قومی آواز بلیٹن: دہلی پولس بلاوجہ مسلمانوں کو کر رہی کوارنٹائن، پھر 2 سادھوؤں کا قتل، جماعتیوں کا پلازمہ دینا قابل تعریف

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: یو پی میں 15 دن میں 100 افراد کے قتل پرپرینکا گاندھی کا اظہار تشویش، پوری دنیا میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ 11 ہزار سے تجاوز

user

قومی آوازبیورو

دہلی پولس نے جن مسلمانوں کو پکڑ کر کوارنٹائن کیا، ان کا تبلیغی جماعت سے تعلق نہیں نکلا

کورونا وائرس انفیکشن سے ہندوستان میں سبھی پریشان ہو چکے ہیں۔ اس درمیان ذرائع ابلاغ نے تبلیغی جماعت کے معاملہ کو بھی خوب اچھالا۔ جگہ جگہ سے ان مسلمانوں کو پکڑ کر کوارنٹائن سنٹر میں ڈالا گیا جن کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ تبلیغی جماعت کے اجلاس میں شامل ہوئے یا پھر جماعت سے تعلق رکھتے ہیں۔ دہلی پولس نے یکم اپریل کو شمال مشرقی علاقہ سے 20 مسلمانوں کو تبلیغی جماعت جلسہ میں شامل ہونے کے اندیشہ میں کوارنٹائن سنٹر بھیج دیا۔ ان سبھی کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا اور سبھی کا ریزلٹ نگیٹو آیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میں سے کوئی بھی اجلاس میں شامل نہیں ہوا تھا اور نہ ہی کوارنٹائن میں بھیجے گئے یہ لوگ اجلاس میں شامل کسی دیگر شخص کے بارے میں واقفیت رکھتے تھے۔

قابل ذکر ہے کہ جن مسلم نوجوانوں کو وزیر آباد دہلی پولس ٹریننگ اکیڈمی میں واقع کووڈ-19 کوارنٹائن سنٹر میں رکھا گیا ہے، ان میں سے کم از کم 20 لوگوں کا دو بار کورونا ٹیسٹ ہوا اور وہ نگیٹو پائے گئے۔ ان میں سے تقریباً 8 افراد شاستری پارک میں رہتے ہیں جب کہ بقیہ کا تعلق کھجوری خاص سے ہے۔


بلند شہر میں 2 سادھوؤں کا وحشیانہ قتل

اترپردیش کے ضلع بلند شہر کے انوپ شہر علاقے میں مندر میں سو رہے دو سادھوؤں کا گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنتوش کمار سنگھ نے منگل کو بتایا کہ انوپ شہر، شکارپور شاہراہ پر واقع پگونا گاؤں میں شیو مندر ہے۔ گزشتہ دس سالوں سے علی گڑھ کے 55 سالہ بابا غریب داس عرف جگن داس اور ان کا 35 سالہ شاگرد شیر سنگھ عرف سیوا داس مندر کی دیکھ بھال کرتے تھے۔ پیر کی رات میں دونوں مندر احاطے کے کمرے میں سو رہے تھے۔ صبح جب مقامی افراد پوجا کے لئے مندر گئے تو دونوں کی لاشیں خون میں لت پت پڑی ہوئی دیکھ کر پولیس کو مطلع کیا۔ اطلاع ملنے پر ایس ایس پی سنتوش کمار سنگھ پولیس ٹیم و فورنسک ٹیم کے ساتھ گاؤں پہنچے۔ پولیس نے قتل کے الزام میں ایک شخص مراری کو نشے کی حالت میں گرفتار کیا ہے۔ قتل کی اس واردات سے علاقے میں کافی اشتعال ہے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ دو دن قبل مراری نے سادھو جگدیش داس کا چمٹا غائب کردیا تھا جس لے کر بابا نے اسے برا بھلا کہا تھا اور پھٹکار بھی لگائی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم نشے کا عادی ہے۔

اتر پردیش میں 15 دن میں 100 افراد کا قتل، پرینکا گاندھی کا اظہار تشویش

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے اتر پردیش میں 15 دنوں میں 100 لوگوں کے قتل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان واقعات کی مکمل تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ گزشتہ تین دن میں ریاست میں دو مہاتماؤں سمیت پانچ افراد کا قتل ہوا ہے۔ یہ سارے واقعات سنگین تشویش کے باعث ہیں اور ان کی غیر جانبدارانہ جانچ کی ضرورت ہے۔ پرینکا گاندھی نے نے ٹوئٹ کیا ”اپریل کے پہلے 15 دنوں میں ہی اتر پردیش میں سو افراد کا قتل ہوگیا۔ تین دن پہلے ایٹہ میں پچوری خاندان کے پانچ افراد کی لاشیں مشتبہ حالات میں پائی گئیں۔ کوئی نہیں جانتا ان کے ساتھ کیا ہوا“۔


کورونا متاثرین کو پلازمہ دینا، تبلیغی جماعت کا قابل ستائش قدم: بی جے پی ترجمان کا اعتراف

کچھ روز پہلے تک جو بی جے پی کورونا کے پھیلاؤ کو لے کر تبلیغی جماعت کو برا بھلا کہہ رہی تھی اسی بی جے پی کے ترجمان ظفر اسلام اب تبلیغی جماعت کی تعریف کرتے نظر آ رہے ہیں۔ طفر اسلام نے کہا ہے کہ تبلیغی جماعت کے صحتیاب ہو چکے کورونا متاثرین کی طرف سے کورونا کے دیگر متاثرین کو اس وبا کی زد سے باہر نکالنے کے لئے اپنی مرضی سے اپنا پلازمہ دینے کا فیصلہ عین اسلامی تعلیم کی ترجمانی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی زد میں آنا مکمل طور پر کسی کے ہاتھ میں نہیں ہے لیکن اپنا خون پلازمہ عطیہ کرنا مکمل طور پر متاثرین کا اپنا فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت والوں کے اس قابل ستائش اقدام کو تسلیم کرنا چاہیے، جنہوں نے اپنی مرضی سے اپنا پلازمہ عطیہ کیا۔ اس سے دوسروں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب ملے گی۔

پوری دنیا میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ 11 ہزار سے تجاوز

پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد جہاں ساڑے 30 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے وہیں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ 11 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 56 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور وہاں اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 10لاکھ سے اوپر پہنچ گئی ہے۔ اٹلی میں اموات کی تعداد 26 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ اسپین میں 23 ہزار، فرانس میں 23 ہزار اور برطانیہ میں ساڑے 21 ہزار سے زیادہ ہے۔ سعودی عرب میں متاثرین کی تعداد ساڑے 18 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے اور وہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 144 بتائی جا رہی ہے۔


روزہ و افطار کے تعلق سے حدیث و روایت... (4)

'قومی آواز' کے قارئین کے لیے اس پاکیزہ مہینے میں روزہ و افطار کے تعلق سے ہم روزانہ کچھ حدیث و روایت پیش کر رہے ہیں تاکہ قارئین اس کی اہمیت و افادیت سے روشناس ہو سکیں۔ پیش خدمت ہے اس سلسلہ کی چوتھی قسط...

حضرت زید بن خالد جہنیؓ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو شخص کسی روزے دار کو افطار کرائے تو روزے دار کے ثواب میں سے کچھ کمی کیے بغیر افطار کرانے والے کو اتنا ہی اجر وثواب ملے گا، جتنا روزے دار کو ملے گا۔ (ترمذی،ابن ماجہ)

اس حدیث میں غور کرنے والی بات یہ ہے کہ مطلقاً کسی بھی شخص کو افطار کرانے کی بات کہی گئی ہے، اس کے لئے غرباء ومساکین کی تخصیص نہیں ہے۔

قومی آواز کے قارئین سے ضروری گزارش، لاک ڈاؤن کے ضابطوں کی پابندی کریں۔ شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔