قومی آواز بلیٹن: مودی حکومت ہر محاذ پر ناکام، سونیا گاندھی؛ حج ہوگا لیکن دیگر ممالک کے عازمین پر روک

سی ڈبلیو سی میٹنگ میں سونیا گاندھی کا اعلان، مودی حکومت ہر محاذ پر ناکام؛ حج ہوگا لیکن دوسرے ممالک سے نہیں جا پائیں گے عازمین؛ جگن ناتھ یاترا نکالے جانے سے قبل ایک خادم کے کورونا پازیٹو ہونے کی تصدیق

user

قومی آوازبیورو

سی ڈبلیو سی میٹنگ میں سونیا گاندھی کا اعلان، مودی حکومت ہر محاذ پر ناکام

کانگریس صدر سونیا گاندھی کی صدارت میں آج کانگریس ورکنگ کمیٹی یعنی سی ڈبلیو سی کی میٹنگ کا انعقاد عمل میں آیا۔ کورونا انفیکشن سے پیدا مشکل حالات کے درمیان یہ ورچوئل میٹنگ تھی جس میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کانگریس کے سرکردہ لیڈران شامل ہوئے۔ میٹنگ میں سب سے پہلے لداخ کی گلوان وادی میں شہید ہوئے 20 جوانوں کو دو منٹ خاموشی اختیار کر کے خراج عقیدت پیش کی گئی۔ سونیا گاندھی نے اس موقع پر کہا کہ "ہندوستان ایک زبردست معاشی بحران، کورونا وبا اور اب چین کے ساتھ سرحدی تنازعہ کا سامنا کر رہا ہے۔" انھوں نے مزید کہا کہ "ہر بحران کے لیے بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کی بدانتظامی اور اس کی غلط پالیسیاں ہی ذمہ دار ہیں۔ ان کی وجہ سے جہاں لوگوں کو کافی تکلیفوں کا سامنا ہے وہیں خوف کا بھی ماحول ہے۔"


حج ہوگا لیکن دوسرے ممالک سے نہیں جا پائیں گے عازمین

حج 2020 کو لے کر کئی طرح کی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں، لیکن اب یہ فائنل ہو گیا ہے کہ اس بار حج بیت اللہ کینسل نہیں ہوگا بلکہ اس کی ادائیگی محدود پیمانے پر ہوگی۔ کورونا وائرس کے پھیلتے انفیکشن کو دیکھتے ہوئے سعودی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ حج کے لیے صرف مقامی لوگوں اور ملک میں رہ رہے غیر ملکی افراد کو کچھ شرائط کے ساتھ اجازت دی جائے گی۔ گویا کہ اس مرتبہ بین الاقوامی حج سفر کو کینسل کر دیا گیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے اس سلسلے میں جو بیان جاری کیا ہے اس کے مطابق اس مرتبہ ذی الحجہ میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو محدود تعداد میں فریضہ حج ادا کرنے کی اجازت ہوگی اور یہ غیرملکی وہی ہوں گے جو سعودی عرب میں مقیم ہیں۔ ان کے علاوہ محدود تعداد میں سعودی شہری فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔

حج 2020 کینسل، لیکن محرم کے بغیر حج پر جانے والی ہندوستانی خواتین کے لیے خوشخبری

اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کے فیصلہ کے بعد ہندوستانی عازمین کی جمع رقم واپس کر دی جائے گی۔ ادھر انہوں نے اعلان کیا ہے کہ محرم کے بغیر سفر حج پر جانے والی خواتین اس برس کی منظور درخواستوں پر ہی 2021 میں حج پر جائیں گی۔ مختار عباس نقوی نے صحافیوں سے کہا کہ اس برس تقریباً 2200 محرم کے بٖغیر حج پر جانے والی خواتین کی درخواستیں منظور کی گئی ہیں۔ مرد درخواست دہندگان کی طرح ان خواتین کے بھی پیسے واپس کیے جائیں گے لیکن اس سال منظور درخواستوں کی بنیاد پر انہیں آئندہ برس حج پر جانے کی اجازت ہوگی۔ اگلے برس انہیں علیحدہ سے درخواست نہیں دینی ہوگی۔


جگن ناتھ یاترا نکالے جانے سے قبل ایک خادم کے کورونا پازیٹو ہونے کی تصدیق

اڈیشہ کے وزیر قانون پرتاپ جینا نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق پوری میں جگن ناتھ یاترا نکالے جانے سے قبل سبھی سیوایت یعنی پجاری یا خدام کا کورونا ٹیسٹ کرانے کے لیے کہا گیا تھا۔ ان کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا جن میں سے ایک کی رپورٹ پازیٹو برآمد ہوئی جنھیں رتھ یاترا میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ٹرمپ نے دیا ہندوستان کو جھٹکا، اس سال کے آخر تک ایچ۔1 بی ویزا جاری کرنے پر لگائی روک

کورونا وائرس کے بحران سے دوچار امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین کارڈز اور غیر ملکی ملازمین کے لیے جاری کیے جانے والے ویزوں کا اجراء رواں سال کے اختتام تک روک دیا ہے۔ وہائٹ ہاؤس نے اس تعلق سے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے گرین کارڈز اور غیر ملکی ملازمین کے لیے ویزوں کے روکنے کے اقدام سے امریکی شہریوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ روز صحافیوں کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ اس اقدام سے گرین کارڈز یعنی امریکہ میں مستقل رہائش کے خواہش مند افراد اور امریکہ میں ملازمت کرنے والے تقریباً 5 لاکھ 25 ہزار افراد متاثر ہوں گے۔ نئی پابندیوں کے مطابق اس اقدام سے ایچ۔ ون بی یعنی ٹیکنالوجی میں کام کرنے والے ہندوستانی ملازمین اور ایچ۔ ٹو بی ویزا کے حامل افراد یعنی ایک معینہ مدت تک کام کرنے والے غیرملکی ملازمین متاثر ہوں گے۔ ٹرمپ کے اس قدم سے ہندوستانی ملازمین بہت زیادہ متاثر ہوں گے۔


زمین کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے قطب مینار سے چار گنا بڑی آفت!

کورونا وبا، گردابی طوفان کے بعد اب ایک اور آسمانی آفت زمین کی طرف بڑھ رہی ہے۔ صرف 2 دن بعد زمین کے بغل سے ایک بہت بڑا ایسٹیروئیڈ یعنی ٹوٹا ہوا ستارہ گزرے گا۔ یہ ایسٹیروئیڈ دہلی کے قطب مینار سے چار گنا اور اسٹیچو آف لبرٹی سے تین گنا بڑا ہے۔ جون میں زمین کے بغل سے گزرنے والا یہ تیسرا ایسٹیروئیڈ ہے۔ اس سے قبل 6 جون اور 8 جون کو زمین کے بغل سے ایسٹیروئیڈ گزرے تھے۔

قومی آواز کے قارئین و ناظرین کورونا وبا کے اس دور میں اپنا خاص خیال رکھیں، شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    /* */