قومی آواز بلیٹن: ہندوستان میں 15 اگست تک ہوں گے 3 کروڑ کورونا مریض! سعودی میں اب کمسن مجرموں کو نہیں ہوگی پھانسی

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: راہل گاندھی نے کہا ’کورونا ریپڈ ٹیسٹ کِٹ‘ پر منافع خوری کو ہندوستان معاف نہیں کرے گا؛ پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 30 لاکھ سے تجاوز

user

قومی آوازبیورو

’کورونا ریپڈ ٹیسٹ کِٹ‘ پر منافع خوری کو ہندوستان معاف نہیں کرے گا: راہل گاندھی کا انتباہ

انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کو فروخت کی گئی کووڈ-19 ریپڈ ٹیسٹ کِٹ میں منافع خوری کے انکشاف کے بعد کانگریس رہنما راہل گاندھی نے حکومت کے سامنے چبھتا ہوا سوال کیا ہے۔ راہل گاندھی نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ "جب پورا ملک کووڈ-19 وبا سے لڑ رہا ہے، تب بھی کچھ لوگ نامناسب طریقے سے منافع کمانے سے باز نہیں آئے۔ اس بدعنوان ذہنیت پہ شرم آتی ہے، گھن آتی ہے۔"

اس کے علاوہ راہل گاندھی نے اس معاملے میں وزیر اعظم مودی سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا ہے کہ "ہم پی ایم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان منافع خوروں پر جلد ہی سخت کارروائی کی جائے۔ ملک انھیں کبھی معاف نہیں کرے گا۔"

غور طلب ہے کہ چین سے درآمد کووڈ-19 ریپڈ ٹیسٹ کِٹ کو لے کر اس کے ڈسٹریبیوٹر اور امپورٹر کے درمیان مقدمہ بازی ہو گئی ہے اور دونوں دہلی ہائی کورٹ چلے گئے تھے۔ لیکن اس مقدمہ بازی سے یہ حیران کرنے والا انکشاف ہوا ہے کہ آئی سی ایم آر کو فروخت کی گئی اس کِٹ میں بہت موٹا منافع کمایا گیا ہے۔

کیا ہندوستان میں 15 اگست تک 3 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے کورونا مریضوں کی تعداد؟

ہندوستان میں کورونا متاثرین کی تعداد لگاتار بڑھ رہی ہے اور متاثرین کی تعداد 28 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ 25 اپریل کو تھوڑی راحت ضرور ملی تھی جب متاثرہ مریضوں کی تعداد اتنی تیزی سے نہیں بڑھی تھی لیکن 26 اپریل کو ایک بار پھر پازیٹو کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ درج کیا گیا۔ اس دن 1945 نئے معاملے سامنے آئے۔ جن ستا نیوز پورٹل میں شائع خبر کے مطابق مرکزی حکومت نے اندازہ لگایا ہے کہ 15 مئی تک ملک میں کووڈ-19 کے 65000 معاملے ہو سکتے ہیں۔

حالانکہ مریضوں کی تعداد دوگنی ہونے کی رفتار میں کمی آئی ہے اور اب 10 سے 12 دن لگ رہے ہیں ۔ اگر اس رفتار سے بھی تعداد بڑھتی ہے تو 15 اگست تک پازیٹو کیسز کی تعداد 2.74 کروڑ پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ جون کے آخر میں ہر دن تقریباً ایک لاکھ کیس سامنے آ سکتے ہیں۔ ہندی نیوز پورٹل 'جن ستّا' میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق یہ اندازہ کابینہ سکریٹری راجیو گابا کی صدارت میں 26 اپریل کو نئی دہلی میں ہوئی ایک میٹنگ کے دوران حکومت کی جانب سے ظاہر کیا گیا ہے۔ اس میٹنگ میں سبھی ریاستوں کے چیف سکریٹریز شامل تھے۔


خاتون صحافی میں کورونا کی تصدیق سے افرا تفری، تین اہل خانہ بھی اسپتال میں داخل

اترپردیش کے ضلع اناؤ میں اتوار کی شام ایک خاتون صحافی کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ذرائع نے پیر کو بتایا کہ اناؤ۔کانپور سرحد کے قریب مدنی نگر کے گھنٹہ گھر کی رہنے والی ایک خاتون صحافی کو کانپور میں کووڈ ۔19 اسپتال میں علاج کے لئے داخل کرایا گیا ہے۔ صحافی کے کنبے کے دیگر تین افراد کو بھی کانپور اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہیں کوارنٹائن میں رکھا گیا ہے اور ان کے نمونے جانچ کے لئے بھیج دئےگئے ہیں۔

سعودی عرب میں کوڑے کی سزا کے بعد کمسن مجرموں کو پھانسی دینے کی سزا بھی ختم

اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوق اطفال پر دستخط کے بعد اب سعودی عرب میں کم عمری میں جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو پھانسی کی سزا نہیں دی جائے گی۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی طرف سے یہ اعلان ملک میں کوڑوں کی سزا ختم کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔ واضح رہے سعودی عرب کا انسانی حقوق کا ریکارڈ دنیا میں بُرا سمجھا جاتا ہے۔شاہی فرمان کے مطابق ان کیسز میں کم عمری میں جرم کا ارتکاب کرنے والوں کی پھانسی کی سزا کو زیادہ سے زیادہ 10 سال کی سزا میں تبدیل کر دیا گیا ہے جس کی میعاد کمسن مجرمین بچوں کے حراستی مراکز میں گزاریں گے۔


پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 30 لاکھ سے تجاوز

امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 55 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور وہاں اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ساڑے نو لاکھ سے اوپر پہنچ گئی ہے۔ اٹلی میں اموات کی تعداد 26 ہزار سے زیادہ ہےجبکہ اسپین میں 23 ہزار، فرانس میں 22 ہزار اور برطانیہ میں ساڑے 20 ہزار سے زیادہ ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق ایران میں کورونا متاثرین کی تعداد 90 ہزار ہے اور وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5710 ہو گئی ہے۔ سعودی عرب میں متاثرین کی تعداد 17 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے اور وہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 139 بتائی جا رہی ہے۔

روزہ و افطار کے تعلق سے حدیث و روایت... (3)

'قومی آواز' کے قارئین کے لیے اس پاکیزہ مہینے میں روزہ و افطار کے تعلق سے ہم روزانہ کچھ حدیث و روایت پیش کر رہے ہیں تاکہ قارئین اس کی اہمیت و افادیت سے روشناس ہو سکیں ۔ پیش خدمت ہے اس سلسلہ کی تیسری قسط...

بیشتر گھروں میں روزہ کھولنے کے لیے کھجور کا استعمال ہوتا ہے اور کھجور سے روزہ کھولنا سنت نبوی ہے۔ اس سلسلے میں حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (مغرب کی) نماز سے پہلے چند تر کھجوروں سے روزہ افطار فرماتے تھے۔ اگر تر کھجوریں بروقت میسر نہ ہوتیں تو خشک کھجوروں (چھوہاروں) سے افطار فرماتے تھے اور اگر خشک کھجوریں بھی نہ ہوتیں تو چند گھونٹ پانی پی لیتے تھے۔ (ترمذی)

کھجور سے روزہ افطار کرنے میں یہ حکمت پوشیدہ ہے کہ کھجور غذائیت سے بھرپور پھل ہے اور اس سے جسمانی توانائی حاصل ہوتی ہے۔


قومی آواز کے قارئین سے ضروری گزارش، لاک ڈاؤن کے ضابطوں کی پابندی کریں۔ شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔