قومی آواز بلیٹن: مہاراشٹر میں لاک ڈاؤن 4.0؛ نڈھال مزدوروں کو چپل درکار؛ ورلڈ بینک کی انڈیا کو امداد

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: مہاراشٹر کے 5 بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن 4.0 کا اعلان؛ ’ایک پرانی چپل دے دو‘، مہاجر مزدوروں کی جذباتی اپیل؛ عالمی بینک کا ہندوستان کے لئے ایک بلین ڈالر مدد کا اعلان

user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر کے 5 بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن 4.0 کا اعلان

ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر کورونا انفیکشن سے سب سے زیادہ بے حال ہے۔ یہاں کورونا مریضوں کی تعداد تقریباً 28 ہزار پہنچ گئی ہے ۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ریاست میں اب تک اس وبا 1000 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ مہاراشٹر کے کچھ علاقوں میں حالات انتہائی خراب ہیں اور لگاتار پازیٹو کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ اس مشکل وقت کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے کچھ شہروں میں لاک ڈاؤن 4.0 کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ان شہروں میں 31 مئی تک لاک ڈاؤن نافذ رہے گا اور پابندیوں پر سختی سے عمل کرایا جائے گا ۔

’کھانا تو مل جائے گا صاحب، ایک پرانی چپل دے دو‘، مہاجر مزدوروں کی جذباتی اپیل

"کھانا تو مل جائے گا صاحب، ایک پرانی چپل دے دو۔" یہ جذباتی اپیل ہے ترلوکی کمار کی جو اپنے پیروں پر پھوڑے اور زخم کو دکھاتے ہوئے چپل مانگ رہا ہے۔ ترلوکی ان ہزاروں لوگوں میں سےایک ہے جو گجرات اور دیگر ریاستوں سے اپنے گھروں کو جا رہے ہیں۔ گورکھپور کے پپرائچ کے رہنے والے ترلوکی نے بتایا کہ وہ سورت میں ایک کپڑا مل میں کام کرتا تھا اور ٹرین نہیں چلنے کی وجہ سے اس نے پیدل ہی گھر کی طرف نکلنے کا فیصلہ کیا۔


کورونا بحران میں عالمی بینک کا ہندوستان کے لئے ایک بلین ڈالر مدد کا اعلان

ہندوستان میں بھی مرکزی حکومت نے جی ڈی پی کا 10 فیصد راحت پیکیج کے طور پر خرچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس درمیان عالمی بینک بھی بحران کےاس وقت میں مسیحا بن کر سامنے آیا ہے۔ کووڈ-19 کے خلاف جاری جنگ میں ہندوستان کو عالمی بینک نے جمعہ کو ایک بڑی مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔ عالمی بینک نے ہندوستان کو سماجی سیکورٹی پیکیج کی شکل میں ایک بلین ڈالر یعنی تقریباً 7500 کروڑ روپے کا پیکیج دینے کا اعلان کیا ہے۔ عالمی بینک نے یہ منظوری غریبوں اور وبا کے تئیں حساس خاندانوں کے لیے حکومت ہند کی لگاتار کوششوں کو دیکھتے ہوئے دی ہے۔

پہلے گڈکری اور سیتا رمن اپنا تنازعہ سلجھائیں: چدمبرم کا بیان

سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں ( ایم ایس ایم ای ) میں بہتر ی لانے کے لئے اقتصادی پیکیج کا اعلان کرنے والی حکومت کے دو کابینہ وزراء نتن گڈکری اور نرملا سیتا رمن کو پہلے ان صنعتوں کے معاملے میں ان کے درمیان پیدا شدہ تنازعہ کو سلجھانا چاہئے۔

چدامبرم نے ٹویٹ کر کے کہا ’’ کابینہ کے سینئر وزیر گڈکری کا کہنا ہے کہ حکومتوں اور پبلک سیکٹر انٹر پرائز ز پر ایم ایس ایم ای کے پانچ لاکھ کروڑ روپے واجب الادا ہے ۔ ادھر وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کا کہنا ہے کہ وہ ایم ایس ایم ای کو تین لاکھ کروڑ روپے کا بغیر گارنٹی کے قرض فراہم کریں گی ‘‘ ۔


نیپال نے بھی دکھائی ہندوستان کو آنکھیں! ہندوستانی سفیر کو سمن جاری کیا

چین کے ساتھ سرحدی تنازعے کو حل کرنے اور پاکستانی حماعت یافتہ گروپوں سے نمٹنے کے لئے فوج کے سربراہ کے عزم اور کوششوں کے باوجود اب ایک اور ہمسایہ ملک نیپال کے بھی ہندوستان سے ناراض ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس کی وجہ سے ہندوستان کے سامنے ایک نیا چیلنج پیدا ہو سکتا ہے۔ اتراکھنڈ میں سڑک کی تعمیر کے حوالے سے چین کے بعد اب نیپال نے ہندوستان کے خلاف نارضگی کا اظہار کیا ہے ۔ نیپال نے اتراکھنڈ میں دھارچولا سے چین سرحد پر واقع لپو لیکھ تک رابطہ سڑک بنائے جانے کی مخالفت میں پیر کو اپنے یہاں ہندوستان کے سفیر کو سمن جاری کیا ہے۔

پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 45 لاکھ سے تجاوز

پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 45 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے اور اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعدا تین لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔امریکہ میں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑے 14 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہےجبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 86 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔

  • روس میں کورونا متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 62 ہزار سے زیادہ ا ہے لیکن روس میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2418 ہے۔
  • برطانیہ میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 33 ہزار سے زیادہ ہے۔ اٹلی میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 31 ہزار سے زیادہ ہے ۔ اسپین اور فرانس میں یہ تعداد 27 ہزار سے زیادہ ہے۔
  • خلیجی ملک سعودی عرب میں کورونا متاثرین کی تعداد 46 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے اور وہاں اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 283 ہو گئی ہے۔

نابینا افراد کے لیے الیکٹرانک قرآن تیار

سعودی عرب کی ایک تحقیقی ٹیم نے نابینا افراد کے لیے قرآن پاک کا ایک الیکٹرانک نسخہ تیار کیا ہے۔ اس منفرد قرآن پاک کی آیات ، عربی حروف اور صفحات کو متحرک شکل میں تیار کیا گیا ہے جو بریل کی مدد سے پڑھا جاسکے گا۔ الیکٹرانک قرآن پاک کی مدد سے نابینا افراد قرآن پاک کی آیات، سورتوں اور سپاروں کو آسانی کے ساتھ تلاش کرسکیں گے۔

قومی آواز کے قارئین و سامعین سے ضروری گزارش ، لاک ڈاؤن کے ضوابط کی پابندی ضرور کریں ۔شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔