وائرل ویڈیو: جب تین سالہ بچی پتنگ کے ساتھ الجھ کر فضا میں کئی میٹر بلندی تک چلی گئی

تائیوان میں پتنگوں کے ایک فیسٹیول میں اس وقت لوگ پریشانی کے شکار ہو گئے جب ایک تین سالہ بچی پتنگ کے ساتھ الجھ کر کئی میٹر بلندی تک فضا میں چلی گئی۔

user

قومی آوازبیورو

امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کی ایک رپورٹ کے مطابق تین سالہ نامعلوم بچی اتوار کو ہونے والے پتنگ فیسٹیول میں شریک تھی۔ جب ایک بڑی نارنجی رنگ کی پتنگ فضا میں بلند کی جانے لگی تو بچی اس پتنگ کی بڑی سی دم میں پھنس کر کئی میٹر تک فضا میں بلند ہوتی چلی گئی۔

فیسٹیول میں موجود نوجوان اس بچی کو بچانے کے لیے بھاگنے لگے جب کہ کئی افراد نے ویڈیوز بھی بنائیں جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پتنگ کے ساتھ بچی کئی بار اوپر نیچے ہوئی۔ تاہم پتنگ کے نیچے آتے ہی نوجوانوں نے بچی کو پکڑ کر اس کی دم سے آزاد کیا۔ اس دوران وہاں موجود خواتین کے چیخنے چلانے کی آوازیں بھی آتیں رہیں۔


مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بچی اس واقعے میں محفوظ رہی اور اسے کسی بھی قسم کے اندورونی یا بیرونی زخم نہیں آئے۔ تائیوان کے شہر سنچو میں اتوار کے روز انٹرنیشنل کائیٹ فیسٹیول منقعد کیا گیا تھا جس میں یہ واقعہ پیش آیا۔ سنچو کی بلدیاتی حکومت نے اس واقعے کے فوری بعد پتنگ فیسٹیول معطل کر دیا۔ حکومت نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ حفاظتی اقدامات کے حوالے سے مزید سختی کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔