IST

امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن کا کہنا ہے کہ "ایسے وقت میں جب کہ حوثی ملیشیا سعودی عرب پر حملے کر رہی ہے، ہم ہاتھ باندھے کھڑے نہیں رہیں گے"۔ امریکی وزیر خارجہ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ "سعودی عرب ایک اہم سیکورٹی شراکت دار ہے"۔

قبل ازیں عرب اتحاد نے ایک اور بیان میں بتایا تھا کہ اس نے یمن سے سعودی عرب کی جانب چھوڑے گئے حوثیوں کے دو مسلح ڈرونز کو تباہ کردیا ہے۔اتحاد کا کہنا ہے کہ ’’حوثیوں نے بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور وہ سعودی عرب میں شہری اہداف کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔‘‘

Published: 11 Feb 2021, 5:10 PM IST

ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے اس ہفتے میں سعودی عرب کی جانب ایک مرتبہ پھر ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے حملے تیزکردیے ہیں۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے گذشتہ سوموار کو قاہرہ میں عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس میں اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کی حمایت یافتہ ملیشیائیں عرب ممالک کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرے کا موجب بنی ہوئی ہیں۔

Published: 11 Feb 2021, 5:10 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 11 Feb 2021, 5:10 PM IST