قومی آواز بلیٹن: وزیر اعظم مودی کے ’پیکیج‘ کو موڈیز نے کیا نظر انداز؛ دہلی میں کورونا خوفناک شکل اختیار کر سکتی ہے

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: انگلینڈ میں لاک ڈاؤن میں نرمی، 10 ہفتوں کے بعد کھلے اسکول؛ ٹرمپ نے واشنگٹن میں مسلح افواج تعینات کرنے کا کیا اعلان

user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی کے ’پیکیج‘ کو موڈیز نے کیا نظر انداز

پہلے سے ہی سست پڑی ہندوستانی معیشت کو کورونا کے قہر نے پوری طرح سے تباہی کے دہانے پر لا کر کھڑا کر دیا ہے۔ مودی حکومت نے معیشت کو رفتار دینے کے لیے 20 لاکھ کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کیا تھا۔ اس پیکیج کا گانا پورے پانچ دن تک میڈیا میں گایا گیا، لیکن لگتا ہے کہ اس گانے کا ملک کی معیشت پر کوئی مثبت اثر نہیں پڑا ہے۔ ریٹنگ ایجنسی 'موڈیز' نے مودی حکومت کے پیکیج کو ہندوستان کی معیشت کو رفتار دینے میں ناکام بتایا ہے۔ اتنا ہی نہیں، ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے ہندوستان کی ریٹنگ گھٹا دی ہے۔

کورونا سے نمٹنے کے لیے نافذ ہوئے طویل لاک ڈاؤن، بڑھتے قرض اور کاروباری ماحول میں بحران کو وجہ بتاتے ہوئے ایجنسی نے ہندوستان کی ریٹنگ میں کٹوتی کی ہے۔ ہندوستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اب Baa2 سے گھٹا کر Baa3 کر دیا گیا ہے۔ موڈیز نے کہا ہے کہ اس کی وجہ سیدھے طور پر کورونا وبا نہیں ہے، لیکن اس کی وجہ سے مشکلیں بڑھی ہیں اور ہندوستان کی کریڈٹ پروفائل میں کٹوتی کرنی پڑی ہے۔ Baa3 کا مطلب سب سے کم انویسٹمنٹ گروتھ یا انویسٹمنٹ کے لیے سب سے ذیلی سطح کی ریٹنگ ہے۔


ابھی تو حالات مزید خراب ہونے ہیں، راہل گاندھی کا ٹوئٹ

ملک کی معیشت پر کانگریس رہنما راہل گاندھی کا رد عمل سامنے آیا ہے اور انھوں نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا ہے کہ حکومت گرتی معیشت کو سنبھالنے میں پوری طرح ناکام ہے اور حالات مزید خراب ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "موڈیز نے مودی کے ذریعہ ہندوستانی معیشت کو سنبھالنے کو کباڑ (جنک) والی ریٹنگ سے ایک قدم اوپر رکھا ہے۔ غریبوں اور ایم ایس ایم ای سیکٹر کو حمایت کی کمی کا مطلب ہے کہ ابھی حالات مزید خراب ہونے والے ہیں۔"

دہلی میں کورونا وبا خوفناک شکل اختیار کر سکتی ہے، حکومت کا بینکوئٹ ہال اور اسٹیڈیم کو اسپتال بنانے کا فیصلہ

دہلی میں کورونا انفیکشن کے معاملے لگاتار بڑھ رہے ہیں اور تیاریوں کے حساب سے واضح ہو رہا ہے کہ حکومت کے پاس حالات کے خوفناک شکل اختیار کی معلومات ہے۔ اس معلومات کے پیش نظر کیجریوال حکومت نے اب فیصلہ کیا ہے کہ دہلی کے سبھی بینکوئٹ ہال اور اسٹیڈیم کو کورونا اسپتال میں تبدیل کیا جائے تاکہ آنے والے دنوں میں مریضوں کے علاج میں کسی طرح کی دقت پیش نہ آئے۔

دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) نے اس سلسلے میں سبھی ضلع مجسٹریٹ سے بینکوئٹ ہال اور اسٹیڈیم کی فہرست مانگی گئی ہے۔ ڈی ڈی ایم اے نے دہلی میں لاشوں کو سپرد آتش اور تدفین کرنے کے لیے زیادہ مقامات کی ضرورت کا بھی تذکرہ کیا ہے۔ اتھارٹی کے ایڈیشنل سی ای او راجیش گویل نے ایک اخبار کو بتایا کہ راجدھانی میں کورونا مریضوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے سبھی ضلع مجسٹریٹ کو پیر کے روز باضابطہ ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انڈور ائیر کنڈیشنڈ لوکیشن کی تلاش کریں جو ملٹی میڈیا ہال اور بینکوئٹ ہال ہو سکتے ہیں۔ بڑے انڈور اسٹیڈیم بھی اس کام کے لیے مناسب ہیں۔ ادھر حکومت نے مرکزی ریلوے سے ان ٹرینوں کا بھی مطالبہ کیا ہے جن میں کورونا مریضوں کوکوارنٹائن کیا جا سکتا ہے۔


ٹرمپ نے واشنگٹن میں مسلح افواج تعینات کرنے کا اعلان کیا

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں بڑی تعداد میں مسلح افواج تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی سفید فام پولیس اہلکارکے ہاتھوں ہلاکت کے بعد امریکہ کے کئی شہروں میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ نے مسلح افواج تعینات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن میں بد امنی انتہائی ذلت آمیز ہے، لاقانونیت اور تشدد کے خاتمہ کے لئے فوج کو متحرک کیا جائے گا، بطور صدر میری پہلی اور سب سے بڑی ذمہ داری امریکہ اور اس کے شہریوں کی حفاظت کرنا ہے۔

انگلینڈ میں لاک ڈاؤن میں نرمی، 10 ہفتوں کے بعد کھلے اسکول

10 ہفتوں کے بعد برطانیہ کے انگلینڈ ریجن میں لاک ڈاؤن کے بعد اسکول کھول دیئے گئے ہیں لیکن نصف کے قریب والدین نے اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے سے گریز کیا۔ برطانوی حکومت نے گزشتہ روز لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں اسکولوں کا کھولا جانا بھی شامل تھا، کچھ علاقوں میں مقامی انتظامیہ اور ٹیچرز یونین کی جانب سے تحفظات کے اظہار کی وجہ سے بہت کم تعداد میں بچے اسکول آئے۔ بہت سے والدین کی جانب سے بچوں کو اسکول بھیجنے سے گریز کرنے کی وجہ سے حاضری 46 سے 50 فیصد کم رہی، جبکہ 25 فیصد ٹیچرز اپنی یا اہل خانہ کے بیماری میں مبتلا ہونے کی وجہ سے اسکول نہیں پہنچے۔


قومی آواز کے قارئین و ناظرین سے ضروری گزارش، گھر سے باہر نکلیں تو ماسک پہنیں اور سماجی دوری بنائے رکھیں، شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔