قومی آواز بلیٹن: دشمنوں کو مودی حکومت کی کلین چٹ، کانگریس؛ 3 ہزار ہوٹلوں میں چینی شہریوں کی انٹری بند

پیش خدمت ہے کچھ اہم خبریں: ملک کے دشمنوں کو مودی حکومت کلین چٹ دے رہی ہے: کانگریس کا الزام؛ دہلی کے اب 3000 ہوٹلوں میں چینی شہری نہیں رکھ پائیں گے قدم! کورونا کا اب تک کا سب سے حیرت انگیز معاملہ

user

قومی آوازبیورو

ملک کے دشمنوں کو مودی حکومت کلین چٹ دے رہی ہے: کانگریس کا الزام

ہندوستان اور چین کے درمیان تلخ ہوتے رشتوں کے دوران کانگریس نے ایک بار پھر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ چین کے ساتھ پرانے اور گہرے تعلقات ہونے کے باوجود چین ہماری زمین پر قبضہ کرتا ہے اور مسلسل آگاہ کیے جانے کے بعد بھی حکومت اس بارے میں خاموش رہتی ہے۔ کانگریس نے کہا کہ حکومت کو اس چپی کی وجہ ملک کو بتانی چاہیے۔ کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا کہ "آج ملک کی سرحدوں پر ایک سنگین چیلنج درپیش ہے۔ حکومت کے سامنے دو متبادل ہیں، یا تو پورے ملک کو ساتھ لے کر فوج کے پیچھے کھڑے ہو کر چین کا مقابلہ کرے یا پھر شتر مرغ کی طرح ریت میں سر چھپا کر یہ مان لے کہ ایل اے سی یعنی حقیقی لائن آف کنٹرول پر کوئی دراندازی نہیں ہوئی ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "افسوسناک امر ہے کہ مودی حکومت نے ایک تیسرا راستہ اختیار کیا ہے جہاں اگر سبکدوش فوجی افسران، دفاعی ماہرین، اپوزیشن، میڈیا یا کوئی بھی حکومت سے سوال پوچھے تو انھیں لال آنکھ دکھائی جا رہی ہے اور ملک کے دشمنوں کو کلین چٹ دی جا رہی ہے۔"


دہلی کے اب 3000 ہوٹلوں میں چینی شہری نہیں رکھ پائیں گے قدم!

ہندوستان اور چین کے درمیان تلخیوں میں مستقل اضافہ ہورہا ہے۔ اس ماحول میں ہندوستان کے عوام اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ادارے بھی چین کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ تازہ خبروں کے مطابق دہلی کے ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس میں چینی شہریوں کے ٹھہرنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ہندی نیوز پورٹل 'آج تک' پر ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 3000 ہوٹلس اور گیسٹ ہاؤسز مالکان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے یہاں چینی باشندوں کو نہیں ٹھہرائیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس یعنی کیٹ نے چینی سامان کے بائیکاٹ کرنے کا اعلان پہلے ہی کر رکھا ہے۔

کورونا بحران میں ہوائی سفر کے دوران مسافروں کی بدسلوکی بڑھنے کا امکان، سرکلر جاری

ڈائرکٹوریٹ جنرل برائے شہری ہوا بازی یعنی ڈی جی سی اے نے متنبہ کیا ہے کہ کووڈ۔ 19 وبا کے سبب ہوائی سفر کے دوران مسافروں کی بدسلوکی کے واقعات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ ڈی جی سی اے نے اس کے پیش نظر ایک سرکلر جاری کیا ہے۔ اس سرکلر کے تحت طیارے کے اندر نازیبا سلوک کرنے والے مسافروں سے نمٹنے کے لئے طیارہ خدمات کمپنیوں اور کرو ممبران کو تربیت دینے کے لئے کہا گیا ہے۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ کیبن کرو کو یہ بتایا جانا چاہیے کہ کورونا بحران کے دوران طیارے کے اندر انہیں کن حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ مسافر فیس ماسک یا شیلڈ لگانے سے منع کرسکتے ہیں۔ مسافروں کے درمیان آپسی تکرار بڑھ سکتی ہے۔ مسافر نئے ضابطوں، اسکریننگ اور بورڈنگ میں تاخیر وغیرہ سے پریشان ہوسکتے ہیں۔ کووڈ۔ 19 کے ڈر سے مسافروں میں نوک جھونک بڑھ سکتی ہے۔ اس لئے کرو ممبران کو ان سب چیزوں کی تربیت دینا لازمی ہے۔


سات سالہ ’جنت‘ کی جنت کو بچانے کی مہم، اسکولی نصاب میں شامل ہوئی کہانی

وادی کشمیر میں کئی خوبصورت جھیلیں موجود ہیں جن کا حسن سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرتا ہے۔ سرینگر میں واقعہ ڈل جھیل خوبصورتی کے لئے سب سے زیادہ مشہور ہے۔ سرینگر جانے والا ہر سیلانی ڈل جھیل کا دیدار ضرور کرتا ہے۔ واضح رہے آلودگی اور دیگر مسائل اس جھیل کا حسن تباہ کر رہے ہیں۔ وادی کشمیر، جسے زمین پر جنت بھی کہا جاتا ہے، اس کے حسن میں چار چاند لگانے والی ڈل جھیل کی خوبصورتی کو بحال کرنے کے لیے ایک سات سالہ جنت نامی کشمیری بچی جدوجہد کر رہی ہے۔

جنت نے ڈل جھیل کو صاف کرنے کی مہم اب سے دو سال قبل شروع کی تھی اور اس وقت وہ محض 5 سال کی تھی۔ جنت کا گھر ڈل جھیل پر بنا ہوا ہے اور یہ اسے بے حد پسند ہے لیکن ڈل میں بڑھتی ہوئی آلودگی اسے دلبرداشتہ کر دیتی تھی، چنانچہ اس نے خود پہل کرتے ہوئے اسے صاف کرنے کا بیڑہ اٹھایا۔ جنت ہر روز اسکول سے آنے کے بعد کشتی میں جھیل پر چلی جاتی ہے اور جس قدر کچرا وہ سمیٹ سکتی ہے، اتنا کچرا جھیل سے نکال لاتی ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق 7 سالہ جنت کی کہانی کو اسکولی نصاب میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس کی کہانی کو حیدرآباد کے اسکول کے نصاب میں شامل کیا گیا ہے۔

کورونا انفیکشن کا اب تک کا سب سے حیرت انگیز معاملہ سامنے آیا

پوری دنیا کے لیے کورونا وائرس ایک بڑا چیلنج بن کر سامنے آیا ہے۔ اس درمیان کورونا کی نئی نئی علامتیں اور اس سے جڑے نئے نئے معاملے سامنے آ رہے ہیں۔ میکسیکو سے ایک ایسا حیران کرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے جسے دیکھ کر ڈاکٹرس بھی حیران ہیں۔ دراصل ایک ساتھ پیدا ہوئے تین بچے کورونا انفیکشن سے متاثر پائے گئے ہیں اور معاملہ کچھ یوں ہے کہ ان کے والدین میں کورونا انفیکشن نہیں ہے۔ ایسا پہلی بار سامنے آیا ہے کہ والدین کے کورونا پازیٹو نہ ہونے کے باوجود پیدا ہونے والے بچے کورونا پازیٹو ہوں۔


قومی آواز کے قارئین و ناظرین سے التماس، اپنا خیال رکھیں سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل کریں، شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔