قومی آواز بلیٹن: پاکستانی طیارہ حادثہ کا شکار؛ حکومت کی غلط پالیسوں سے عوام پریشان، سونیا گاندھی

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: پی آئی اے کا مسافر طیارہ گر کر تباہ، 100 سواریوں کے جاں بحق ہونے کاخدشہ؛ حکومت کی غلط حکمت عملی کی وجہ سے مہاجر مزدور اور غریب پریشان، سونیا گاندھی کا بیان

user

قومی آوازبیورو

پی آئی اے کا مسافر طیارہ کراچی کے رہائشی علاقے پر گر کر تباہ، 100 سواریوں کے جاں بحق ہونے کاخدشہ

کراچی کے رہاشی علاقہ میں پی آئی اے کا طیارہ آج دوپہر گر کر تباہ ہو گیا ۔پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 میں 99 مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے تاہم جاں بحق افراد کے حتمی اعداد و شمار ابھی نہیں دیے گئے لیکن روزنامہ جنگ نے جاں بحق ہونے کی تعداد 100 بتائی ہے۔

مسافر طیارہ لاہور سے کراچی کیلئے روانہ ہوا تھا اور کراچی ایئرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہوا۔ پی آئی اے کے طیارے نے حادثے سے ایک گھنٹہ30 منٹ قبل لاہور ایئر پورٹ سے اڑان بھری تھی اور کراچی ائیر پورٹ پر لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے گرکر تباہ ہوا۔

حکومت کی غلط حکمت عملی کی وجہ سے مہاجر مزدور اور غریب پریشان: سونیا گاندھی کا بیان

حزب اختلاف کی پارٹیوں کےساتھ ویڈیو کانفرنسگ کے ذریعہ منعقد کی گئی میٹنگ میں کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے حکومت کی سخت الفاظ میں تنقید کی۔ اپنے خطاب میں سونیا گاندھی نے کورونا بحران اور امفان طوفان میں متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ کورونا بحران اور اس کی وجہ سے مزید برھے معاشی بحران کا ذکر کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ نوٹ بندی اور غلط جی ایس ٹی کی وجہ سے پہلے ہی ملک کی معیشت متاثر تھی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت یعنی ڈبلو ایچ او نے کورونا کو ۱۱ مارچ کو وبا ڈکلئیر کر دیا تھا لیکن حکومت نے ۲۴ مارچ کو لاک ڈاؤن نافذ کیا اور اس کے نفاذ میں بھی عوام کو صرف چار گھنٹوں کی مہلت دی۔ انہوں نے کہا کہ خراب حکمت عملی کی وجہ سے بڑی تعداد میں مہاجر مزدور اور غریب لوگ متاثر ہوئے۔


دکھ کے اس وقت میں مرکز مغربی بنگال کے ساتھ ہے، وزیر اعظم کا بنگال دورے کے بعد اعلان

وزیر اعظم لاک ڈاؤن کے بعد پہلی مرتبہ دہلی سے باہر گئے ۔ وزیر اعظم نے مغربی بنگال کے امفان طوفان سے ہوئے نقصان کا جائزہ لیا ۔ ائیر فورس کے ہیلی کاپٹر میں وزیر اعظم نے مغربی بنگال کی وزیر علی ممتا بینرجی اور ریاست کے گورنر جگدیپ دھنکڑ کے ساتھ متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا اور بعد میں بشیر ہاٹ پہنچ کر ایک جائزہ میٹنگ کی ۔

میٹنگ کے بعد وزیر اعظم نے مغربی بنگال کے لئے ایک ہزار کروڑروپے کے پیکج کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مرکزی حکومت ریاستی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ممتا بینرجی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کورونا بحران اور امفان طوفان سے اچھی طرح نمٹا ہے۔

کورونا کی وجہ سے منفی رہے گی ہندوستان کی جی ڈی پی شرح،آربی آئی گورنر کا اعلان

آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس نے پریس کانفرنس کے دوران ایک انتہائی اہم بات یہ کہی کہ کورونا بحران سے معیشت کو نقصان پہنچا ہے اور مالی سال 21-2020 کے دوران ملک کی جی ڈی پی شرح نگیٹو یعنی منفی رہے گی۔آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس نے کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہندوستان کے سامنے کھڑے چیلنجز کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نےپریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے اپنی تین دن کی میٹنگ میں ریپو ریٹ میں تخفیف کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ تخفیف 0.4 فیصد کی ہوگی اور اس طرح ریپو ریٹ گھٹ کر 4 فیصد پر آ گیا ہے جو کہ پہلے 4.4 فیصد تھا۔ اس کے علاوہ ایم پی سی کی میٹنگ میں فیصلہ کے بعد ریورس ریپو ریٹ بھی گھٹ کر 3.75 فیصد سے کم ہو کر 3.35 فیصد پر آ گیا ہے۔


کوروناوائرس کی ’دوسری لہر‘ میں نہیں ہو گا لاک ڈاؤن: ٹرمپ کا اعلان

امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران ملک میں لاک ڈاؤن کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ریاست مشی گن میں فورڈ پروڈکشن پلانٹ کے دورے کے دوران صحافیوں کے ایک سوال کے جواب میں ٹرمپ نے یہ اظہار کیا۔ انھوں نے نے کہا کہ ’’لوگ کہہ رہے ہیں، بہت کم امکان ہے۔ ہم مصیبت سے باہر آ رہے ہیں۔ ہم ملک کو بند نہیں کر رہے ہیں ہم مصیبت سے باہر آرہے ہیں‘‘۔

پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 51 لاکھ سے تجاوز

پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 52 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 35 ہزار سے سے زیادہ ہو گئی ہے۔

امریکہ میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 96 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے اور متاثرین کی تعداد 16 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

روس میں کورونا متاثرین کی تعداد 3 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے اور اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3249 ہو گئی ہے۔برازیل میں کورونا متاثرین کی تعداد بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور وہ اب دنیا میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔


کورونا وائرس کے سائے میں مسجد حرام میں ختم قرآن

دنیا کے بڑے حصہ میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے جمعتہ الودا کی نماز مساجد میں نہیں ہوئیں ۔ ادھر مسجد حرام میں ایک الگ طرح کا منظر دیکھنے کو ملا ۔گزشتہ برس تک کافی عرصے سے یہ معمول تھا کہ رمضان مبارک میں مسجد حرام کے اندر ختم قرآن کی رات بیس لاکھ سے زیادہ نمازی صفوں میں موجود ہوتے تھے۔ اس روز لوگ سویرے سے ہی حرم مکی کا رخ کیاکرتے تھے۔ اس طرح کی مبارک شب میں حرم شریف کی راہ داریاں ، بالائی منزلیں اور چھت نمازیوں سے کھچا کھچ بھر جاتی تھی۔ یہ لوگ ختم قرآن کے موقع پر نماز عشاء اور تراویح کی ادائیگی میں شریک ہوتے تھے۔تاہم اس مرتبہ مسجد حرام میں ختم قرآن کی شب گذشتہ برسوں سے مختلف تھی۔ کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے سبب احتیاطی اقدامات اور حفاظتی اقدام کی نیت سے نمازیوں کی تعداد کو نہایت کم کر دینے کے بیچ ختم قرآن کے موقع پر معمول سے یکسر مختلف منظر دکھائی دیا۔

قومی آواز کے قارئین و سامعین سے ضروری گزارش ، لاک ڈاؤن کے ضوابط کی پابندی ضرور کریں ۔شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    /* */