قومی آواز بلیٹن: کرناٹک کی بی جے پی حکومت مشکل میں؛ بحرین میں مساجد کھولنے کا اعلان

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: 2 ماہ سے مودی اور ٹرمپ کے درمیان کوئی رابطہ نہیں؛ پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 59 لاکھ سے تجاوز؛ راہل گاندھی نے کہا چینی سرحد معاملہ پر حکومت خاموشی توڑے

user

قومی آوازبیورو

کرناٹک بی جے پی میں یدی یورپا کے خلاف بغاوت کے آثار

کورونا وائرس کے بحران کے دوران کرناٹک کے وزیر اعلی یدی یورپا کو سیاسی بحران کا سامنا ہے۔ اطلاعات کے مطابق شمالی کرناٹک سے تعلق رکھنے والے 20 ارکان اسمبلی وزیر اعلی یدی یورپا کے خلاف لام بند ہو رہے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ریاست کے سابق وزیر امیش کٹی نے بی جے پی کے 20 ارکان اسمبلی کو جمعرات کو عشایہ دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق یہ ارکان اسمبلی بیلگام ضلع کی لنگیات برادری سے تعلق رکھنے والے طاقتور سیاسی رہنما اور آٹھ بار کے رکن اسمبلی امیش کٹی کو کابینہ کا وزیر بنائے جانے کے حق میں ہیں اور چاہتے ہیں کہ امیش کے بھائی رمیش کٹی کو راجیہ سبھا کے لئے نامزد کیا جائے۔ واضح رہے کوئی بھی رکن اسمبلی اس پر کھل کر بات نہیں کر رہا ہے لیکن یہ ایک کھلی حقیقت ہے کہ یہ سب وزیر اعلی سے ناراض ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلی یدی یورپا نے امیش کٹی کو ملاقات کے لئے طلب کیا ہے۔ لنگیات سماج کے سینئر بی جے پی کے رکن اسمبلی بی آر پاٹل کی بھی وزیر اعلی سے ناراضگی چل رہی ہے۔


چینی سرحد کے حالات پر حکومت خاموشی توڑے... راہل گاندھی کا مطالبہ

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے چین کی سرحد پر تناؤ کے حالات کے سلسلے میں حکومت کی خاموشی کو خطرناک بتایا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بحران سے جوجھ رہے ملک کے عوام کو سرحد کے حالات کی اصلیت بتانی چاہیے۔ راہل گاندھی نے جمعہ کو ٹوئٹ کرکے کہا ہے کہ ’’بحران کے اس دور میں چین کی سرحد کے حالات کے سلسلے میں حکومت کی خاموشی سے قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں اور بے یقینی کا ماحول بنا ہوا ہے۔ حکومت کو ملک کے عوام کو صاف صاف بتانا چاہیے کہ سرحد پر کیا ہو رہا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ لداخ سے لے کر سکم تک چین کی سرحد پر اس ماہ کی شروعات سے تناؤ کے حالات ہیں اور دونوں ممالک کے فوجیوں کے درمیان جھڑپوں کی خبریں ہیں۔

’مودی اور ٹرمپ کے درمیان دو ماہ سے کوئی رابطہ نہیں ہوا‘

ہندوستان نے واضح کیا ہے کہ ہندوستان چین سرحد تنازعہ کے سلسلے میں وزیراعظم نریندرمودی اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے اور اس مسئلے پر ہندوستان براہ راست چین کے سفیر اور دیگر چینی ذمہ داران سےمسلسل رابطے میں ہے۔ سرکاری ذرائع نے یہاں کہا کہ پی ایم مودی اور صدر ٹرمپ کے درمیان حال ہی میں کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔ دونوں لیڈروں کے درمیان بات چیت گزشتہ چار اپریل کو ہائی ڈروکسی کلوروکوین کی سپلائی کے سلسلے میں ہوئی تھی۔ واضح رہے ٹرمپ نے کل میڈیا سے کہا تھا کہ ان کی وزیر اعظم نریندر مودی سے بات ہوئی ہے اور چین سے تنازعہ کو لے کر وزیر اعظم کا موڈ بہت خراب ہے۔


پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 59 لاکھ سے تجاوز

دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد تین لاکھ 62 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، جبکہ متاثرین کی تعداد 59 لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے۔ کورونا سے متاثر ہونے کے معاملے میں امریکہ پوری دنیا میں پہلے مقام پر ہے، جبکہ برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔ وہیں اس جان لیوا وائرس سے ہونے والی اموات کے مطابق امریکہ پہلے، برطانیہ دوسرے اور اٹلی تیسرے نمبر پر ہے۔ ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کا قہر کم نہیں ہورہا ہے، عالمی سپر پاور امریکہ میں اس وبا سے اب تک 17.68 لاکھ لوگ متاثر ہو چکے ہیں اوراس کے سبب ایک لاکھ تین ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔ وہیں برازیل میں بھی کورونا نے اب تک چار لاکھ سے زیادہ لوگوں کو اپنی زد میں لے لیا ہے اور ساڑھے 26 ہزار سے زائد لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ روس میں بھی كووڈ -19 کا غضب جاری ہے اور یہاں اس کے انفیکشن سے اب تک پونے چار لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہو چکے ہیں اور 4374 لوگوں نے جان گنوائی ہے۔

بحرین میں 5 جون سے مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت

بحرین کی وزارتِ انصاف اور اسلامی امور انے ایک بیان میں کہا ہے کہ ''5 جون سے مساجد میں نماز جمعہ کی با جماعت ادائیگی کی جا سکتی ہے لیکن مساجد کے منتظمین کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی و احتیاطی تدابیر کرنے کے پابند ہوں گے۔ وزارت نے کہا کہ کووِڈ-19 بحران سے متعلق فیصلے وقتاً فوقتاً صورت حال کے جائزے کی روشنی میں کیے جائیں گے۔'' بحرین نے مارچ کے آخر میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے دوسرے خلیجی عرب ممالک کی طرح مساجد میں پنج وقتہ نمازوں کے علاوہ نماز جمعہ کی ادائیگی موقوف کردی تھیں اور ہدایت دی گئی تھی کہ لوگ اپنے گھروں ہی میں نماز ادا کریں۔


قومی آواز کے قارئین و ناظرین سے ضروری گزارش، لاک ڈاؤن کے ضوابط کی پابندی ضرور کریں۔ شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔