قومی آواز بلیٹن: کورونا کے ساتھ نفرت کا بھی عروج، مفتی اعظم کا پیغام، مستقیم کا کارنامہ
پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: ملک میں کورونا وائرس کے ساتھ نفرتوں کا بھی عروج، بجور کے مستقیم نے تیار کی سینیٹائزر مشین، مفتی اعظم نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ رمضان میں بھی عبادات گھر پر ہی کریں
کورونا کی دہشت کے درمیان فرقہ پرستی عروج پر
بیشتر مسلمان جو اپنا روایتی پیشہ چھوڑ کراس لاک ڈاؤن کے دوران سبزی اور پھل بیچنے کا کام کر رہے ہیں ان سے ہندو طبقہ دوری بناتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ لوگوں نے یہ جاننے کا ذریعہ تلاش کر لیا ہے کہ ان کے محلے میں آنے والا ہاکر ہندو ہے یا مسلمان۔ وہ ان کے پاس آتے ہیں اور رام رام کہتے ہیں۔ جو جواب میں رام رام کہہ دے تو اس کو گراہک مل جاتا ہے باقی کو وہاں سے دھکے دے کر نکال دیا جاتا ہے۔
’مسلمانوں کے خلاف نفرت، ملک کو تباہی کی طرف لے جائے گی‘
ساری دنیا اس وقت کورونا وائرس کی زد میں ہے اور اس کے خلاف متحد ہو کر جنگ لڑ رہی ہے لیکن ہندوستان میں مسلمانوں کے خلاف نفرتوں کا سیلاب آیا ہوا ہے۔ تبلیغی جماعت کے نام پر میڈیا نے ایسا ہنگامہ برپا کیا ہے کہ شہر شہر اور گلی گلی مسلمانوں کو حقارت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ معروف مصنفہ اروندھتی رائے نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ اس ماحول کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سماج مسلمانوں کی نسل کشی کی طرف گامزن نظر آ رہا ہے۔ دیگر سماجی کارکنان نے بھی اس ماحول کے حوالہ سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بی بی سی ہندی نے اس ضمن میں کئی سماجی کارکنان کے بیان پر مبنی ایک رپورٹ شائع کی ہے۔
تراویح ہی نہیں عید کی نماز بھی گھروں میں ادا ہوگی: مفتی اعظم
دنیا کے کئی ممالک میں کورونا وائرس انفیکشن کے مدنظر اس وقت مسجدوں میں نماز پڑھنے پر پابندی عائد ہے اور سبھی گھروں میں ہی عبادات کر رہے ہیں۔ سعودی عرب میں بھی یہی طریقہ اختیار کیا گیا ہے اور لوگ مسجدوں کی جگہ اپنے اپنے گھروں میں ہی پنج وقتہ نمازیں پڑھ رہے ہیں۔ اس درمیان سعودی عرب کے مفتی اعظم نے رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر نمازِ تراویح کے تعلق سے ایک فرمان جاری کیا ہے۔ مفتی اعظم نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس سے پیدا ماحول کو دیکھتے ہوئے گھروں میں ہی تراویح اور عید کی نماز ادا کی جائے گی۔
پوری دنیا میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ
- کورونا کا قہر رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اب پوری دنیا میں اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ساڑے 22 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے، وہیں اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 54 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ ادھر دنیا کے سب سے طاقتور ملک امریکہ میں کورونا متاثرین کی تعداد 7 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے اور وہاں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 37 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
- یوروپی ممالک میں بھی اس وبا کا قہر جاری ہے اور اٹلی میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ساڑے 22 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے اور متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 72 ہزار سے زیادہ ہے۔
- اسپین میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 90 ہزار سے زیادہ ہے اور اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
- فرانس میں اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 47 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد ساڑے 18 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے اور برطانیہ میں اموات کی تعداد ساڑے 14 ہزار جبکہ متاثرین کی تعدادایک لاکھ 8 ہزار سے زیادہ ہے۔
- ایران میں گزشتہ کئی دنوں سے نئے معاملوں کی تعداد میں بھی کمی واقع ہوئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد بھی کم ہوئی ہے۔ ایران میں متاثرین کی تعداد 79 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 4958 سے اوپر ہے۔ ادھر سعودی عرب میں نئے معاملوں میں اضافہ ہوا ہے اور متاثرین کی تعداد 7142 ہو گئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 87 ہے۔ پاکستان میں بھی متاثرین کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 135 ہے۔
بجنور کے مستری مستقیم نے گھر بیٹھے تیار کی ’فل باڈی سینیٹائزر مشین‘
مستقیم نے جو سینیٹائزر مشین بنائی ہے وہ 15 سیکنڈ میں کسی بھی شخص، موٹر سائیکل یا دونوں کو پوری طرح سینیٹائز کر دیتی ہے۔ اس کے لیے صرف ایک بار اس مشین کے اندر داخل ہونا ہوتا ہے۔ مستقیم کے اس کارنامہ سے یہ پتہ چلتا ہے کہ کورونا سے لڑائی کے لیے عام آدمی بھی کس طرح کمر کس چکا ہے اور وہ صرف حکومت کے اوپر منحصر نہیں رہنا چاہتا۔
قومی آواز کے قارئین سے گزارش: لاک ڈاؤن ہمارے اور آپ کے لئے ہی ہے، اس کی پابندی ہم پر لازم ہے۔ ماہ رمضان میں بھی عبادات گھر میں ہی ادا کریں، آپ پر سب کی نظریں ہیں اس لئے اچھے انسان ہونے کا ثبوت دیں، کورونا اور منافرت پھیلانے والوں کوشکست دیں۔ شکریہ
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔