قومی آواز بلیٹن: ٹرینوں کی بکنگ شروع؛ راجیو ہوتے تو ٹیسٹنگ پر زور دیتے؛ ٹرمپ کی نئی دھمکی

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: آج سے 200 نئی ٹرینوں کے لیے بکنگ شروع؛ ’’راجیو ہوتے تو ٹیسٹنگ پر زور دیتے‘؛ چھتیس گڑھ میں ’راجیو گاندھی کسان نیائے یوجنا‘ کا افتتاح

user

قومی آوازبیورو

آج سے 200 نئی ٹرینوں کے لیے بکنگ شروع

ملک میں کورونا بحران کے درمیان آج سے 200 ٹرینوں کے لیے بکنگ شروع ہو گئی۔ ٹکٹ بکنگ کا عمل آج صبح 10 بجے سے ہی شروع ہوا۔ ریلوے نے مزدور اسپیشل ٹرینوں کے علاوہ یکم جون سے 200 غیر اے سی ٹرینوں کو چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان ٹرینوں کے لئے ٹکٹ کی بکنگ صرف آن لائن کی جا سکتی ہے۔ واضح رہے ابھی تک غیر اے سی ٹرینوں کو چلانے کی اجازت نہیں تھی۔ بکنگ شروع ہونے کے چند گھنٹوں میں ہی لاکھوں کی بکنگ ہو گئی۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ ٹرینوں کے شروع ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔


راجیو گاندھی کے یوم وفات پر سیم پترودا سے خصوصی گفتگو، ’’راجیو ہوتے تو ٹیسٹنگ پر زور دیتے‘

ہندوستان کے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو ان کے یوم وفات پر پورا ملک خراج عقیدت پیش کر رہا ہے۔ آج ہی کے دن تمل ناڈو کے شری پیرمبدور میں 21 مئی 1991 کو ایک خودکش بم دھماکے میں راجیو گاندھی کا قتل کر دیا گیا تھا۔ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی نے اپنے سائنسداں دوست سیم پترودا کے ساتھ مل کر ملک میں کمپیوٹر انقلاب لانے کی سمت میں بڑا کام کیا تھا۔ سیم پترودا نے راجیو گاندھی کو یاد کرتے ہوئے تسلیم خان کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہا کہ "راجیو گاندھی نے ملک کو بہت بڑا تعاون پیش کیا ہے۔ ان کی سیاسی قیادت میں ملک آگے بڑھا۔ انھوں نے اپنے دور میں تکنیک کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدام کیے۔ نوجوانوں کی طاقت اور صلاحیت کو پہچان کر راجیو گاندھی نے ملک کو آگے بڑھایا۔" سیم پترودا نے کہا کہ اگر آج راجیو گاندھی ہوتے تو وہ کورونا کی اس لڑائی میں ٹیسٹنگ پر سب سے زیادہ زور دیتے۔ انہوں نے بتایا کہ راجیو گاندھی کے ساتھ ان کی پہلی ملاقات اندرا گاندھی کے دفتر میں ہوئی تھی اور پہلی ہی ملاقات میں ہمارے رشتہ بن گئے تھے۔

چھتیس گڑھ میں ’راجیو گاندھی کسان نیائے یوجنا‘ کا افتتاح

ہندوستان کے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی 29ویں برسی کے موقع پر چھتیس گڑھ حکومت نے راجیو گاندھی کسان نیائے یوجنا کا افتتاح کیا۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کانگریس صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی اس تاریخی لمحہ کے گواہ بنے۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے کہا کہ کورونا بیماری سے ملک کے باشندوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سے ہمیں تکلیف پہنچ رہی ہے۔ اس بیماری میں سب سے زیادہ درد دلت لوگوں کو ہی ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم سب مل کر اس بیماری کے خلاف لڑیں گے اور جیتیں گے۔


ٹرمپ نے مشی گن اور نیوادا صوبے کی فنڈنگ روکنے کی دی دھمکی

امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے انتخابات میں میل کے ذریعے ووٹنگ کی منصوبہ بندی کے معاملے پر مشی گن اور نیوادا صوبوں کی فنڈنگ روکنے کی دھمکی دی ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے اس سلسلے میں ٹوئٹ کرکے دعوی کیا کہ مشی گن لاکھوں لوگوں کے لئے غیر قانونی طریقے سے خالی بیلٹ ایپلی کیشن بھیج رہا ہے اور نیوادا ’’میل بیلٹ درخواستوں کے ذریعہ غیر قانونی ووٹ ’بھیج کر‘ بڑے پیمانے پر ووٹروں کی دھوکہ دہی کا منظر‘‘ تیار کر رہا ہے۔

ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میل میں بیلٹ درخواست بھیجنا بہت خطرناک چیز ہے۔ یہ بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کا معاملہ ہے‘‘۔ ادھر، مشی گن کی وزیر خارجہ جوسلن بینسن نے ٹرمپ کے الزامات کو غلط قرار دیا اور ٹوئٹ کرکے کہا ہے کہ ’’مشی گن کے ہر شہری نے میل کے ذریعے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا ہے‘‘۔

پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 51 لاکھ سے تجاوز

  • پوری دنیا میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 51 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 29 ہزار سے سے زیادہ ہو گئی ہے۔
  • امریکہ میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 94 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے اور متاثرین کی تعداد ساڑھے 15 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
  • روس میں کورونا متاثرین کی تعداد 3 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے اور اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3099 ہو گئی ہے۔ برازیل میں کورونا متاثرین کی تعداد بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور وہ اب دنیا میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔
  • پرطانیہ میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 35 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اٹلی میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 32 ہزار سے زیادہ ہے۔

کورونا وائرس نے لی اب تک کے سب سے کمسن بچے کی جان

کورونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے پوری دنیا پریشان ہے اور ابھی تک اس کا نہ تو کوئی علاج سامنے آ سکا ہے اور نہ ہی ویکسین بازار میں دستیاب ہے۔ بچے، جوان، ضعیف سبھی اس انفیکشن کی وجہ سے موت کے شکار ہو رہے ہیں۔ اس درمیان جنوبی افریقہ سے ایک افسوسناک خبر سامنے آئی ہے، جہاں محض دو دن کا ایک بچہ کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہو گیا۔ یہ کورونا سے ہلاک ہونے والا غالباً دنیا کا سب سے کم عمر بچہ ہے۔

قومی آواز کے قارئین و ناظرین سے ضروری گزارش، لاک ڈاؤن کے ضوابط کی پابندی ضرور کریں۔ شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔