قومی آواز بلیٹن: کورونا متاثرین کی تعداد 7 لاکھ سے زیادہ، تقریباً 34 ہزار افراد ہلاک

چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی زد میں لے لیا ہے، لیکن اٹلی وہ ملک ہے جہاں اس وائرس سے سب سے زیادہ 10779 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ اسپین میں 6803 افراد اب تک ہلاک ہوئے۔

user

قومی آوازبیورو

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبری

کورونا وائرس کی وبا پوری دنیا میں بہت تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے اور اب اس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ساڑھے سات لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 35 ہزار سے زیادہ ہے۔ ہندوستان میں بھی متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے اور اب یہ تعداد 1195 ہوگئی ہے جبکہ ابھی تک اس سے 32 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

چین سے پھیلنے والے اس وائرس نے پوری دنیا کو اپنی زد میں لے لیا ہے لیکن اٹلی وہ ملک ہے جہاں اس وائرس سے سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ اٹلی میں جہاں 10779 افراد ہلاک ہوئے ہیں وہیں اسپین میں6803 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اٹلی میں جہاں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے، وہیں اس وائرس کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد امریکہ میں ہے جہاں ایک لاکھ 41 مریض ہیں اور وہاں ابھی تک 2475 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ متعدد امراض کے امریکی سرکاری اعلی عہدیدار ڈاکٹر فاوچی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کرونا وائرس ایک لاکھ امریکیوں کی جان لے سکتا ہے


اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی قریبی مشیر کورونا وائرس کی شکار

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہوکی قریبی مشیر رویکا پلچو کورونا وائرس سے متاثر پائی گئی ہیں۔ 64 سالہ رویکا نیتن یاہو کی بنیاد پرستی معاملات کی مشیر ہیں۔ واضح رہے اسرائیلی حکومت نے اس کی کوئی معلومات فراہم نہیں کی ہے کہ گزشتہ دنوں نتین یاہو کی اپنی اس مشیر سے کوئی ملاقات ہوئی تھی یا نہیں لیکن یہ مانا جا رہا ہے کہ نیتن یاہو کا ٹیسٹ کرایا جائے گا اور ٹیسٹ نیگیٹو آنے پر بھی نیتن یاہو سیلف آئسولیشن میں جا سکتے ہیں۔

’حکومت نے مدد نہیں کی تو تیس فیصد ریٹیل کاروبار بند ہو جائیں گے،

ریٹیلرس ایسوسی ایشن آف انڈیا کے سی ای او راج گوپالن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جو حالات پیدا ہوگئے ہیں ان حالات میں اگر حکومت نے مداخلت نہیں کی اور ریٹیل کاروباریوں کی مدد نہیں کی تو اگلے چھ ماہ میں تیس فیصد کھدرا کاروبار بند ہو جائیں گے۔

راج گوپالن نے بتایا کہ فروری میں ریٹیل کاروبار میں پچاس فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی تھی جبکہ مارچ میں اس میں سو فیصد گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ حالات جاری رہے تو بڑے پیمانہ پر بے روزگاری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔


اندور میں ملک کا سب سے سخت ’لاک ڈاؤن‘، سبزی، دودھ، کرانہ کی دکانیں بند!

ویسے تو پورا ہندوستان کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کا شکار ہے لیکن مدھیہ پردیش کے اندور میں حالات کچھ زیادہ ہی خراب ہیں۔ اندور میں کورونا پازیٹو مریضوں کی تعداد 32 تک پہنچ گئی ہے اور تین لوگوں کی موت بھی واقع ہو چکی ہے۔ اندور میں خوفناک حالات کو دیکھتے ہوئے یہاں لاک ڈاؤن پر لوگوں کو انتہائی سختی کے ساتھ عمل کرایا جا رہا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے اندور میں تین دن تک دودھ، سبزی، کرانہ، پٹرول پمپ اور بینک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ گویا کہ یہاں پورے ملک میں جاری لاک ڈاؤن کے مقابلے کہیں زیادہ سخت لاک ڈاؤن نافذ ہو چکا ہے۔

کورونا کا علاج کر رہے آر ایم ایل اسپتال کے 14 ڈاکٹر-نرس مشکل میں، ہوئے کوارنٹائن!

لاک ڈاؤن کے درمیان ہندوستان میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے۔ لگاتار کورونا وائرس کے معاملے ملک میں بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔ اس درمیان دہلی سے بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ صحت خدمات سے جڑے کچھ اہلکاروں کے کورونا وائرس کی زد میں آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ خبروں کے مطابق رام منوہر لوہیا اسپتال کے ڈاکٹروں اور نرسوں کی ایک ٹیم کو گھر میں کوارنٹائن رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حالانکہ اس بات کی تصدیق ابھی نہیں ہو سکی ہے کہ ڈاکٹروں اور نرسوں میں سے کسی پر بھی کورونا کا اثر ہے یا نہیں۔


پرینکا گاندھی کے خط سے حرکت میں آیا ’ٹرائی‘، ٹیلی کام کمپنیوں کو جاری کیا حکم

ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے دہشت کا ماحول ہے۔ اس درمیان دہاڑی مزدوروں کی ہجرت اپنے گاؤں کی جانب جاری ہے۔ بھوکے پیاسے ہجرت کر رہے مزدوروں کو لے کر کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کئی بار حکومت سے اپیل کر چکے ہیں۔ اتوار یعنی 29 مارچ کو لاک ڈاؤن کی وجہ سے بحران میں پھنسے لاکھوں مزدوروں کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹیلی کام کمپنیوں کو خط لکھ کر موبائل خدمات فری کرنے کی گزارش کی تھی۔ اب ہندوستانی ٹیلی کام ریگولیٹر (ٹرائی) نے ٹیلی کام کمپنیوں سے پری پیڈ صارفین کے پلان کی ویلیڈیٹی بڑھانے کا حکم دیا ہے۔ لاک ڈاؤن میں لوگوں کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے ٹرائی نے ریلائنس جیو، بھارتی ائیر ٹیل، ووڈا فون آئیڈیا اور بی ایس این ایل سے کہا ہے کہ وہ اپنے پری پیڈ صارفین کی ویلیڈیٹی بڑھا دیں تاکہ اس وقت انھیں کوئی پریشانی نہ ہو۔

لکھنؤ حج ہاؤس ’کورونا کوارنٹائن سنٹر‘ میں تبدیل، 5000 بیڈ کی سہولت

ہندوستان میں کورونا کے تیزی سے بڑھتے معاملات کے درمیان ریاستی حکومتیں اپنی اپنی ریاست میں اس کے اثرات کو کنٹرول کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔ یو پی میں بھی کورونا کے کئی پازیٹو کیسز سامنے آ چکے ہیں اور اس کے پیش نظر یوگی حکومت نے لکھنؤ میں واقع حج ہاؤس کو 'کورونا کوارنٹائن سنٹر' میں تبدیل کر دیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق حج ہاؤس میں 5000 ہزار بیڈ کی سہولت موجود ہے اور فی الحال اس کی خدمات 14 اپریل تک کے لیے حاصل کی گئی ہیں۔ لیکن حالات بہتر نہیں ہوئے تو اس تاریخ کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔


امریکی اعلی افسر کا انتباہ، کورونا سے امریکہ میں ایک لاکھ ہلاکتوں کا خدشہ

امریکی محکمہ صحت کے اعلی عہدیدار انتھونی فاکی نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکہ میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہوسکتی ہے۔ ڈاکٹر فاکی نے اتوار کے روز کہا کہ کرونا سے ایک لاکھ سے زیادہ امریکی ہلاک ہو سکتے ہیں، جو موجودہ تعداد کا 50 گنا ہے۔ ڈاکٹر فاکی نے نیوز چینل سی این این سے بات کرتے ہوئے اس خدشے کا اظہار کیا کہ عالمی وبائی مرض کورونا وائرس ایک لاکھ سے زیادہ امریکیوں کی جان لے سکتا ہے۔ یہ اندازہ مختلف ماڈلز کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔