قومی آواز بلیٹن: روزانہ 10 لاکھ ٹیسٹ درکار؛ شیوراج کابینہ میں توسیع، اوما بھارتی ناراض؛ چراغ-نتیش میں دراڑ

آج کی کچھ اہم خبریں: کورونا پر فتح حاصل کرنا ہے تو روزانہ کرنے ہوں گے 10لاکھ ٹیسٹ؛ شیوراج کابینہ میں توسیع، 28 وزراء کی حلف برداری، اوما بھارتی ناراض؛ چراغ پاسوان اور نتیش کمار کے تعلقات میں تلخی

user

قومی آوازبیورو

کورونا پر فتح حاصل کرنا ہے تو روزانہ کرنے ہوں گے 10 لاکھ ٹیسٹ!

ہندوستان میں کورونا پر فتح حاصل کرنے کے لیے کوششیں لگاتار جاری ہیں اور سائنسداں، وبائی امراض کے ماہرین اور ڈاکٹرس بار بار یہی کہہ رہے ہیں کہ ٹیسٹنگ کے عمل کو تیز کر کے ہی اس وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ اب سنٹر فار سیلولر اینڈ مالیکولر بایولوجی یعنی سی سی ایم بی کے ڈائریکٹر راکیش مشرا نے ایک بڑا بیان دیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ہندوستان کو کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی ٹیسٹنگ صلاحیت تقریباً 10 گنا بڑھانی ہوگی۔

تلنگانہ کے گورنر اور دیگر افراد کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کے دوران انھوں نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ "ٹیسٹنگ ایک لاکھ سے زیادہ ہونی چاہیے اور روزانہ یہ تعداد 10 لاکھ ہو سکتی ہے۔"

شیوراج کابینہ میں توسیع، 28 وزراء کی حلف برداری، اوما بھارتی ناراض

کورونا وباکے دوران بنی شیوراج سنگھ چوہان کی قیادت والی بی جے پی حکومت کی کابینہ کی توسیع بھی کورونا بحران کے دوران ہی آج ہوئی۔ مدھیہ پردیش میں وزیراعلی شیو راج سنگھ چوہان نے آج اپنی کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے اس میں 28 نئے وزراء کو شامل کیا، جن میں 20 کابینی اور 8 ریاستی درجہ کےوزیر شامل ہوئے ہیں۔ تقریباً 12 وزیر جیوترآدتیہ سندھیا کے حامی ہیں۔

دوسری جانب بی جے پی کی نائب صدر اور سابق مرکزی وزیر اوما بھارتی نے مدھیہ پردیش میں کابینہ کی توسیع سے پہلے ذات پات کے تال میل کے سلسلے میں پارٹی قیادت کے سامنے ’اصولی عدم اتفاق‘ کا اظہار کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ کابینہ کی فہرست کو متوازن کیا جائے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارتی نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو پیغام بھیج کر ریاستی کابینہ کی توسیع میں ’اصولی مسئلوں‘ پر گہرا اعتراض ظاہر کیا ہے۔


چراغ پاسوان اور نتیش کمار کے تعلقات میں تلخی، مفاہمت کے لئے اتری بی جے پی

انتخابی سیاست کے موسم کو سمجھنے کی مہارت رکھنے والے مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے بہار انتخابات سے قبل موسم کا مزاج سمجھنا شروع کر دیا ہے۔ ان کے بیٹے اور لوک جن شکتی پارٹی کے قومی صدر چراغ پاسوان اس وقت وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے بہت ناراض ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ چراغ پاسوان اس بات پر دلبرداشتہ ہیں کہ نتیش انہیں ترجیح نہیں دیتے اور میڈیا رپورٹ کے مطابق چراغ پاسوان اب نتیش کمار کے ساتھ آر پار کے موڈ میں نظر آ رہے ہیں۔ چراغ پاسوان کے نزدیکی افراد کے مطابق نتیش فون کرنے پر نہ کبھی پلٹ کر بات کرتے ہیں اور نہ ہی ان کی تجویزات پر کوئی عمل کرتے ہیں، ظاہر ہے کہ دونون کے بیچ تعلقات ٹھیک نہیں چل رہے ہیں۔ دونوں کے تعلقات میں تلخی کورونا بحران کے درمیان واضح طور پر منظر عام پر آ ئی تھی کیونکہ چراغ نے کئی معاملات میں نتیش کمار پر نشانہ لگانے میں پرہیز نہیں کیا تھا، خواہ وہ کوٹہ کے طلباء کا معاملہ ہو یا پر مہاجر مزدوروں کا۔ انتخابات سر پر ہونے کی وجہ سے دونوں پارٹیوں میں تلخی کو دیکھتے ہوئے اب بی جے پی مفاہمت کے لئے میدان میں اتری ہے۔

لاک ڈاؤن قانون کی خلاف ورزی کرنے والے نیو زی لینڈ کے وزیر صحت مستعفی

نیوزی لینڈ کے وزیر صحت ڈیوڈ کلارک نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے کے معاملے میں ہو رہی زبردست تنقید اور سرکاری رد عمل کو دیکھتے ہوئے بالآخر استعفیٰ دے دیا۔ ان کے استعفیٰ کا اعلان جمعرات کے روز نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کیا۔ ڈیوڈ کلارک دراصل اپریل مہینے میں سخت لاک ڈاؤن کے دوران اپنی فیملی کے ساتھ ساحل پر چلے گئے تھے جس کے بعد سے ہی انھیں لوگ تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے۔ اب جب کہ نیوزی لینڈ نے پوری طرح سے کورونا پر قابو پا لیا ہے تو انھیں مستعفی ہونا پڑا۔ قابل ذکر ہے کہ وزیرا عظم جیسنڈا آرڈرن نے پہلے ڈیوڈ کلارک کو ہٹانے سے انکار کر دیا تھا اور کہا تھا کہ ملک میں کورونا کو روکنے میں ڈیوڈ کلارک نے اہم کردار نبھایا ہے۔ حالانکہ اب پی ایم جیسنڈا نے کہا کہ وہ ڈیوڈ کلارک کے استعفیٰ دینے کے فیصلے سے متفق ہیں۔ دراصل گزشتہ دنوں نیوزی لینڈ میں ایک بڑی لاپروائی بھی سامنے آئی تھی اور یہ بھی ڈیوڈ کلارک کے استعفیٰ کی وجوہات میں شامل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نیوزی لینڈ کے ایک کوارنٹائن سنٹر میں کچھ دنوں پہلے کورونا کے معاملے سامنے آئے تھے۔ کوارنٹائن سنٹر کی سیکورٹی میں چوک ہو گئی تھی اور اس چوک کے بعد ہی وزیر صحت کلارک نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔


کورونا پر فتح اب دور نہیں، دنیا بھر میں 141 ٹیکوں پر کام جاری

کورونا انفیکشن کی بیماری نے پوری دنیا کو حیران و پریشان کر رکھا ہے۔ سبھی ممالک کوشش کر رہے ہیں کہ جلد سے جلد اس مہلک وبائی مرض پر قابو پانے کے لیے ٹیکہ تیار کیا جائے۔ ہندوستان کے ساتھ ساتھ روس، امریکہ اور برازیل وغیرہ ممالک میں زور و شور سے ٹیکہ پر تجربہ کا عمل جاری ہے اور وبائی امراض کے ماہرین و سائنسداں دن رات محنت کر رہے ہیں۔ ہندوستان میں بھی 'کوویکسن' نامی ٹیکہ کے ہیومن ٹرائل کی منظوری مل گئی ہے۔ اس درمیان عالمی ادارہ صحت، ڈبلیو ایچ او، کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کووڈ-19 کے 141 ٹیکے تیار کیے جا رہے ہیں۔

قومی آواز کے قارئین و ناظرین سےضروری گزارش، ضروری کام انجام دیتے وقت ضوابط کا خیال رکھیں، شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    Published: 02 Jul 2020, 8:11 PM