قومی آواز بلیٹن: ’ڈی اے‘ کٹوتی غیر ضروری، منموہن، سبھی دکانیں نہیں کھلیں گی، دنیا میں 2 لاکھ ہلاک

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبر: مہنگائی بھتہ میں کٹوتی پر سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی حکومت پر نکتہ چینی، حکومت نے وضاحتی بیان جاری کر کہا کہ سبھی دکانیں نہیں کھولی جائیں گی

user

قومی آوازبیورو

سرکاری ملازمین کے مہنگائی بھتہ میں کٹوتی کی ضرورت نہیں تھی: ڈاکٹر منموہن کا بیان

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے بعد سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے بھی سرکاری ملازمین کے بھتہ میں کٹوتی پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ ’’سرکاری ملازمین کے بھتہ میں کمی نہیں کی جانی چاہیے۔ مجھے یقین ہے کہ ایسے مشکل وقت میں بھی مرکزی عملہ اور فوجیوں پر اس طرح کا فیصلہ مسلط کرنا ضروری نہیں ہے۔ ‘‘ڈاکٹر سنگھ نے ہفتہ کو جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ فیصلہ غلط ہے اور حکومت کو مہنگائی بھتے اورمہنگائی راحت میں کٹوتی نہیں کرنی چاہیے تھی۔ اس سے قبل پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی اور سابق وزیرخزانہ پی چدمبرم نے بھی حکومت کے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بحران کے وقت میں لوگوں کی مدد کرنے کی بجائے ان کے بھتوں میں کٹوتی کرنا مناسب نہیں ہے۔


نہیں کھلیں گی سبھی دکانیں، مودی حکومت نے جاری کیا نیا وضاحتی احکام

مرکز کی مودی حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی دیتے ہوئے سبھی دکانیں کھولنے کا جو بیان جاری کیا تھا، اس سلسلے میں ایک نیا وضاحتی بیان سامنے آیا ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ جو دکانیں سامان فروخت کر رہی ہیں وہ تو کھل سکتی ہیں لیکن جو خدمات فراہم کر رہی ہیں، مثلاً سیلون، بیوٹی ٹریٹمنٹ، اسپا وغیرہ، ان کو کھولنے کی اجازت ابھی نہیں ہے۔ وزارت داخلہ کے نئے احکام کے مطابق کسی بھی طرح کے ریسٹورینٹ کو کھولنے کی اجازت نہیں ہے۔ یہ جانکاری مرکزی وزارت داخلہ کی جوائنٹ سکریٹری پنیہ سلیلا شریواستو نے میڈیا کو دی۔

دہلی: صرف ٹرمنل۔3 سے ہی طیارہ خدمات شروع ہوں گی

لاک ڈاون کے بعد جب طیارہ خدمات شروع ہوں گی تو دہلی کے اندراگاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر شروع میں تین ٹرمنلوں میں سے صرف ایک کو ہی کھولنے کا منصوبہ ہے۔ حکومت نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ طیارہ خدمات شروع کرنے کی اجازت کب دی جائے گی، لیکن شہری ہوابازی کی وزارت، ہوائی اڈہ کی آپریٹنگ کمپنی ’ڈائل‘، طیارہ خدمات فراہم کرانے والی کمپنیوں اور سیکورٹی ایجنسیوں نے اپنی تیاری شروع کردی ہے۔ انفیکشن روکنے کے لئے سماجی دوری اور صحت سے متعلق حفاظتی اقدامات کے ساتھ ساتھ مسافروں کی باقاعدہ خدمات کو باقاعدگی کے ساتھ یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات پر بھی مسلسل غور و خوض ہو رہا ہے۔


سعودی عرب میں کوڑے مارنے کی سزا ختم!

انسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لئے سعودی عرب میں کوڑے مانے کی سزا ختم کی جا رہی ہے۔ میڈیا ذرائع نے اعلیٰ سعودی عدالت کے دستاویز کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ماہ رمضان میں ہی سپریم کورٹ کے جنرل کمیشن کے متعلقہ عزم کے تحت کوڑے مارنے کی سزا کو قید یا جرمانے یا دونوں میں بدل دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب انسانی حقوق کی پامالیوں کو ختم کرنے کے لئے متعلقہ اصلاحات کا دائرہ وسیع تر کر رہا ہے۔ یہ انقلابی تبدیلیاں سعودی فرماںروا شاہ سلمان کی ہدایت کے مطابق اور ولی عہد محمد بن سلمان کی براہ راست نگرانی میں لائی جا رہی ہیں۔ سعودی عرب میں ابھی تک ایک سے زیادہ خطاؤں کی سزا میں خاطیوں کو کوڑے لگائے جاتے تھے۔ عدالتوں میں جج اپنے طور پر ہی اسلامی تعلیمات کے مطابق مجرمان کو سزا سنا دیا کرتے تھے۔

’کورونا ٹیسٹنگ‘ کے اعداد و شمار چھپانے کے سنگین نتائج ہوں گے: پرینکا گاندھی کا اتر پردیش حکومت کو انتباہ

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ اتر پردیش میں کورونا کی ٹیسٹنگ کے حوالہ سے متعدد لوگ فکرمند ہیں۔ شفافیت کورونا کے خلاف جنگ میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ سماج کے تمام طبقات اور حکومت مل کر ہی اس وبا کو شکست دے سکتے ہیں۔ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کے ذریعے یوپی حکومت کو کچھ تجاویز بھی دی ہیں۔ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ میں چار پوسٹر بھی شیئر کیے ہیں، جن کے ذریعے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے لکھا ہے کہ پوری دنیا نے تسلیم کر لیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹنگ ہی کورونا کی روک تھام کی چابی ہے۔ اترپردیش حکومت نے دو روز سے ٹیسٹوں کی تعداد کی اطلاع دینا بند کر دی ہے۔ پرینکا گاندھی نے لکھا، ’’ٹیسٹ کے حوالہ سے مکمل شفافیت ہونی چاہیے تاکہ عوام کو معلومات حاصل ہو سکے اور سماج اور انتظامیہ اس وباء کے خلاف متحد ہو کر لڑ سکیں۔ اعداد و شمار اور سچائی کو چھپانے سے یہ مسئلہ سنگین ہو جائے گا، یوپی حکومت کو یہ بات جلد از جلد سمجھنی ہوگی۔


پوری دنیا میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ کے قریب

پوری دنیا میں کورونا وائرس کی وبا بہت تیزی سے پھیل رہی ہے اور اب اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ واضح رہے پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 28 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 52 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور وہاں اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد بھی نو لاکھ سے اوپر پہنچ گئی ہے۔ جرمنی میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 55 ہزار سے زیادہ ہے لیکن ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5700 سے اوپر ہے۔ اٹلی میں اموات کی تعداد 25 ہزار سے زیادہ، اسپین اور فرانس میں 22 ہزار سے زیادہ جبکہ برطانیہ میں یہ تعداد ساڑے 19 ہزار سے زیادہ ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق ایران میں کورونا متاثرین کی تعداد جہاں 88 ہزار ہے وہیں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5574 ہو گئی ہے۔ سعودی عرب میں متاثرین کی تعداد 15 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے اور وہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 127 بتائی جا رہی ہے۔

قومی آواز قارئین کو ماہ رمضان کی مبارکباد، ہم سب آزمائش کے اس دور میں اپنی عبادات کے دوران لاک ڈاؤن کے ضوابط کا احترام کریں، تراویح گھروں میں ہی ادا کریں، ہرقسم کے اجتماع سے پرہیز کریں، نہ کسی کے یہاں جائیں نہ کسی کو اپنے یہاں بلائیں۔ شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Apr 2020, 8:11 PM