قومی آواز بلیٹن: برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کی حالت تشویشناک، آئی سی یو میں منتقل

چین میں گزشتہ روز 32 نئے معاملہ سامنے آئے تھے لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ ہلاکت کی کوئی خبر نہیں آئی۔ جبکہ ایران میں کورونا متاثرین کی تعداد 60 ہزار ہوگئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 3872 پہنچ گئی ہے

user

قومی آوازبیورو

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں

کوروناوائرس کی وبا نہ صرف پوری دنیا کو اپنی زد میں لے رہی ہے بلکہ حکمرانوں کو بھی نہیں چھوڑ رہی ہے۔ اب برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن اس کی زد میں ہیں اور ان کی حالت تشویشناک ہونے پر انھیں آئی سی یو میں منتقل کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ ہوش میں ہیں، تاہم ان کی حالت تشویشانک بنی ہوئی ہے۔ اس سے پہلے ملیشیا کے شاہی خاندان کے اہلکاروں میں کورونا پازیٹو پایا گیا تھا اور اسرائیل کی اعلی قیادت کو کورونا کی وجہ سے آئسولیشن میں جانا پڑا تھا۔


کورونا سے جنگ کے لئے دہلی حکومت کا ’5-ٹی‘ پلان

راجدھانی دہلی میں کورونا وائرس کو روکنے کے لئے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے حکومت کا پلان میڈیا کو بتاتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت کورونا کو روکنے کے خصوصی منصوبے پر کام کر رہی ہے، انہوں نے اس منصوبے کا نام ’5-ٹی‘ رکھا ہے۔ اس میں ٹیسٹنگ، ٹریسنگ، ٹریٹمنٹ، ٹیم ورک و ٹریکنگ اور مانیٹرنگ شامل ہے۔ کیجریوال نے معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ماہرین سے تفصیلی غور و خوض کرنے کے بعد بنایا گیا ہے۔ کیجریوال نے مزید کہا کہ اگر دہلی میں 30000 مریض بھی ہوئے تو بھی دہلی حکومت صورت حال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے جبکہ اس وقت دہلی میں 500 مریض ہیں۔ کیجریوال نے ڈاکٹروں، نرسوں کو اس جنگ کا اہم فوجی کہا اور ان کے پڑوسیوں سے ان کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کو کہا۔

کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 75 ہزار سے پار

کورونا وائرس کا قہر پوری دنیا میں تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق پوری دنیا میں جہاں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑے تیرہ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے وہیں اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 75 ہزار کے پار ہوگئی ہے۔ امریکہ میں اس وائرس سے متاثرین کی تعداد ساڑے تین لاکھ سے اوپر پہنچ گئی ہے وہیں ہلاک ہونے والوں کی تعداد11 ہزار کے قریب ہے۔

یوروپ میں ہلاکتوں کے تعلق سے اٹلی اب بھی سر فہرست ہے اور وہاں اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ساڑے 16 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار ہے۔ اسپین یوروپ کا وہ ملک ہے جہاں متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ اسپین میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 36 ہزار ہے جبکہ وہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ساڑے 13 ہزار کے قریب ہے۔ فرانس میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار کے قریب ہے جبکہ برطانیہ میں یہ تعداد چھہ ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ یوروپ کے ملک جرمنی میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ تین ہزار ہے اور وہاں مرنے والوں کی تعداد 1800 ہے۔

چین میں کل 32 نئے معاملہ سامنے آئے تھے لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ وہاں سے کسی ہلاکت کی کوئی خبر نہیں آئی۔ ایران میں کورونا متاثرین کی تعداد 60 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ وہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3872 سے اوپر پہنچ گئی ہے۔ ایران میں تمام کوششوں کے باوجود کورونا وائرس کا پھیلاؤ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ہندوستان میں کل نئے معاملہ کم سامنے آئے ہیں لیکن اضافہ کا رجحان نظر آ رہا ہے۔


اترپردیش کے کئی شہروں میں کانگریس نے شروع کی ’سانجھی رسوئی‘، مزدوروں میں خوشی

کورونا انفیکشن کی روک تھام کے لیے 14 اپریل تک لاک ڈاؤن کیے جانے کا اعلان ہونے کے بعد سب سے زیادہ غریب اور مزدور طبقہ کے لوگ پریشان ہیں۔ مزدور طبقہ سب سے زیادہ پریشان اس لئے ہے کہ جب وہ کام نہیں کرے گا تو اس کی روزی روٹی کا انتظام کیسے ہوگا۔ لیکن کچھ لوگ انفرادی طور پر کچھ اداروں کے ذریعہ بھی ضرورت مندوں کی مدد کی جانے لگی ہے۔ کانگریس نے بھی غریبوں کی مدد کے لیے ہاتھ آگے بڑھایا ہے۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی اپیل کے بعد یو پی کے الگ الگ اضلاع اور گاؤں میں کانگریس کی جانب سے غریبوں کی مدد کی جا رہی ہے۔ ریاست میں 'سانجھی رسوئی گھر' کی شروعات کی گئی ہے جس کو لے کر غریب اور مزدور طبقہ میں خوشی کی لہر دیکھنے کو مل رہی ہے۔

محبوبہ مفتی کا قید خانہ تبدیل، اب گھر میں نظر بند رہیں گی

پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو منگل کے روز سب جیل ٹرانسپورٹ یارڈ سری نگر سے اپنی رہائش گاہ میں منتقل کر دیا گیا ہے تاہم ان کی نظر بندی برابر جاری رہے گی اور ان کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔ واضح رہے ان کو پی ایس اے کے تحت نظر بند کیا گیا ہے۔ ادھر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے محبوبہ مفتی کی گھر منتقلی کے بجائے مکمل رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'محبوبہ مفتی کو رہا کیا جانا چاہیے، انہیں گھر منتقل کرکے مسلسل نظر بند رکھنا ہار تسلیم کرنے کے مترادف ہے'۔


کورونا کے بڑھتے انفیکشن کو دیکھتے ہوئے نیوزی لینڈ میں قومی ایمرجنسی کی مدت میں توسیع

عالمی وبا کورونا وائرس کے مسلسل بڑھتے انفیکشن کے درمیان نیوزی لینڈ میں منگل کو قومی ایمرجنسی کو ایک ہفتے کے لئے بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے شہری سلامتی کے وزیر پینی ہینارے نے منگل کو ایک بیان جاری کرکے کہا، ’’شہری سلامتی اور ایمرجنسی کے محکمہ انتطامیہ کے ڈٓائریکٹر کی صلاح پر وزیراعظم سے بات چیت کرنے کے بعد میں نے کورونا وائرس کے پیش نظر قومی ایمرجنسی کو ایک ہفتے کے لئے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘واضح رہے نیوزی لینڈ میں کورونا متاثرین کی تعداد 1100 ہے اور اس سے ایک ہلاکت کی رپورٹ ہوئی ہے۔

ٹرمپ کے سخت رخ کے بعد ہندوستان نے کچھ دواؤں کی برآمدات کو دی منظوری

کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں افرا تفری کا ماحول پھیلا ہوا ہے۔ ایسے وقت میں کئی مدافعتی اور درد کش دواؤں کی طلب میں زبردست اضافہ ہو گیا ہے۔ ہندوستان میں بھی کورونا انفیکشن کے معاملے لگاتار بڑھ رہے ہیں اور اس کو دیکھتے ہوئے مودی حکومت نے دواؤں کی بیرون ملک برآمدات پر پابندی عائد کر دی تھی۔ لیکن امریکہ، برازیل، اسپین اور جرمنی سمیت تقریباً 30 ممالک نے ہندوستان سے گزارش کی ہے کہ وہ ہائیڈراکسی کلوروکوئن اور پیراسیٹامول جیسی کچھ دواؤں پر پابندی ہٹا کر بھیجے تاکہ مشکل وقت میں لوگوں کا علاج کرنا آسان ہو۔ ان مطالبات کے پیش نظر تقریباً 25 ادویات برآمدات کے لیے کھول دی گئے ہیں۔

ہندی نیوز پورٹل 'نیوز 18' پر شائع خبر کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے تو ہائیڈراکسی کلوروکوئن اور پیراسیٹامول کی عدم فراہمی پر ہندوستان کو بدلہ جھیلنے تک کی دھمکی دے دی تھی اور کہا تھا کہ "اگر ہندوستان کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے اہم دواؤں کی برآمدات نہیں کرتا ہے تو اسے امریکہ کا بدلہ جھیلنا پڑ سکتا ہے۔" اس ہندی نیوز پورٹل کی ایک دیگر خبر میں لکھا گیا ہے کہ ٹرمپ کی تنبیہ کے بعد ہندوستان نے ضروری دوائیں امریکہ بھیجنے کی اجازت دے دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    /* */