ویڈیو: بجٹ میں اقلیتی طبقہ نظر انداز، کیا اس طرح ’وشواس‘ جیتے گی مودی سرکار!

سب کا وشواس جیتنے کا دعوی کرنے والی مودی حکومت سے آج ملک بھر کی اقلیتیں یہ پوچھنے کو مجبور ہیں کہ کیا وشواس یعنی کہ اعتماد اس طرح سے جیتا جاتا ہے!

user

قومی آوازبیورو

مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے مودی حکومت کا پہلا بجٹ پیش کر دیا ہے ۔ اقلیتی طبقہ سے وابستہ کئی ماہرین کو یہ توقع تھی کہ اس بجٹ میں اقلیتوں کی تعلیم، روزگار اور ترقی کے لئے اہم اعلانات کئے جا سکتے ہیں۔ ایسا اس لئے کیوں کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے دوسری مدت کار سنبھالنے کے بعد پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال سے’سب کا ساتھ سب کا وکاس سب کا وشواس‘ کا نعرہ بلند کر کے کہا تھا کہ گزشتہ 70 سالوں میں اقلیتوں کو دھوکہ میں رکھا گیا ہے اور اب ان کی حکومت اقلیتوں کی ترقی کے لئے کام کرے گی اور انہیں مرکزی دھارے میں لا کھڑا کرے گی۔


یہ نعرہ کتنا کھوکھلا ہے یہ تو اقلیتوں کو اسی وقت سمجھ میں آگیا جب پی ایم مودی کے اس بیان کے بعد ملک بھر کی متعدد ریاستوں میں مسلمانوں کو موب لنچنگ کا شکار بنایا گیا اور اس پر وزیر اعظم مودی نے ایک لفظ نہیں کہا۔ اس کے بعد جمعہ کے روز مودی حکومت کی طرف سے پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے عام بجٹ نے تو گویا مودی حکومت کی پول کھول کر رکھ دی ہے۔ کیوں کہ بجٹ میں اقلیتوں کے حق میں کوئی اعلان تو دور، پہلے سے جاری منصوبوں کے لئے فراہم کی جانے والی رقوم میں بھی کٹوتی کر دی گئی ہے۔

عام بجٹ پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ وزارت برائے اقلیتی امور کے لئے مختص کی جانے والی رقم میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ پوسٹ میٹرک اسکالرشپ ، ٹیکنیکل اور پروفیشنل کورسز کے لئے چل رہی ’میرٹ کم مینس‘ اسکالر شپ ، پری میٹرک اسکارشپ ، اقلیتی امیدواروں کے لئے چلائی جانے والی آئی اے ایس، پی سی ایس کی فری کوچنگ ، اقلیتی طبقہ کے طلبا، خواتین اور کاروبار شروع کرنے کے خواہشمندگان کے لئے چلائی جانے والی اسکیم سمیت متعدد اسکیموں کے لئے مختص کی گئی رقم میں کمی کر دی گئی ہے۔


سب کا وشواس کا نعرہ دینے کے بعد مودی حکومت کی طرف سے 5 کروڑ طلبا کو اسکالرشپ دینے کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔ لیکن اب جبکہ اقلیتوں کے حوالہ سے کسی بھی مد میں دی جانے والی رقم میں کمی کر دی گئی ہے داشوران کا کہنا ہے کہ اعلان کرنے کے بعد اگر کسی اسکیم کے لئے رقم ہی نہیں دی جائے گی تو ایسے اعلان کو صرف اور صرف لفاظی ہی کہا جا سکتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بجٹ میں اقلیتوں کے لئے چلائی جانے والی اسکیموں کی تشہیر کی رقم میں اضافہ کر دیا ہے۔ مودی حکومت کی حکمت عملی صاف نظر آ رہی ہے کہ کام کم کرو لیکن اسے دکھاؤ زیادہ۔ سب کا وشواس جیتنے کا دعوی کرنے والی مودی حکومت سے آج ملک بھر کی اقلیتیں یہ پوچھنے کو مجبور ہیں کہ کیا وشواس یعنی کہ اعتماد اس طرح سے جیتا جاتا ہے!

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Jul 2019, 7:10 PM