سونیا، راہل اور پرینکا نے مزدوروں و ضرورت مندوں کے لیے مودی حکومت سے کیا بڑا مطالبہ، دیکھیں ویڈیو

آج کانگریس نے اسپیک اَپ انڈیا مہم کی شروعات کی اور اس کے ذریعہ کانگریس صدر سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے غریبوں، مزدوروں و ضرورت مندوں کے مسائل مودی حکومت کے سامنے رکھے۔

user

قومی آوازبیورو

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے مزدوروں کے مسائل کو لے کر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اسپیک اَپ انڈیا مہم کی شروعات کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ آزادی کے بعد پہلی بار ملک نے ایسا دردناک منظر دیکھا ہے۔ مزدور ننگے پاؤں سینکڑوں کلو میٹر پیدل چل کر جانے کے لیے مجبور ہیں اور ان کی سسکیاں سب نے سنی لیکن حکومت نے نہیں۔ سونیا گاندھی نے مودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان مزدوروں کے لیے اپنے خزانہ کا تالہ جلد کھولیں۔

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اسپیک اَپ انڈیا مہم کے تحت ایک ویڈیو پیغام آفیشیل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کیا جس میں انھوں نے کہا کہ ”کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں ایک طوفان برپا ہے۔ سب سے زیادہ چوٹ غریب عوام کو لگی ہے۔ مزدوروں کو ہزاروں کلو میٹر پیدل بھوکے پیاسے چلنا پڑا۔“ اپنے ویڈیو پیغام میں راہل گاندھی نے مودی حکومت کے سامنے چار مطالبات رکھتے ہوئے کہا کہ ”سب سے پہلے ہر غریب فیملی کے بینک اکاؤنٹ میں مہینے کا 7500 روپے 6 مہینے کےلیے ڈالا جائے۔ دوسرا، منریگا کو 100 دن نہیں بلکہ 200 دن چلایا جائے۔ تیسرا، جو ہمارے چھوٹے اور میڈیم کاروبار ہیں، ان کے لیے فوراً ایک پیکیج تیار کیا جائے۔ چوتھا، جو ہمارے مزدور آج سڑکوں پر کھڑے ہیں، واپس گھر کے لیے لوٹ رہے ہیں، ان کو لوٹنے کے لیے فوری سہولت دی جائے۔“

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اس مہم کے تحت جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام کو ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ”ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم ساتھ مل کر ضرورت مندوں کی مدد کے لیے آواز اٹھائیں۔ میں آواز اٹھا رہی ہوں، آپ بھی اٹھائیں۔“ ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہا ہے کہ "آج غریب مزدور مشکل میں ہیں اور حکومت اس کی مدد نہیں کر رہی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ان مزدوروں کے مسائل دور کرے، ان کے گھر پہنچنے کا مناسب انتظام کرے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔